Inquilab Logo

اس عاشقانہ گیت کا انداز فلمی مگر گلوکاری اور موسیقی لاجواب ہے!

Updated: August 21, 2023, 4:17 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai

مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی ساتویں قسط میں آشا بھو سلے اور ہیمنت کمار کی گلوکاری اورپنڈت ہردے ناتھ منگیشکر کی موسیقی سے سجا یہ گیت ملاحظہ کریں

Photo. INN
تصویر:آئی این این

فلمی گیتوں میں ’’دوگانہ‘‘ یا ’’ڈوئیٹ‘‘ کی اہمیت سے سب واقف ہیں ۔ اکثر دوگانوں میں شوخی اور شرارت سے گیت کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ آج اس کالم کیلئے ہم نے ایسا ہی ایک گیت منتخب کیا ہے جس کے گلوکاروں میں دو نہایت معروف اور مستند نام ہیں ۔ آشا بھوسلے اورہیمنت کمار۔ یہا ں یہ جاننا ضروری ہے کہ ہیمنت کمار نے جتنے بھی مراٹھی گانے گائے ہیں ان میں سے زیادہ تر کولی گیت یعنی ملاحوں کے گیت ہیں ۔ زیر نظر گیت ڈوئیٹ ہونے کے باوجود ایک طرح سے مختلف ہے کیونکہ اس گانے کے پہلے ۲؍ مصرعے شانتا شیلکے (جن کا گانا ’می ڈولکر ڈولکر‘اسی کالم میں شائع ہو چکا ہے)نے لکھے تھے جبکہ باقی پورا گانا سدھیرموگھے کے زور قلم کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ سدھیرموگھے مراٹھی فلموں کے قدآور اداکار شریکانت موگھے کے چھوٹے بھائی ہیں ۔ منچلی، کال چکر، راستہ روکو، ایک کرانتی ویر واسو دیو بلونت پھڑکے جیسی فلموں میں شریکانت موگھے نے اپنی اداکاری کا جادو جگایا تھا۔ 
جہاں تک سدھیر موگھے کا تعلق ہے، اس میں شک نہیں کہ وہ بہترین شاعر تھے ۔ انہوں نے نانا پاٹیکر کی ہندی فلم سوتر دھار کیلئے بھی موسیقی دی تھی۔ سدھیر موگھے کی پیدائش فروری ۱۹۳۹ء کی ہے جبکہ ان کا انتقال مارچ ۲۰۱۴ء میں ہوا تھا ۔ مراٹھی فلموں کیلئے سدھیر جی نے کئی گانے لکھے جو سپر ہٹ رہے۔ اب ہم جو گیت سننے جارہے ہیں اس کی موسیقی پنڈت ہردے ناتھ منگیشکر نے دی ہے، فلم کا نام ہے ’ہاکھیڑ ساولیانچا ‘(یہ کھیل پرچھائیوں کا)۔ یہ گیت پردے پرڈاکٹر کاشی ناتھ گھانیکر اور آشا کالے پر فلمایا گیا ہے۔ ملاحظہ کیجئے گیت اور اس کا ترجمہ: 
ہیرو :گومو سنگتی نا ماجھیا تو یے شیل کائے؟
ماجھیا پرتی چی رانی تو ہوشیل کائے؟
 (اس فلم میں جو ہیروئن ہے اس کا نام گومو ہے۔ ماہی گیروں میں لڑکی کا اس طرح کا نام عام ہے۔ ہیرو کہہ رہا ہے گومو! تم میری ہم سفر بنو گی؟ میری محبت کی رانی بنوگی ؟)
ہیروئن: ارے سنگتی نا تجھیا می یے نار نائے
تجھیا پرتی جی رانی میں ہونار نائے 
 (نہیں میں تمہارے ساتھ نہیں آئوں گی ، میں تمہارے پیار کی رانی نہیں بنوں گی)
ہیرو: گَ تجھیا ٹپورے ڈول جس کولیانچے جال 
ماجھ کالیج بھول (گھول) تیاچ ماسولی جھالے
ماجھیا پریتی جا سٹلائے طوفان وارا وارا وارا 
 (تمہاری یہ جو بڑی بڑی آنکھیں ہیں ، وہ مجھے ہمارے ماہی گیروں کے جال کی یاد دلاتی ہیں ۔ میرے کلیجے، میرا دل تو بھولا بھا لا ہے۔ان آنکھوں کے جال میں پھنس کر مچھلی کی طرح ہوگیاہے۔ میرے پیار کی ہوا بڑے زورو شور سے بہہ رہی ہے۔ یہاں شاعر نے بھول لفظ کا استعمال کیا ہے جبکہ کچھ جگہوں پر گھول کا لفظ بھی ملتا ہے۔ بھول کے معنی بھولے بھالے کے ہیں جو گانے کے معنی سے زیادہ قریب تر ہیں ۔ )

یہ بھی پڑھئے: ماہی گیروں سے منسوب یہ مراٹھی گیت آج بھی مقبول ہے

ہیروئن: ر ،نگا داووس بھلتاچ تورا جا رَ ،گمان ساڑسود چورا 
تجھیا نجرنچیا جادولا اشی میں بھولنار نہائے 
 ( اپنا رعب مجھے نہ دکھائو، تم دل لوٹنے والے چور ہو، یہاں سے چپ چاپ چلے جائو، تمہاری آنکھوں کے اس جادو میں مَیں پھنسنے والی نہیں ہوں ۔ نکلو یہاں سے ! )
ہیرو : گومو تو سنگتی نا ماجھیا تو یے شیل کائے ؟
(گومو تم میری ہم سفر بنوگی ؟)
ہیروئن: رَ ماجھیا روپاجا اینا تجھیا جیواچی دینا 
می رَ راناچی مینا تجھیا شکاری بانا
کھوڑا پاردھی گَ جاڑیامندی آلا آلا آلا 
 (میرے حسن کا آئینہ تمہارے دل کو گھائل کررہا ہے، میں تو جنگل کی چڑیا ہوں ، مینا ہوں ، تمہارا مزاج جو شکاری ہے،کیسے بھولا، پاگل شکاری میرے جال میں پھنس گیا ہے؟)
ہیرو:گَ تُلا روپیہ چی نتھ می گھالین 
گَ تُلا مِر وت مِروت نےئین 
 (تمہیں میں چاندی کی نتھنی پہنادوں گا ۔تمہیں بھرے بازار میں سب کے سامنے سے لے جائوں گا۔ تمہاری بارات لاکر بڑے دھوم دھام سے گھر لائوں گا۔)
ہیروئن : تجھیا فسویا یا جالیا لا اشی میں گاونار نہائے 
(تمہاری اس جادوگری میں مَیں پھنسنے والی نہیں ہوں ، تمہارے جال میں میں آنے والی نہیں ۔)
ہیرو: گومو سنگتی نا ماجھیا تو یے شیل کائے؟
(گومو تم میری ہم سفر بنو گی ؟)
ہیروئن: گومو سنگتی نا ارے سنگتی نا تجھیا می یے نار ...ہائے
(آخر میں گومو اسے کہتی ہے ’’ گومو تو تمہارے ساتھ ‘‘ اور پھر رک کر کہتی ہے ...آئے گی۔)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK