آئین کو عزیز رکھنا اپنے جمہوری ہونے کا اعلان ہے، یہ اعلان کسی جبر کے بغیر ازخود کیا جانا چاہئے،یہ تب ہوگا جب ہم آئین کی اہمیت اور افادیت کو کسی شک و شبہ کے بغیر سمجھیں گے۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 2:06 PM IST | Muhammad Aamir Afaq | Mumbai
آئین کو عزیز رکھنا اپنے جمہوری ہونے کا اعلان ہے، یہ اعلان کسی جبر کے بغیر ازخود کیا جانا چاہئے،یہ تب ہوگا جب ہم آئین کی اہمیت اور افادیت کو کسی شک و شبہ کے بغیر سمجھیں گے۔
۲۶؍ نومبر کا دن ہندوستانی جمہوریت کی روح میں اس طرح روشن ہے جیسے صبحِ آزادی کی پہلی کرن۔ یہی وہ دن ہے جب دستور ساز اسمبلی نے ۱۹۴۹ء میں ایک ایسی دستاویز کو اپنی اجتماعی دانش اور قومی عزم کے ساتھ منظوری دی تھی جس نے اس نو آزاد ملک کی تقدیر بدل دی۔ آئین ایک بظاہر مختصر سا لفظ ہے مگر اپنے اندر پوری تہذیب، قوم اور انسانی حرمت کا پیغام لئے ہوئے ہے۔ یہ آج بھی اتنی ہی معنویت رکھتا ہے جتنی اُس لمحے جب اسے تاریخ کے کاندھے پر رکھ کر نئی جمہوری صبح کا آغاز کیا گیا تھا۔
یومِ آئین محض ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ خود احتسابی کا دن ہے، شعور کی بیداری کا موقع ہے، اور ان بنیادی اقدار سے نئے پیمانے پر جڑنے کا لمحہ ہے جو ہندوستان کی جمہوری عمارت کے ستون ہیں۔ جب ہم اس دن آئین کی بات کرتے ہیں تو درحقیقت ہم اس نظریے کو خراج پیش کر رہے ہوتے ہیں جس نے ایک مذہبی، لسانی، تہذیبی اور جغرافیائی تنوع والے خطّے کو ایک مشترکہ قومی رشتے میں باندھ دیا۔
ہندوستانی آئین کے سفر کی ابتدا آزادی کے بعد نہیں، بلکہ اس سے بہت پہلے ہو چکی تھی۔ ۱۹۵۷ء کی جنگ آزادی نے ہندوستانیوں میں خود مختاری کی جو چنگاری روشن کی، اس نے آئینی شعور کو جنم دیا۔ اُس کے اثرات گہرے اور دور رس تھے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ہندوستان نے اپنی اجتماعی پہچان کی بابت سوچنا شروع کیا۔ اس کے بعد ۱۸۹۲ء کی آئینی اصلاحات نے سیاسی شرکت کی ایک محدود مگر قابلِ قدر صورت سامنے رکھی۔ ۱۹۱۹ء کی اصلاحات نے بحث و مباحثے اور نمائندگی کے نئے دروازے کھولے، اور۱۹۳۵ء کے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ نے ہندوستانیوں کی سیاسی تربیت میں اہم کردار ادا کرنے والا آئینی خاکہ پیش کیا۔
یہ تمام مراحل آزادی کے بعد دستور ساز اسمبلی کی تشکیل کا پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ ۹؍ دسمبر۱۹۴۶ء کو جب اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تو یہ محض ایک ادارے کا اجتماع نہیں تھا بلکہ ہندوستانی تاریخ کا وہ فیصلہ کن موڑ تھا جہاں سے ایک نئے ہندوستان کی کہانی شروع ہونے والی تھی۔ ۲۹۹؍ اراکین پر مشتمل یہ اسمبلی ملک کی گوناگوں شناختوں کا عکس تھی، مذاہب، زبانوں، خیالات، جغرافیائی خطوں اور ثقافتوں کا ایک ایسا امتزاج جو خود ہندوستان کی مکمل نمائندگی کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:صنعتکاروں پر مودی کی برہمی کتنی درست؟
