Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنگ رکی، ضمیر نہیں جاگا!

Updated: June 27, 2025, 4:59 PM IST | Mudassir Ahmad Qasmi | Mumbai

فلسطین معاملے میں اخوتِ اسلامی پر سوالیہ نشان ؟

Do we worry about the attacks on Gaza and the deaths, injuries and displacement that result? Photo: INN
غزہ پر حملوں اور ان کے نتیجے میں فوت ، زخمی اور بے سہارا ہوجانے والوں کے لئے کیا ہم پریشان ہوتے ہیں؟۔ تصویر: آئی این این

عقلی نقطۂ نظر سے جنگ بندی انسانی ضمیر کی پکار کا جواب ہے جو امن، عدل اور بقاء کو جنگ، ظلم اور فنا پر ترجیح دیتا ہے۔ یہ اس اعتراف کا اظہار ہے کہ انسانی جان، جو کائنات کی سب سے قیمتی حقیقت ہے، کسی سیاسی مفاد یا انتقامی جذبے کی بھینٹ نہیں چڑھائی جا سکتی۔ مذہبی زاویے سے دیکھیں تو اسلام سمیت تمام آسمانی مذاہب میں انسانی جان کی حرمت کو بنیادی درجہ حاصل ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’جس نے ایک جان کو بغیر حق کے قتل کیا، گویا اس نے تمام انسانیت کو قتل کیا۔ ‘‘ (المائدہ:۳۲) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں بے گناہوں کا خون بہانا ایک سنگین جرم ہے اور جنگ بندی ایک مقدس ذمہ داری ہے تاکہ معصوموں کو امن نصیب ہو۔ 
یوں جنگ بندی ایک اخلاقی، عقلی اور شرعی تقاضا ہے، جو ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ امن صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ ایک انسانی اور الٰہی فریضہ ہے۔ اس تناظر میں حالیہ اسرائیل-ایران جنگ بندی، جس نے ممکنہ طور پر پورے خطے کو ایک وسیع تباہی سے بچایا، ایک قابلِ قدر اور قابلِ ستائش قدم ہے۔ یہ اقدام انسانی جانوں کے احترام، خطے کے استحکام اور عالمی امن کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اس کے لئے جن ممالک، اداروں یا شخصیات نے بھی کوششیں کیں، وہ یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں، کیونکہ انہوں نے انسانیت کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ جب دنیا سنجیدہ ہو جائے تو خون بہنے سے روکا جا سکتا ہے، اور امن پر گفتگو ہوسکتی ہے اور اس کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ 
لیکن اسی کے ساتھ ایک تلخ، پُردرد اور سنگین سوال دنیا کے سامنے کھڑا ہے: وہی دنیا جو اسرائیل اور ایران کے درمیان صرف بارہ دن کی کشیدگی کو برداشت نہ کر سکی، وہ آخر فلسطین کے نہتے مسلمانوں کے بہتے ہوئے خون کا سمندر سالہا سال سے کیسے دیکھتی چلی آ رہی ہے؟ کیوں وہاں کے بچوں کی چیخیں، ماؤں کی آہیں اور بوڑھوں کی لاشیں دنیا کے ضمیر کو نہیں جھنجھوڑتیں ؟ اگر امن انسانیت کے لئے ہے، تو کیا فلسطینی انسان نہیں ؟ اگر جنگ بندی ایک نیکی ہے تو فلسطین میں امن کی کوشش کو نیکی کیوں تصور نہیں کیا جاتا؟ یہ خاموشی، یہ دہرا معیار اور یہ اندھا انصاف آج کے عالمی نظام کا سب سے بڑا المیہ ہے جس پر تاریخ خاموش نہیں رہے گی۔ 
