Inquilab Logo

گزشتہ سال (۲۰۱۹ء) انقلاب کے ادارتی عملہ نے کس خاص کتاب کا مطالعہ کیا؟

Updated: January 20, 2020, 12:58 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

قریب کے شماروں میں آپ ’انقلاب‘ کے قارئین کی سال کی پسندیدہ کتابوں کے بارے میں پڑھ چکے ہیں ۔ امسال انقلاب نے ایک منفرد تجربہ کیا اور اپنے ادارتی عملہ سے جاننا چا ہا کہ آخر اس نے ۲۰۱۹ء میں کیا خاص پڑھا؟ اس سے انہیں کیا پیغام ملا ؟ ذیل میں انقلاب عملہ کے ۶؍ اراکین کا حاصل مطالعہ پیش کیا جارہا ہے۔ یہ کتابیں آپ کیلئے بھی دلچسپی کا سامان ہوسکتی ہیں ، یہی نہیں بلکہ کتب خانوں میںبہت سی لازوال کتابیں موجود ہیں۔

کتابیں ۔ تصویر : آئی این این
کتابیں ۔ تصویر : آئی این این

  کتاب: اصحاب کہف اور یاجوج ماجوج (مصنف: مولانا ابوالکلام آزاد۔ تبصرہ ۔ محمد حبیب)

  اس سال چند بہترین کتابیں پڑھنے کا موقع ملاجن میں ایک امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی کتاب ’اصحاب کہف اور یاجوج ماجوج‘، دوسری مبارک علی خان کی لکھی ہوئی ’ٹھگ اور ڈاکو‘  اور تیسری ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار اور بے گناہ قرار دےکر عدالت کے ذریعہ رہا کئے گئے عبدالواحد شیخ کی کتاب ’بےگناہ قیدی‘ شامل ہے۔ یہ تینوںکتابیں نہایت ہی معلوماتی اور ہر کسی کیلئے پڑھنے لائق ہیں۔لیکن ان میں سے پہلی کتاب خصوصی طور پرقابل ذکر ہےجسےہرمسلمان کو لازمی طور پر پڑھنا چاہئے۔اس کتاب کی کئی خصوصیات ہیںپہلی تو یہ کہ مولانا کا انداز تحریر اور سادہ بیانی جس کی ہر سطر اگلی سطر پڑھنے پر مجبور کرتی ہے۔ دوسرا اس میں پیش کئے گئے تاریخی حقائق جوعام طور پرکہیںاور اتنی عمدگی سے دستیاب نہیں ہوتے۔
 دراصل اس کتاب میں۳؍ موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے جن میںسورہ کہف میں بیان کئے گئے واقعات اصحاب کہف، ذوالقرنین اور یاجوج ماجوج ہیں۔ مولانا آزاد نے تینوں عنوانات پر اپنے قلم و علم کے جوہر لٹائے ہیں۔ مؤرخین اور مفسرین نے اس تعلق سے جو کچھ لکھا ہے اسے مولانا آزاد نےانتہائی آسان اورسہل زبان میں پیش کیا ہے کہ ہر خاص و عام اسے آسانی سے سمجھ سکے اور ان موضوعات کو اپنے اندر سموسکے۔اس کتاب کو پڑھنے کے بعد ان موضوعات کےتعلق سے کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہتا۔
 یاجوج ماجوج کے تعلق سے عام تصور یہ ہے کہ یہ کوئی عجیب الخلقت مخلوق ہے جوقرب قیامت ہم پر مسلط کی جائے گی جبکہ مولانا نے واضح کردیا ہے کہ وہ بھی حضرت نوح ؑ کے تیسرے بیٹےیافت کی اولادوں میں سے۲؍قبیلوں کے ہم جیسے انسان ہی ہیں اورذوالقرنین کے ذریعہ ۲؍ پہاڑوں کے درمیان بنوائی گئی آہنی دیوار میں محصورہیں اور قرب قیامت میںاللہ کے حکم سے اس دیوارکےباہر آسکیں گےاور دنیا میں قتل و غارتگری کا وہ بازار گرم کریں گے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔یاجوج ماجوج سے قبل ذوالقرنین کے تعلق سے پیش کی گئی معلومات بھی بیش بہا ہے۔اسی کے ساتھ قیامت کی نشانیاں اور (قرآن و حدیث کی روشنی میں)یاجوج ماجوج کے ماضی اور حال اورمستقبل کی مکمل تفصیل فراہم کی گئی ہے۔

نام کتاب: شرف محنت وکفالت (مصنف: شمیم طارق۔ تبصرہ مبشر اکبر)

