• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہمارے پڑوس میں رہنے والے برادرانِ وطن کی بیٹی حجاب پہن کر ہمارے ساتھ افطار کرتی تھی‘‘

Updated: November 09, 2026, 4:58 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ناگپاڑہ میں مقیم ،ڈونگری ،کھڈےکی باڑی کی ۷۵؍سالہ مسرت جہاں محمد الیاس خان کم عمری ہی سے گھر کی ذمہ داریوں میں ہاتھ بٹاتی رہی ہیں، پڑھائی کے بعد والدہ اور بہنوں کے ساتھ مل کرگھر میں پتنگ بناتی تھیں، جس کیلئے یومیہ ڈیڑھ سے ۲؍روپے مزدوری ملتی تھی۔

Musarrat Jahan Muhammad Ilyas Khan. Photo: INN
مسرت جہاں محمد الیاس خان۔ تصویر: آئی این این

ڈونگری، کھڈے کی باڑی ، حال ِمقیم ناگپاڑہ کی ۷۵؍سالہ مسرت جہاں محمد الیاس خان کی پیدائش  ڈونگری میں ہوئی تھی۔ امام باڑہ میونسپل اُردو اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ اس دور میں لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانا معیوب سمجھا جاتاتھا،اسلئے اسکول کی پڑھائی کے بعد والدین نے گھریلو کام کاج اور امورِ خانہ داری کی تربیت دی۔ ۲۰؍ سال کی عمر میں ناگپاڑہ کے محمد الیاس خان سے شادی ہوگئی۔ ان کے ۲؍بیٹے اور ۲؍بیٹیاں ہیں۔ خاوند کا انتقال ہوچکا ہے۔ فی الحال بچوں کے ساتھ خوش ہیں۔ اس عمر میں بھی فعال ہیں اورگھریلو کام کاج انجام دیتی ہیں ۔ علی الصباح سب سے پہلے گھر کا پانی بھرتی ہیں ۔ فجر کی نماز ادا کر کے کچھ دیر سوجاتی ہیں ، بعدازیں ناشتہ کر کے بازار جاتی ہیں ۔دوپہر کا کھانا پکانے میں بہو کی مدد کرتی ہیں ۔ساگ سبزی کاٹ کر دیتی ہیں ۔ ظہر کی نماز کے بعد کھانا کھا کر کچھ دیر آرام کرتی ہیں ۔عصر، مغرب اور عشاء کی نماز اور تلاوت وغیرہ سے فارغ ہو نے اور عشائیہ کے بعد بیٹوں، بہوئوں اور پوتا، پوتیوں، نواسے اور نواسیوں سے بات چیت اور ہنسی مذاق کا دور بھی چلتا ہے۔یہی زندگی کا معمول ہے ۔ وہ اپنے بچوںکے درمیان پُرسکون زندگی بسرکر رہی ہیں اور زندگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔

کھڈے کی باڑی میں آج بھی پتنگ کی کئی دکانیں ہیں لیکن مسرت جہاں کے بچپن میں یہ علاقہ پتنگ بازار کے نام سے مشہور تھا۔ پورے علاقے میں پتنگ کی دکانوں کے علاوہ ہر گھر میں پتنگ بنائی جاتی تھی۔ گھر کے مرد ، خواتین، لڑکیاں اور لڑکے پتنگ سازی سے وابستہ تھے ۔یہ کام یہاں کے مکینوں کا اہم ذریعہ معاش تھا ۔ ان کے گھر میں بھی پتنگ بنایا جاتا تھا۔ مرد و خواتین سب پتنگ بناتے تھے۔ پڑھائی کے بعد مسرت جہاں نے بھی والدہ اور بہنوں سے پتنگ بنانا سیکھ لیا تھا۔سب مل کر روزانہ پتنگ بناکر، ڈیڑھ سے ۲؍روپے کی مزدوری کر لیتے تھے۔ جس سے کچھ گھریلو ضروریات پوری ہو جاتی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے والدہ سے سلائی، کڑھائی اور بنائی کا ہنر بھی سیکھ لیا تھا ۔سلائی میں مہارت حاصل کرنے کی وجہ سے متعلقین کے کپڑوں کی سلائی کا بھی کام مل جاتا تھا ۔ مہندی لگانے کا بھی فن سیکھ لیا تھا۔

مسرت جہاں اپنے اسکول کے دور کا ایک واقعہ آج تک نہیں بھولی ہیں۔ جاری کلاس کے دوران عائشہ نامی ان کی سہیلی ہتھیلی پر مہندی لگا رہی تھی۔ وہ مہندی لے کراسکول آئی تھی ۔ مسرت جہاں کو اچھی مہندی لگانے آتی تھی ، وہ باربار مہندی کےبارےمیں ان سے کچھ پوچھ رہی تھی، اس دوران کلاس ٹیچر کی نظر مسرت اور عائشہ پر پڑگئی۔ اُس وقت ٹیچر جو سبق پڑھا  رہی تھیں ،ا نہوں مسرت سے اس کے بارے میں ایک سوال کرلیا جس کاوہ جواب نہیں دے سکیں کیونکہ ان کی توجہ سبق کے بجائے مہندی پرتھی۔ وہ ٹیچر اُن دونوں کو لےکر ہیڈمسٹریس کے پاس گئیں،سارا واقعہ ان کے سامنے بیان کیا، جس پر ہیڈمسٹریس نے دونوں سے کہا کہ کل  وہ اپنے گھر  سے کسی بڑے کو لےکر آئیں ،ان سے بات کی جائے گی ۔ اس ہدایت سے مسرت جہاں پریشان ہوگئیں۔ انہوں نے گھر آکر اپنی ہمسایہ روقیہ آپا کو پورا قصہ سنایا، انہوںنے کہا کہ پریشان مت ہو ، کل تمہارے ساتھ میں بڑی بہن بن کر چلوں گی، ہیڈمسٹریس کے سامنے تمہیں ڈانٹوں گی، خاموشی سے سب سن لینا ،بات بن جائے گی۔ منصوبے کے مطابق سب کچھ ہوا ،عارضی طور پر بات بن بھی گئی ۔ اصل قصہ یہاں سے شروع ہوتا ہے ۔اس عہدمیں مسرت کی سب سے بڑی بہن حسرت جہاں، اسی اسکول میں بحیثیت معلمہ ملازمت کرتی تھیں ۔ جس کا علم اسکولی عملے کو نہیں تھا۔ ایک شادی میں حسرت جہاں اور مذکورہ ہیڈ مسٹریس دونوں موجود تھیں،حسرت کے ساتھ مسرت جہاں کو دیکھ کر ہیڈمسٹریس نےمذکورہ پورا واقعہ بیان کیا، اور پھر مسرت سے پوچھا ،اس دن جو خاتون آئی تھیں ، وہ کون تھیں؟ جس پر مسرت جہاں نے بتایا کہ وہ میری ہمسایہ تھیں۔ اس رازکے افشا ہونے پر مسرت جہاںکو بڑی شرمندگی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: کوکن کے بڑھتے’ٹورزم سیکٹر‘ میں مسلم شراکت کتنی ہے؟ کم کیوں ہے؟

مسرت جہاں ناگپاڑہ پر واقع احمد سیلراسکول کے سامنے ۲؍منزلہ بوٹ والا بلڈنگ میں گزشتہ ۵۵؍سال سے رہائش پزیرہیں۔ اس عمارت میں کل ۲۰؍ گھر ہیں جن میں سے صرف ایک گھربرادران وطن کاتھا۔ اس خاندان سے مسرت جہاں کے اہل خانہ کا قریبی تعلق تھا۔ ان کی چھوٹی بیٹی سویتا کا زیادہ وقت مسرت جہاں کے گھر گزرتا تھا ۔  رمضان المبارک میں افطار کے وقت وہ پابندی سے حجاب پہن کر ان کے ہی گھر میں افطار کرتی تھی اور راکھی کےتہوار پر سویتا ،مسرت جہاں کے بیٹے محمد ایاز کو راکھی باندھتی تھی۔ ایک مرتبہ مسرت جہاں کےگائوں سے ایک ہندو فیملی ان سے ملاقات کیلئے ممبئی آئی تھی لیکن وہ لوگ مسلمانوں کے گھر کا کھاناکھانے سے پرہیز کرتے تھے۔ اس بات کا ذکر مسرت جہاں کے شوہر الیاس خان نے اپنے اس ہمسایہ سے کیا تھا۔اس پر اس نے کہا کہ آپ فکر نہ کریںہم اپنے گھر میں ان کے کھانے پینے کا انتظام کریں گے۔  وعدے کے مطابق اس فیملی کی ضیافت کا انہوں نے شاندار انتظام کر کے الیاس خان کی عزت میںاضافہ کیا تھا ۔     

مسرت جہاں بچپن میں اپنے محلے کی کچھ سہیلیوں مثلاً رضیہ ، زیب النسا اور بدرالنساء وغیرہ کے ساتھ لنگڑی اور رسی وغیرہ کھیلتی تھیں ۔ان میں رضیہ جو فی الحال میراروڈ میں مقیم ہیں ،ان سے آج بھی مراسم برقرار ہیں۔ کبھی کبھار موبائل پر بات چیت بھی ہو جاتی ہے ۔ ان سہیلیوں کے ساتھ کھیل کود کے علاوہ تہواروں پر ایک جیسا کپڑا، چپل ،سینڈل اور کانٹے کلپ پہن کر عید  منانے کے  دن بھی یاد ہیں ۔ ان کی باہمی محبت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بیشتر اوقات ایک دوسرے کیلئے یہ سہیلیاں ایک جیسے سامان کے ۲۔۲؍سیٹ خریدتی تھیں۔

ایک مرتبہ متاثرین کی مدد کیلئےبالی ووڈکی جانب سے جلوس نکالا گیا تھا ۔ جس میں فلم انڈسٹری کے بیشتر اداکاروں نے شرکت کی تھی ۔ انہیں دیکھنے کیلئے جلو س کے راستوں پر عوام کاہجوم اکٹھا تھا۔ فلم ستاروں کو دیکھنے کیلئے مسرت جہاں بھنڈی بازار میں اپنے ایک شناسا کے گھر گئی تھیں۔ ان کا گھر پہلی منزل پرتھا۔اس گھر سے انہوں نے پورا جلوس دیکھا تھا۔ اس دوران انہوں نے کئی فلم اداکاروں مثلاً دھرمیندر، ہیمامالنی، ممتاز اور آغا وغیرہ کو قریب سے دیکھا تھا۔

مسرت جہاں کے والد ریاض خان کا اُترپردیش کے ضلع اُنائو کے پوروا قصبہ سے تعلق تھا۔ مسرت جہاں والدین کے ساتھ سال میں ایک مرتبہ اپنے گائوں جاتی تھیں ۔ اس دور میں وہاں بجلی اور سرکاری پانی کا انتظام نہیں تھا۔ لوگ کنواں سے پانی لاکر ضروریات پوری کرتے تھے۔ اسی طرح رات کےوقت چراغ کی روشنی میں کھانا کھاتے تھے ۔شام ڈھلنے سے پہلے گھروں میں کھانا پکا لیاجاتا تھا ۔ہفتہ واری بازار سے کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری کی جاتی تھی۔ پردہ کا سخت نظام ہونے کی وجہ سے خواتین اور لڑکیاں دن کے وقت گھروں سے باہر نہیں نکلتی تھیں۔  رات ہونےپر اندھیرے میںمتعلقین سے ملاقات کیلئے جاتی تھیں ۔

مسرت جہاں نے اسکولی  دور میں کھڈے کی باڑی میں منعقدہ ایک سیاسی جلسہ میں جواہر لال نہرو کو دیکھا تھا ۔ان کی آمد پر کھڈے کی باڑی کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ وہ ایک کار سے اُترے تھے، ان کا استقبال بڑے جوش و خروش سے کیا گیا تھا۔وہ کرتا، پائجامہ ، شیروانی اور گاندھی ٹوپی پہنے تھے ۔انہیں دیکھنے کیلئے سیکڑوں لوگ جمع تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جو تقریر کی تھی وہ تو یاد نہیں لیکن ان کی تقریر پر بار بارتالیاں بجتی تھیں۔ ان کی گلپوشی اوران سے ہاتھ ملانے کیلئے لوگ قطار لگاکر کھڑے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK