راہل گاندھی نے، جو امریکہ کے دورہ پر تھے، ایک بار پھر قومی معیشت کی خستہ حالی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم تیزی سے سنگین معاشی بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 2:00 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
راہل گاندھی نے، جو امریکہ کے دورہ پر تھے، ایک بار پھر قومی معیشت کی خستہ حالی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم تیزی سے سنگین معاشی بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے، جو امریکہ کے دورہ پر تھے، ایک بار پھر قومی معیشت کی خستہ حالی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم تیزی سے سنگین معاشی بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے اس طرح خبردار کیا ہو۔ کئی موقعوں پر خواہ وہ لوک سبھا میں اظہار خیال کے دوران ہو یا سیاسی و انتخابی ریلیوں میں یا روزمرہ کے بیانات میں، راہل تسلسل کے ساتھ ملک کی معیشت پر ناقدانہ تبصرہ کررہے ہیں۔ حکومت کا طرز عمل ہر حصولیابی کی تشہیر پر مبنی تھا۔ اس کیلئے کسی سہ ماہی کی شرح نمو کا بڑھ جانا بھی جشن منانے کا موقع تھا۔ معیشت کی خامیوں پر پردہ ڈالنے کی یہ کوشش زیادہ عرصہ تک کامیاب نہیں ہوسکتی تھی اور کبھی نہ کبھی حکومت کو تسلیم و اعتراف کی منزل میں آنا ہی تھا، سو پہلی بار وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو اعلیٰ صنعتکاروں کی تنظیم فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فِکِّی) کے جلسے میں صنعتکاروں کے خلا ف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ یہ الگ بات ہے اور اپنے آپ میں خلافِ معمول ہے کہ وزیر اعظم نے جن الفاظ اور انداز میں ناراضگی کا اظہار کیا وہ نہ تو اُن کے منصب کے شایاں ہے نہ ہی ملک کے ممتاز صنعتکاروں کے شایاں۔ الفاظ کا انتخاب بہتر ہوسکتا تھا جو نہیں ہوا مگر یہ پہلا موقع ہے جب مودی نے ایسی برہمی دکھائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ اور روہنگیا
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت معاشی حالات کے پیش نظر خاصی پریشان ہے اور اُسے باہر نکلنے کا راستہ سوجھ نہیں رہا ہے۔ یو پی اے کے دور میں بی جے پی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت پر پالیسی پیرالیسس (پالیسیوں کا مفلوج ہونا) کا الزام عائد کیا کرتی تھی مگر موجودہ دور میں پتہ چلا رہا ہے کہ حکومت کی کوئی پالیسی ہی نہ ہو کبھی ایسا بھی ہوسکتا ہے، جبکہ معیشت کو خارجی چیلنجوں ہی کا نہیں داخلی چیلنجوں کا بھی سامنا ہے۔ خارجی چیلنجوں میں روپے کی گھٹتی قدر ہے، تیل کی مہنگائی ہے، امریکی ٹیرف کی دھاندلی ہے، شیئر مارکیٹ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بے تحاشا پیسہ نکالنا ہے اور بڑھتا بین الاقوامی تجارتی خسارہ ہے۔ داخلی چیلنجوں میں بے روزگاری اور مہنگائی کی سنگینی ہے، آٹومیشن (خود کار مشینوں) کے سبب کم ہوتے روزگاری مواقع ہیں، مینوفیکچرنگ کی زبوں حالی ہے، زرعی شعبےکی دُر دَشا ہے اور معاشی غیر یقینی کا عوام میں بڑھتا احساس ہے جو ڈیمانڈ اور سپلائی کے توازن کو بگاڑ رہا ہے۔ مودی حکومت شاید یہ سمجھ گئی ہے کہ چھوٹی چھوٹی حصولیابیوں کی تشہیر سے اصل صورتحال کو ڈھانپنا ممکن نہیں رہ گیا ہے اس لئے وزیر اعظم نے صنعتکاروں کو کھری کھری سنائی مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ صنعتکاروں کی غلطی ہے یا صنعتکاروں کی ناقص کارکردگی کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے ہے؟ اگر اس کیلئے حکومتی پالیسیاں ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ سو فیصد کوتاہی صنعتکاروں ہی کی ہے تب بھی پوچھا جانا چاہئے کہ صنعتی و کاروباری پیداوار مقررہ ہدف کے مطابق نہیں تھی تو حکومت نے چیمبرس آف کامرس سے وابستہ تجارتی و کاروباری اداروں سے سوال کیوں نہیں کیا؟ اُن کا سال بہ سال احتساب کیوں نہیں کیا؟انہیں مراعات دی گئی تھیں تو اُن سے باز پرس بھی ہونی چاہئے تھی۔ کیا یہ بھی حکومت ہی کی غفلت نہیں ہے؟