 میں نے سال گزشتہ میں جو کتابیں پڑھیں ان میںسے  ایک کتاب کا بطور خاص تذکرہ کرنا چاہوں گا ۔  وہ کتاب ہے معروف محقق ، شاعر اور صحافی شمیم طارق کی کتاب ’شرف محنت و کفالت ‘ جس کا ساتواں ایڈیشن حال ہی میں منظر عام پر آیا ہے۔ اس کتاب  میں شمیم طارق نے اُمت کی دکھتی رگ پر انگلی رکھتے ہوئے کام چوری ، کاہلی ، سستی اورکام نہ کرنے کے بہانے ڈھونڈنے والوں کو براہ راست مخاطب کیا ہے۔ انہوں نے محنت و کفالت کے معنی قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائے ہیں۔ کتاب میں   جن اہم  موضوعات سے بحث کی گئی ہے عموماً ان کے بارے میں ہمارے معاشرے میں حد درجہ تغافل برتا جاتا ہے جبکہ یہ قوم اٹھائی ہی اس لئے گئی ہے کہ وہ دین کو پھیلانے میں محنت کرے اور دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بھی محنت ہی کو اپنا شعار بنائے۔ 
 رزق حلال کمانے کی اہمیت ، مزدوروں کے حقوق ، محنت مزدوری اور ایسے ہی آج کے دور کے نمائندہ موضوعات پر شمیم طارق نے قلم اٹھایا ہے اور انہیں اسلامی تعلیمات کے تناظر میں سمجھانے کی کوشش کی ہے۔  ان کا بنیادی ماخذ اسلامی تعلیمات ہیں لیکن انہیں درست تناظر میں اب تک سمجھا نہیں گیا ہے۔ انہوں نے ان موضوعات کو سمجھانے کی اپنے طور پر بھرپور سعی کی ہے اور میری نظر میں وہ بڑی حد تک کامیاب ہیں جس میں ان کی شگفتہ اور بلیغ نثر کا بڑا دخل ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کتاب میں جتنے حوالے پیش کئے ہیں وہ بھی اسے مستند و معتبر بناتے ہیں۔
 کتاب کے بیشتر موضوعات ایسے ہیں  جو ہمیں کمیونسٹ ممالک کے دستور میں یا کمیونسٹوں کے آئین میں مل جائیں گے لیکن وہ صرف کمیونسٹ ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، ان پر اسلام کیا کہتا ہے،اس کا کبھی احاطہ ہی نہیں کیا گیا۔ شمیم طارق  نے ان موضوعا ت کو اسلامی تعلیمات کے تناظر میں پیش کرکے گویا محنت و کفالت کا ایک مکمل چارٹر تیار کردیا ہے جس پر پوری دنیا میں عمل کیا جاسکتا ہے۔کتاب میں شامل کئے گئے تبصر ے بھی اس کی اہمیت کو دو چند کر دیتے ہیں۔ایک جگہ لکھا گیا ہے کہ مصنف کے طرز استدلال کی اثر انگیزی اس قدر ہے کہ ایک ایک دلیل اپنے آپ کو منواتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔

نام کتاب: ونگس آف فائر  (شریک مصنف:ارون تیواری ۔ تبصرہ ۔ احمد رضا خان)

 سال ۲۰۱۹ ء میں مَیں نے اُردو کے ساتھ ساتھ ۲؍ انگریزی کتابوں کا بھی مطالعہ کیا جن میں اے پی جے عبدالکلام کی سوانح عمری ’  ونگس آف فائر اور جے میتھوز کی ’ورک ہارڈ بی نائس ‘ شامل ہے۔ اے پی جے عبد الکلام کی کتاب  ونگس آف فائر اے پی جے اور ارون تیواری کی تصنیف ہے۔ ارون تیواری اس کتاب کے شریک مصنف ہیں۔ اس کتاب میں میزائل مین ڈاکٹر عبدالکلام نے اپنی ابتدائی زندگی سے لے کرگریجویشن اور ایرواسپیس انجینئرنگ تک کے سفر کا احاطہ کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے اپنی کوشش، مشقت ، صبراور میزائل پروگراموں کی رہنمائی کرنے   کے سفر ذکرکیا ہے۔ کلام نے اپنے کریئر کا آغاز ہندوستان کے ایروناٹکس لمیٹڈ، ایم آئی ٹی (چنئی) میں ایرواسپیس انجینئرنگ سے گریجویشن کرنے کے بعد کیا اور انہیں ہوور کرافٹ پروٹو ٹائپ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس کتاب میں ملک کے  ۱۱؍ ویںصدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے ’اسرو ‘اور ’ڈی آر ڈی او ‘میں جانے اور وہاں پر کام کرنے کے تجربے کوبیان کیا ہے، بہت سی تکنیکی، فزکس اور ریاضی کے اصولوں کو بھی انہوں نے آسان طریقے سے سمجھایا ہے۔
 میزائل مین کی خود نوشت سوانح عمری ’ونگس آف فائر‘ انگریزی میں پہلی بار ۱۹۹۹ء میں شائع ہوئی تھی۔ انگریزی کے علاوہ بھی یہ کتاب کئی زبانوں میں شائع ہو چکی ہے جس میں اردو، ہندی، تیلگو، تمل، کنڑ،ملیالم، ،مراٹھی، گجراتی ، فرانسیسی،  چینی اور دیگر شامل ہیں۔ چینی زبان میں اس کتاب کوجی پینگ نے  ’ہوو یی ‘ نام سے ترجمہ کیا ہے۔’ ونگس آف فائر ‘ میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے اپنی ابتدائی زندگی کو ۷؍ حصوں میں بیان کیا ہے۔ قارئین نے اس کتاب کو خوب سراہا ہے۔ امیزون اور فلپ کارٹ پر اس کتاب کی ریٹنگ ۴ء۶ ہے۔کتاب کی شروعات میں میزائل مین کے بچپن کی جدو جہد اور ان کی کوشش کی داستان قارئین کیلئے حوصلہ افزا ہے۔ اس کتاب میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے گاؤں، ان کے اساتذہ ، ان کے رفیق کار اور اس طرح کی کئی تصاویر ہیں۔ کتاب کی سب سے خاص بات منفی چیزوں کو نظر انداز کرکے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے رہنے کاپیغام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK