امریکی عوام میں ایسی زبردست تبدیلیٔ قلب ہم کو عراق، افغانستان اور لیبیاکی جنگ کے وقت یا اس کے بعد دیکھنے میں تو نہیں آئی تھی،پھر اس بار ایسا کیا ہوا کہ ٹرمپ کو اس طرح ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا،ایسا اسلئے ہواکیونکہ امریکی عوام کو اس بار اپنی شکست اور اپنے نقصان کا احساس ہوا۔
امریکہ جو کہ سرمایہ دارانہ نظام کا گہوارہ ہے، اپنے مالی مفادات کے حصول کیلئے دوسرے ممالک کے اثاثوں پر قبضہ کرنا، اپنی مرضی کی پالیسیاں مسلط کرنے کی کوشش کرنا اور معاشی پابندیوں کے ذریعے دوسرے ممالک کو اپنے زیرِ نگیں رکھنا، ایسے کام وہ ہمیشہ سے کرتا رہا ہے۔ اس طرزِ عمل کو مالی صہیونیت (Financial Zionism) کہا جا سکتا ہے۔ دوسرے ممالک کو بزنس کیلئے غیر موزوں بنانا اور امریکہ کو کاروباری جنت بنا کر پیش کرنا اسکا خاصہ رہا ہے
سرمایہ دارانہ نظام میں مالی طاقت کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ جو کسی نہ کسی طور پر لوگوں کے معاشی مفادات اور مالی خوش حالی کو نقصان پہنچائے، عوام کیلئے آسانی سے قابلِ قبول نہیں ہوتا اور اسے ہضم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ میرا ایسا خیال ہے امریکی عوام بہت زیادہ کوئی جنگ و جدل اور ظلم کے خلاف نہیں ہیں اور ایسا بھی نہیں ہے کہ اچانک ان کا ضمیر جاگ گیا ہو۔
پہلے ایسا ہوتا تھا کہ امریکہ جو جنگیں دوسرے ملکوں کی زمینوں پر لڑتا تھا، امریکی عوام اس کے اثرات سے عام طور پر محفوظ رہتے تھے۔اس مرتبہ ایران نے صرف یوں کیا کہ ہرمز بند کر کے منصوبہ بندی کے ساتھ تیل کی قیمتوں کو بے قابو کر دیا اور پھر کسی نہ کسی طرح سے سو ڈالر فی بیرل کے اوپربنائے رکھا۔ امریکی عوام کیلئے تیل کی قیمتیں مہنگائی کی شرح ناپنے کا سب سے اہم پیمانہہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ کی بیچی ہوئی یہ جنگ امریکی عوام کو بہت زیادہ مہنگی پڑنے لگی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ہمارے پڑوس میں رہنے والے برادرانِ وطن کی بیٹی حجاب پہن کر ہمارے ساتھ افطار کرتی تھی‘‘
اس طرح ایران ہر ایک امریکی گھر تک جنگ کے اثرات کو پہنچانے میں کامیاب ہوا ۔تب جا کر امریکی عوام کو یہ محسوس ہونے لگا کہ ٹرمپ نے ان کو برے دلدل میں پھنسا دیا ہے ۔ورنہ دوسرے کمزور ممالک میں امریکہ کتنی ہی دھوم مچاتا پھرے اس طرح کا ’حکومت مخالف رجحان‘ وہاں پہلے دیکھنے میں نہیں آیا۔ہو بہو یہی معاملہ اسرائیل میں بھی ہوا ۔ جس طرح امریکی عوام پے چیک ٹو پے چیک (Paycheck to Pay Check) جیتے ہیں اور ان کیلئے مہنگائی بہت ہی اہم موضوع ہے، اسی طرح اسرائیلی عوام جو کہ صہیونیت (Geographical Zionism) کے زیرِ سایہ زندگی گزارتے ہیں ان کیلئے تحفظ و سلامتی سب سے اہم مدعا ہوتا ہے۔
ہم نے دیکھا ہے کہ غزہ، لبنان اور شام میں اسرائیلی حکومت نے جو بھی مظالم ڈھائے ہیں، اس کا بل کبھی اسرائیلی عوام پر اس درجہ میں نہیں پھٹا کہ انہیں اپنی بقا و تحفظ خطرے میں نظر آنے لگے۔اس جنگ میں ہر بار ایران نے ہر اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دیا اور اسرائیلی عوام کو یہ احساس دلانے میں کامیاب ہو گیا کہ آئرن ڈوم کی مضبوطی و وسعت بھی خارجہ پالیسی کے دوغلے پن و نقائص کو ڈھانپ نہیں سکتی ۔ اس طرح جو آگ اسرائیلی حکومت پورے مشرقِ وسطیٰ میں نتائج سے بے خوف ہو کر لگاتی رہی ہے، ایران نے اپنے میزائلوں اور ڈرونز کی مدد سے اس کا رخ اسرائیلی عوام کی طرف موڑ دیا۔ایک انگریزی محاورہ ہے جس کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہوسکتا ہے کہ ’’ایران نے اسرائیل کو اسی کی دوا چکھنے پر مجبور کر دیا۔‘‘اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ عوام کا غصہ انتخابات کے وقت نیتن یاہو پر نکلا کہ ’’جب حفاظت نہیں کر سکتے تھے تو اسرائیل کو جنگ میں کیوں دھکیلا؟‘‘
انتخابی نتائج اور اس کے بعد کے سیاسی اتھل پتھل سے یہ اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں رہا کہ نیتن یاہوکا وزیراعظم بننا یا سیاسی مرکز میں آنا آسان نہیں رہا۔اس طرح جو خود کو خدا سمجھتے ہوئے ’رجیم چینج‘ کے مقصد سے ایران پر چڑھ دوڑے تھے،۸؍ مہینوں میں اپنی خود کی ’رجیم چینج‘ کرا بیٹھے۔
مضمون نگار سابق فوجی افسر ہیں اور ان کا تعلق مالیگاؤں سے ہے۔