ریاستی محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کےعلاحدہ احکام سے۱۸؍ہزار طلبہ کو ۹؍کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے،جرمانہ معاف کرنےکامطالبہ۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 3:54 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کےعلاحدہ احکام سے۱۸؍ہزار طلبہ کو ۹؍کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے،جرمانہ معاف کرنےکامطالبہ۔
تعلیمی سال ۲۶۔۲۰۲۵ء میں گیارہویں میں آف لائن داخلہ لینے والے تقریباً ۱۸؍ ہزار طلبہ پرعائد کئے جانے والے جرمانے سے متعلق ۲؍ طرح کی ہدایتوں سے طلبہ اور والدین میں تذبذب پایاجارہاہے ۔ ایک ہدایت کے مطابق اس کیلئے ہر کالج کو ۵؍ہزارروپے اور دوسری کے تحت ہر طالب علم کو ۵؍ہزار روپے ادا کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ اگر دوسری ہدایت پر عمل درآمد کیا جاتا ہےتو اس کیلئے ۱۸؍ہزار طلبہ کو ۹؍کروڑ کی خطیر رقم ادا کرنی ہوگی جس کی تعلیمی تنظیموں نے سخت مخالفت کی ہے اور اس فیصلہ کو قحط سالی کے دور میں طلبہ پر مالی بوجھ ڈالنے والا کہا ہے۔ تنظیموں نے جرمانے کو معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ریاستی محکمہ تعلیم نے اس تعلق سے ۲۹؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو جوسرکیولر جاری کیا ہے اس کے تحت آن لائن کے بجائے آف لائن داخلہ دینے والے ہر جونیئر کالج پر ۵؍ہزار روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر مہیش پالکر نے اس ضمن میں جو حکم نامہ جاری کیا ہے، اس میں فی طالب علم ۵؍ہزارروپے جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت دی ہے جس سے کالج انتظامیہ ،طلبہ اور والدین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یو سی سی: مذہبی آزادی، ثقافتی تنوع اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کیلئے خطرہ
ان دونوں احکامات میں واضح فرق کے باعث اداروں کے ذمہ داران اور تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ جب حکومت کے اصل حکم نامے میں فی ادارہ ۵ ؍ہزار روپے جرمانے کا ذکر ہے تو پھر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے فی طالب علم ۵ ؍ہزار روپے جرمانہ مقرر کرنے کی بنیاد کیا ہے ؟ یہ سوال بھی اُٹھایا جا رہا ہے۔
اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ نے اس تعلق سے متعلقہ محکموں کو مکتوب روانہ کر کے مناسب فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور فی طالب علم ۵؍ہزار روپے جرمانہ کی مخالفت کی ہے۔ تنظیم کے سیکریٹری ساجدنثار نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قحط سالی کے دور میں طلبہ پر جرمانے کی صورت میں مالی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں ہے چنانچہ اس جرمانہ کو سرے سے معاف کیا جانا چا ہئے۔