مذکورہ جنگ بندی میں قطر کی سفارتی مہارت اور ایران کی حکمت عملی کی تعریف بجا ہے؛ لیکن چونکہ یہ دونوں اسلامی ممالک ہیں اور اسلامی اخوت اور مظلوم مسلمانوں کی حمایت کا دعویٰ رکھتے ہیں، اس لئے ایک منطقی سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ ممکن نہیں تھا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے میں فلسطین میں مکمل جنگ بندی اور انسانی حقوق کی بحالی کو بطور شرط شامل کراتے؟ خاص طور پر اس وقت جب اسرائیل عالمی دباؤ اور عسکری دباؤ کی وجہ سے غیر معمولی کمزور پوزیشن میں تھا۔ یہ سفارتی لمحہ ایک نایاب موقع تھا، جب مسلم دنیا پہلی بار کسی جنگ میں اسرائیل کے مقابل کسی برتری والے موقف میں تھی۔ اگر قطر اور ایران نے فلسطین میں جنگ بندی کی شرط رکھ کر اپنی بات منوا ئی ہوتی، تو یہ نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ایک بڑی کامیابی ہوتی بلکہ مسلم دنیا کی عزت و وقار کی بحالی کی طرف بھی ایک تاریخی قدم ہوتا۔ مگرافسوس ایسا نہ ہوسکا۔ 
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’مسلمان آپس میں ایک جسم کی مانند ہیں، اگر جسم کے کسی ایک حصے کو تکلیف ہو تو سارا جسم درد اور بے خوابی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ ‘‘ (بخاری و مسلم) یہ حدیث محض ایک جذباتی تعبیر نہیں، بلکہ امت کی وحدت کے لئے ایک جامع نسخہ و فلسفہ ہے؛ جو مسلم دنیا کو باہمی ربط، ہمدردی اور اجتماعی احساسِ ذمہ داری کا عملی خاکہ دیتی ہے۔ اس حدیث کی روشنی میں اگر آج کی مسلم دنیا اپنا محاسبہ کرے تو حقیقت نہایت افسوسناک نظر آتی ہے، کیونکہ جس وقت فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہوتے ہیں، تب باقی مسلم دنیا عملی طور پر خاموش نظر آتی ہے۔ 
منطقی طور پر دیکھا جائے تو جس جسم میں درد کا احساس نہ رہے، وہ یا تو بے ہوش ہوتا ہے یا مردہ۔ اگر مسلم دنیا فلسطینی مظلومین کے خون، آہوں اور آنسوؤں پر بھی حرکت میں نہ آئے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ امت اب بے حسی یا بے ہوشی کا شکار ہو چکی ہے؟ یا پھر وہ روحانی رشتہ، جو ہمیں ایک جسم بناتا تھا، کہیں کھو چکا ہے؟ 
یہ حدیث درحقیقت ایک معیار ہے، ایک کسوٹی ہے، جس پر امت ِ مسلمہ کی حقیقی وحدت کو پرکھا جا سکتا ہے۔ آج اگر اس کسوٹی پر ہم پورے نہیں اتر رہے ہیں، تو ہمیں صرف مظلوموں سے نہیں، بلکہ اس حدیث کے پیغام اور اپنے پیارے نبیؐ کے ارشاد سے بھی (خدانخواستہ) بے وفائی کا سامنا ہے — اور یہ بے وفائی صرف دنیاوی نہیں، بلکہ اخروی نقصان کا بھی پیش خیمہ ہے۔ ان حقائق اور رویوں کا گہرا تجزیہ کرنے کے بعد ایک منصف مزاج تجزیہ نگار اسی نتیجے پر پہنچتا ہے کہ آج کے بیشتر مسلم ممالک ذاتی مفادات، اقتدار کی کشمکش اور وقتی سیاسی فائدوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ جب تک یہ امت اپنی اصل روح — یعنی توحید، اخوتِ اسلامی، عدل اور مظلوموں کی حمایت — کی طرف صدقِ دل سے واپس نہیں آتی، تب تک نہ تو دوسروں کی مدد کے قابل ہو سکے گی نہ ہی خود اپنی عزت، سلامتی اور خودمختاری کی حفاظت کر سکے گی۔ اسی لئے قرآن مجید نےمسلمانوں کو ایک اجتماعی حکم یہ دیا ہے کہ: ’’سب مل کر مضبوطی کے ساتھ اﷲ کی رسی کو تھام لو اور پھوٹ کا شکار نہ ہو جاؤ۔ ‘‘(آل عمران:۱۰۳) یاد رکھیں ! جب تک امت بیدار نہ ہو گی اور اجتماعی شعور کی اطمینان بخش منزل پر نہیں پہنچے گی، دنیا اسے ایک آسان شکار، ایک ’لقمۂ تر‘ سمجھتی رہے گی، اور وہ قافلہ جو کبھی دنیا کی قیادت کرتا تھا، محض اپنی بقا کی جنگ لڑتا رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK