Inquilab Logo Happiest Places to Work

رسول اللہ ﷺ سے نسبت و تعلق کے تقاضے اور تحفظ ِ ناموسِ رسالت

Updated: September 28, 2023, 10:35 AM IST | Gulam Mustafa Rizvi | Mumbai

عہدِ رواں میں ناموسِ رسالت ﷺ میں بے ادبی و توہین روز مرّہ کا معمول بن چکی ہے، مقتضائے وقت ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ سے مسلمانوں کو قریب کیا جائے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کبھی مستشرقین کی جانب سے توہین رسالت کی جاتی ہے

The love of the Prophet (PBUH) is a great force. Photo. INN
محبت ِ رسولؐ ایک عظیم قوت ہے۔ تصویر:آئی این این

عہدِ رواں میں ناموسِ رسالت ﷺ میں بے ادبی و توہین روز مرّہ کا معمول بن چکی ہے، مقتضائے وقت ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ سے مسلمانوں کو قریب کیا جائے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کبھی مستشرقین کی جانب سے توہین رسالت کی جاتی ہے، کبھی اسلاموفوبیا کے زیر اثر کوئی حرکت ہوتی ہے، تو کبھی فن اور آرٹ کے نام پر کارٹونسٹ تشدد بھرا اعلان کردیتے ہیں ۔ کبھی آزادیٔ اظہار کے نام پر جرأت کی جاتی ہے۔ کیا آزادی اِسی کا نام ہے کہ جھوٹی باتیں روشن سیرتوں سے منسوب کی جائیں ؟ منور ذات سے متعلق غلط بیانی کی جائے؟ یہ اور ایسے تمام واقعات اور معاملات کو سامنے رکھئے اور غور کیجئے کہ اگر ہم نے اپنی نسلوں کے اندر محبت رسولؐ کا جذبہ راسخ نہیں کیا تو کل اِس سے زیادہ ناگفتہ بہ حالات کا خدشہ اور ایمان کی بربادی کا اندیشہ ہے۔
سیرت سے متعلق ذمہ داری: سیرتِ طیبہ سے نسبت و تعلق کے تقاضوں کی بجا آوری میں کمی بھاری غلطی ہے؛ جس کا خمیازہ نسلوں کو ادا کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ نظامِ تعلیم میں بھی دین سے دوری کا بہت کچھ مواد شامل ہے۔ دہریت، لا اَدریت اور آزاد روی کی لہر نے دین بیزار فکر کو رواج دیا ہے۔ ایسے میں گھروں میں دینی ماحول کی پرورش، بچوں کی دینی تربیت، سیرتِ مصطفیٰ ؐ کا لازمی مطالعہ، سیرت سے متعلق مستند لٹریچرز کا انتخاب، عظمت ِ رسالت کے پہلوؤں کا خصوصی مطالعہ تا کہ دل میں محبت و تعظیم رسولؐ کا نقش جمے، یوں ہی ایسے معمولات بھی رواج دیئے جائیں جن کی بنیاد پر رسولؐ کریم سے تعلق میں پختگی آئے تا کہ نسبتوں کی بہاریں خزاں کے جھونکوں سے متاثر نہ ہو سکیں ۔
جذبات کی سمت: قوم بڑی جذباتی ہے۔ کبھی شورش کے وقت بیدار ہو کر مناسب اور کبھی غیر مناسب اقدام کرتی ہے پھر خوابِ غفلت میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ ایسے حالات میں عقل و عشقِ رسول میں باہم ربط ضروری ہے۔ مثال سامنے ہے گستاخوں کے خلافِ اسلام بیانات، سیرت مخالف ریمارک سے متعلق وقتی احتجاج درج کروائے گئے۔ نہ ہی ہم نے کوئی ٹھوس اقدام کیا، نہ ہی قانونی معاملات میں سنجیدہ پیش رفت کی، اس بابت کمیاں یہ رہیں :
(۱) قانونی معاملات سے پہلو تہی اِس لئے ہوئی کہ وہ صبر آزما مرحلہ ہے، ہم سے مستقل پیش رفت نہیں ہوتی۔
(۲) بلکہ شاتمین کی توہین پر ملک کے درجنوں مقامات پر درج ایف آئی آر سے متعلق بے اعتنائی رہی۔ اس درمیان شاتمین عالمی صہیونی طاقتوں کے زیر اثر اپنے لئے ماحول سازی میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ بعد کو معاملہ تعطل کا شکار رہتا ہے-
(۳) جدوجہد بھی صبح تا شام، اگر ان میں صبر، دوام، استقرار ہوتا، اسلاف کی طرح ہم مستقل و منظم و پُر امن جدوجہد جاری رکھتے تو شاید اقتدار جھکنے پر مجبور ہوتا، لیکن لمحاتی کوشش کا اختتام جھوٹے اعلانات پر ہوتا ہے، تسلی و تشفی کے دوبول پر قوم پھسل جاتی ہے۔ دوسری سمت ایسا بھی ہوا کہ جمہوری و پُر امن جدوجہد کو آمریت نما طرز عمل سے کچل دیا گیا اور درجنوں افراد زنداں کی تاریک وادیوں میں ڈھکیل دیئے گئے۔
میلاد مصطفیٰ ﷺ اعادۂ عہد کا لمحہ: الحمدللہ! ہمیں پھر اللہ کے پیارے محبوب ﷺ کا یومِ ولادت منانے کا شرف حاصل ہو رہا ہے۔ وہ مقدس دن جسے ہم یومِ انسانیت اور عیدوں کی عید سے تعبیر کرتے ہیں ، جس دن ساری انسانیت کو آزادی ملی، کفرو شرک کی موت کا دن ہے میلادِ مصطفیٰﷺ۔ جتنے باطل مذاہب و ازم تھے سب پر اوس پڑ گئی- اعلیٰ حضرت پیارا مضمون رقم فرما گئے؎
جس سہانی گھڑی چمکا طیبہ کا چاند
اُس دل افروز ساعت پہ لاکھوں سلام
ہاں ! یوم میلادالنبی ﷺ پر عہد کیجئے، اعمالِ صالحہ کی انجام دہی کا، اسلامی تعلیمات پر عمل آوری کا، اپنے دین کی حفاظت کے لئے قربانی و ایثار کا اور اس دن ان ذمہ داریوں کا احساس بھی کیجئے کہ:
باطل قوتوں کے مقابل اسلام کی روایت و شعار کی بقا کے لئے ہم ناقابلِ تسخیر قوت بن کر اُبھریں گے۔
اپنی زندگی کو احکام خداوندی کے مطابق اور رسول کریم ﷺ کے طریقوں پر گزاریں گے۔
گستاخانِ بارگاہِ رسالت کے عزائم کے مقابل محبت رسول ﷺ کی عظیم قوت سے جہاں میں اُجالا برپا کریں گے۔
غلامی ٔ رسول میں ہر دُکھ گوارا کریں گے؛ لیکن ناموسِ رسالت ﷺ میں بے ادبی کا معاملہ قطعی برداشت نہیں کرینگے۔ (یعنی قانونی اقدامات سے گستاخوں کی گرفت کریں گے۔)، اور: 
رسول پاک ﷺ کے طریقوں پر زندگی گزاریں گے تا کہ تمام خلافِ اسلام راہوں کی عملی مذمت ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK