فرشتوں نے سورہ یٰسین سن کر کہا: وہ زبانیں کتنی خوش نصیب ہونگی جو اسے پڑھیں گی!
EPAPER
Updated: November 17, 2023, 1:00 PM IST | Mufti Nadeem Ahmed Ansari | Mumbai
فرشتوں نے سورہ یٰسین سن کر کہا: وہ زبانیں کتنی خوش نصیب ہونگی جو اسے پڑھیں گی!
بائیسویں پارے کے آخر میں شروع ہونے والی سورہ یٰسین میں اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرتِ کاملہ اور حکمتِ بالغہ کی وہ نشانیاں بیان فرمائی ہیں جو نہ صرف پوری کائنات میں بلکہ خود انسان کے اپنے وجود میں پائی جاتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کے ان مظاہر سے ایک طرف یہ بات واضح ہوتی ہے کہ جو ذات اتنی قدرت اور حکمت کی مالک ہے اس کو اپنی خدائی کا نظام چلانے کیلئے نہ کسی شریک کی ضرورت ہے نہ کسی مددگار کی، اس لئے وہ اور صرف وہ عبادت کے لائق ہے۔ دوسری طرف قدرت کی ان نشانیوں سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ جس ذات نے یہ کائنات اور اس کا محیر العقول نظام پیدا فرمایا ہے، اس کے لئے یہ بات کچھ بھی مشکل نہیں ہے کہ وہ انسانوں کے مرنے کے بعد انہیں دوسری زندگی عطا فرمائے۔ اس طرح قدرت کی ان نشانیوں سے توحید اور آخرت کا عقیدہ واضح طور پر ثابت ہوجاتا ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ لوگوں کو یہی دعوت دینے کیلئے تشریف لائے کہ وہ ان نشانیوں پر غور کرکے اپنا عقیدہ اور عمل درست کریں ، اس کے باوجود اگر کچھ لوگ اس دعوت کو قبول نہیں کررہے ہیں تو وہ اپنا ہی نقصان کررہے ہیں ؛ کیوں کہ اس کے نتیجے میں وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب کے مستحق بن رہے ہیں ۔ اسی سلسلے میں آیت نمبر ۱۳؍سے۲۹؍ تک ایک ایسی قوم کا واقعہ ذکر فرمایا گیا ہے جس نے حق کی دعوت کو قبول نہیں کیا بلکہ حق کے داعیوں کے ساتھ ظلم و جبر کا معاملہ کیا، جس کے نتیجے میں حق کے داعی کا انجام تو بہترین ہوا، لیکن حق کے یہ منکر اللہ تعالیٰ کے عذاب کی پکڑ میں آگئے۔ اس سورہ میں اسلام کے بنیادی عقائد کو بڑے فصیح وبلیغ اور جامع انداز میں بیان فرمایا گیا ہے ۔ (توضیح القرآن)
سورۂ یٰسین کے مختلف نام اور برکت
حضرت عائشہ ؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: قرآن میں ایک سورہ ہے جسے اللہ کے نزدیک ’عظیمہ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، اس کے پڑھنے والے کو اللہ تعالیٰ کے ہاں ’شریف‘ کہا جاتا ہے، اسے پڑھنے والا قیامت کے دن ربیعہ اور مضر (قبیلوں ) سے زائد افراد کی سفارش کرے گا، اور وہ سورہ یٰسین ہے۔(تفسیر درِ منثور) حضرت صہیب سے روایت ہے: توراۃ میں ایک سورہ ہے جس کو عزیزہ، اور اس کے پڑھنے والے کو عزیز کہا گیا ہے، وہ یٰسین ہے۔ (کنزالعمال)
ایک روایت میں ہے کہ سورہ یٰسین اپنے پڑھنے والے کو دنیا و آخرت کی کامیابی دلانے والی، اور اس سے دنیا و آخرت کی مشقت و مصیبت دور کرنے والی، آخرت کی ہولناکیوں کو دفع کرنے والی ہے۔ اسی کو ’دافعہ‘ اور ’قاضیہ‘ بھی کہا گیا ہے، اس لئے کہ یہ اپنے پڑھنے والے سے ہر برائی اور تکلیف کو دور کرتی ہے ۔ جو اسے پڑھے یہ اس کے لئے دس حج کے برابر ہوگی، جو اس کو محض سنے، یہ اس کے لئے ہزار دینار راہِ خدا میں دینے کے برابر ہوگی، جو اسے لکھ کر اس کا پانی پئے اس کے شکم میں ہزار بیماریوں کی دوائیں ، ہزار نور، ہزار یقین ، ہزار برکات اور ہزار رحمتیں داخل ہوجائیں گی۔ (کنزالعمال)
ہر انسان کے دل میں یٰسین ہو
حضرت ابن عباسؓسے روایت ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا : میں اس بات کو پسند کرتا ہوں کہ میری امت کے ہر انسان کے دل میں سورہ یٰسین ہو۔(تفسیر درِ منثور)
قرآن کا دل سورہ یٰسین
حضرت انسؓسے روایت ہے،رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہر چیز کا ایک دل ہوتا ہے، اور قرآن کا دل سورہ یٰسین ہے، جو اسے ایک مرتبہ پڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لئے دس مرتبہ قرآن پڑھنے کا اجر لکھ دیتا ہے۔(ترمذی)
سورۂ یٰسین بہترین امت کیلئے
حضرت ابوہریرہؓروایت کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بے شک! اللہ نے آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے سے ایک ہزار سال پہلے سورہ طٰہٰ اور سورہ یٰسین کو پڑھا تھا، جب فرشتوں نے قرآن سنا تو کہا: وہ امت کتنی خوش نصیب ہے جس پر یہ سورتیں نازل ہوں گی، اور وہ ذہن کتنے خوش نصیب ہیں جن میں یہ سمائیں گی، اور وہ زبانیں کتنی خوش نصیب ہوں گی جو انہیں پڑھیں گی۔(دارمی)
رات اور دن میں سورہ یٰسین کی فضیلت
حضرت ابوہریرہؓبیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺنے فرمایا: جو شخص اللہ کی رضا حاصل کرنے کیلئے رات کے وقت سورہ یٰسین پڑھے گا، اسی رات اس کی مغفرت کردی جائے گی۔ (دارمی) عطا بن ابی رباحؒ بیان کرتے ہیں ؛ مجھے یہ پتا چلا کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: جو شخص دن کے آغاز میں سورہ یٰسین پڑھے گا، اس کی اس دن کی تمام ضروریات پوری کر دی جائیں گی۔ (دارمی) حضرت ابن عباسؓفرماتے ہیں : جو شخص سورہ یٰسین پڑھے گا اسے دن بھر، شام تک آسانی نصیب ہوگی، اور جو شخص رات کے وقت پڑھے گا، اسے رات بھر، صبح تک آسانی نصیب ہوگی۔ (دارمی)
موت کے وقت سورہ یٰسین پڑھنا
حضرت معقل بن یسار سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : تم اپنے مرنے والوں پر (موت کے وقت) یہ سورۃ یعنی یٰسین پڑھا کرو۔ (ابوداؤد)
جمعہ کو سورہ یٰسین پڑھنے کی فضیلت
حضرت ابو ہریرہؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے جمعہ کی رات میں سورہ یٰسین کی تلاوت کی، وہ بخش دیا گیا۔ (الترغیب و الترہیب اصبہانی) حضرت ابن عباسؓسے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے جمعہ کے دن سورہ یٰسین اور سورہ صافات پڑھیں ، پھر اللہ سے مانگا، اس کو ضرور عطا کیا جائےگا۔ (کنزالعمال)