ڈاکٹر راجندر پرساد نے اس اسمبلی کی صدارت کی، اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر،جنہیں بجا طور پر آئین کا معمار کہا جاتا ہے،ڈرافٹنگ کمیٹی کے سربراہ تھے۔ ان کی فکری گہرائی، آئینی بصیرت اور انسانی حقوق پر مبنی سوچ نے آئین کی روح میں وہ وسعت، شفافیت اور توازن پیدا کیا جسے آج دنیا تسلیم کرتی ہے۔ تین برس تک جاری رہے مباحثوں، ہزاروں ترمیمات اور دنیا بھر کے آئینوں کے تنقیدی مطالعے کے بعد جو مسودہ تیار ہوا، وہ قانونی دفعات کا مجموعہ نہیں تھا بلکہ ایسے سماج کا خواب تھا جس میں ہر فرد کو عزت، انصاف اور آزادی میسر ہو۔
۲۶؍ نومبر ۱۹۴۹ء کو جب آئین منظور ہوا، تو یہ ہندوستانی تاریخ کا نیا جنم تھا۔ ۲۶؍ جنوری۱۹۵۰ء کو جب آئین نافذ ہوا، تب ہندوستان محض ایک آزاد ملک نہیں رہا بلکہ ایک جمہوری جمہوریہ بن گیا، ایک ایسی جمہوریت جہاں اقتدار عوام کا ہے، عوام کے لئے ہے اور عوام کے ذریعے استعمال ہوتا ہے۔ یہ جمہوریت نہ کسی شاہی فرمان سے ملی، نہ کسی بیرونی حکومت کی عطا تھی، یہ ہندوستانی ذہن، ہندوستانی فکر اور ہندوستانی جدوجہد کی پیداوار تھی۔
آئین ہند کی سب سے بڑی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ اپنی ساخت میں مضبوط ہے مگر اپنی روح میں لچک رکھتا ہے۔ یہ نہ جامد ہے کہ زمانہ اس سے آگے بڑھ جائے، نہ اتنا نرم کہ وقت کی آندھیاں اسے بہا لے جائیں۔ اس میں سختی بھی ہے اور نرمی بھی۔اور یہی امتزاج اسے زندہ رکھتا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کا تحفظ اس کی نظریاتی بنیاد ہے، جبکہ ترمیمات کا دروازہ اسے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا رہتا ہے۔
آئین کی تمہید (پریامبل) میں درج الفاظ (خود مختار، سوشلسٹ، سیکولرجمہوریہ( صرف الفاظ نہیں وہ بنیادیں ہیں جن پر ہندوستانی معاشرہ کھڑا ہے اور یہ ملک سب کا ہے ،سب کے ذریعے ہے، اور سب کیلئے ہے، یہاں کوئی چھوٹا، کوئی بڑا نہیں، سب برابر ہیں۔
آئین کا حصہ سوم بنیادی حقوق کی صورت میں شہریوں کو جس وقار اور تحفظ کا احساس دیتا ہے، وہ دنیا کی بہترین جمہوریتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ مساوات کا حق بتاتا ہے کہ کسی شخص کی حیثیت اس کی ذات، مذہب، زبان یا جنس کی بنیاد پر کم نہیں کی جا سکتی۔ آزادی کا حق شہری کے سوچنے، بولنے، لکھنے، عبادت کرنے اور اپنی شخصیت کو فروغ دینے کی ضمانت ہے۔ مذہبی آزادی ہندوستان کی تکثیری روح کا تحفظ کرتی ہے۔ ثقافتی و تعلیمی حقوق مختلف زبانوں اور تہذیبوں کو تحفظ دیتے ہیں۔ آئینی علاج کا حق عدلیہ کو وہ قوت دیتا ہے جس سے وہ حکومت کے غلط فیصلوں کو بھی روک سکتی ہے۔
آئین نہ صرف حقوق دیتا ہے، بلکہ ذمہ داریاں بھی سونپتا ہے۔ ۴۲؍ویں ترمیم کے ذریعے شامل کیے گئے بنیادی فرائض شہریوں کو یاد دلاتے ہیں کہ ملک کی ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کا کام ہے۔ قومی پرچم کا احترام، دستور کی پاسداری، عوامی املاک کی حفاظت، اور بھائی چارے کا فروغ،یہ سب وہ اصول ہیں جن پر ایک مہذب سماج کی بنیاد قائم ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اس ہفتے بلقیس کیس، غیر ملکی صحافیوں پر ویزہ پابندی اخبارات کا موضوع رہے
وفاقی ڈھانچہ ہندوستان کے تنوع پر مبنی وحدت کا ثبوت ہے۔ مرکز اور ریاستوں کے درمیان اختیارات کی تقسیم اس وسیع و عریض ملک میں کارکردگی اور جواب دہی دونوں کو بہتر بناتی ہے۔ یہ ڈھانچہ اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ ہندوستان کی وحدت اس کی تنوع میں پوشیدہ ہے، اور یہی تنوع اس پلیٹ فارم پر یکجا ہوتا ہے جس کا نام آئین ہے۔
عدلیہ کی آزادی آئین کا ایسا ستون ہے جس پر جمہوریت کا انحصار ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس نہ صرف انصاف فراہم کرتی ہیں بلکہ آئینی اقدار کی محافظ بھی ہیں۔ اگر کبھی کوئی قانون بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرے تو یہی عدلیہ ہے جو اسے روکتی ہے، اسے کالعدم قرار دیتی ہے اور آئین کی روح کو زندہ رکھتی ہے۔
یومِ آئین ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت صرف ووٹ دینے کا نام نہیں، بلکہ ایک طرزِ فکر کا نام ہے۔ جمہوریت میں اختلاف رائے دشمنی نہیں بلکہ ترقی کا ذریعہ ہوتا ہے۔ قانون کی بالا دستی محض کتابی جملہ نہیں بلکہ معاشرتی نظم کا ستون ہے۔ قومی یکجہتی محض نعرہ نہیں بلکہ ایک معاشرتی ذمہ داری ہے۔ آئین ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ تنوع میں اتحاد ممکن ہے، اور اتحاد میں ترقی۔ آج کے دور میں ٹیکنالوجی، مواصلات، عالمی سیاست، معیشت ان سب کی رفتار بدلی ہے۔ ان تبدیلیوں کے بیچ اگر کوئی عنصر مستقل رہتا ہے تو وہ آئینی شعور ہے۔ جتنا ہم آئین کو سمجھیں گے، اتنا ہی مضبوط، معتبر اور ترقی یافتہ قوم بنتے جائینگے۔ آئین وہ روشنی ہے جو راستہ بھی دکھاتی ہے اور منزل کی سمت بھی متعین کرتی ہے۔
یومِ آئین تقاضا کرتا ہے کہ ہم اس عظیم دستاویز کو کتاب نہ سمجھیں۔ یہ ایک عہد ہے، ایک وعدہ ہے، ایک ذمہ داری ہے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ حقوق کا حصول آسان ہے مگر ذمہ داریوں کا نبھانا اصل امتحان ہے۔ اگر ہم اپنے آئین کے سچے محافظ بن جائیں تو نہ صرف ملک کی جمہوری بنیادیں مضبوط ہوں گی بلکہ آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوں گی۔ n
آئین کے سفر کی ابتدا آزادی سے پہلے ہوچکی تھی
ہندوستانی آئین کے سفر کی ابتدا آزادی کے بعد نہیں، بلکہ اس سے بہت پہلے شروع ہو چکی تھی۔ ۱۹۵۷ء کی جنگ آزادی نے ہندوستانیوں میں خود مختاری کی جو چنگاری روشن کی، اس نے آئینی شعور کو جنم دیا۔ اُس کے اثرات گہرے اور دور رس تھے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ہندوستان نے اپنی اجتماعی پہچان کی بابت سوچنا شروع کیا۔ اس کے بعد ۱۸۹۲ء کی آئینی اصلاحات نے سیاسی شرکت کی ایک محدود مگر قابلِ قدر صورت سامنے رکھی۔ ۱۹۱۹ء کی اصلاحات نے بحث و مباحثے اور نمائندگی کے نئے دروازے کھولے، اور۱۹۳۵ء کے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ نے ہندوستانیوں کی سیاسی تربیت میں اہم کردار ادا کرنے والا آئینی خاکہ پیش کیا۔یہ تمام مراحل آزادی کے بعد دستور ساز اسمبلی کی تشکیل کا پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ ۹؍ دسمبر۱۹۴۶ء کو جب اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تو یہ محض ایک ادارے کا اجتماع نہیں تھا بلکہ ہندوستانی تاریخ کا وہ فیصلہ کن موڑ تھا جہاں سے ایک نئے ہندوستان کی کہانی شروع ہونے والی تھی۔
(مضمون نگار مولانا ابوالکلام آزاد جونیئر کالج، گاندھی باغ، ناگپور، مہاراشٹر سے بحیثیت معلم وابستہ ہیں)