Inquilab Logo

کلمۂ طیبہ کے فائدے کیوں حاصل نہیں ہوتے؟ اور ہماری دعائیں کیوں قبول نہیں ہوتیں؟

Updated: October 08, 2021, 3:11 PM IST | Maulana Shah Abrar-ul-Haq

حضور ﷺ نے قسم کھا کر ارشاد فرمایا کہ تم لوگ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو ورنہ اللہ جل جلالہٗ اپنا عذاب تم پر مسلط کردیں گے ۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

حضور ﷺ سے یہ نقل کیا گیا ہے کہ کلمۂ توحید (کلمہ طیبہ)، کہنے والے کو ہمیشہ نفع دیتا ہے اور اس کے عذب و بلا کو دفع کرتا ہے جب تک کہ اس کے حقوق سے بے پروائی اور استخفاف نہ کیا جائے۔ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا کہ اس کے حقوق سے بے پروائی و استخفاف کئے جانے کا کیا مطلب ہے؟ آپ ﷺ  نے ارشاد فرمایا کہ ’’اللہ کی نافرمانیاں کھلی طور پر کی جائیں اور ان کو بند کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔‘‘ اب آپ ہی ذرا انصاف سے فرمائیے کہ اس زمانہ میں اللہ تعالیٰ کی نافرمانیوں کی کوئی انتہا، کوئی حد  ہے؟ یا اس کے روکنے یا بند کرنے کی یا کم از کم تقلیل کی کوئی سعی، کوئی کوشش ہے؟ ہرگز نہیں۔ ایسے خطرناک ماحول میں مسلمانوں کا عالم میں موجود ہونا ہی اللہ تعالیٰ کا حقیقی انعام ہے ورنہ ہم نے اپنی بربادی کے لئے کیا کچھ اسباب پیدا نہیں کرلئے ہیں۔
  حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ ایک مرتبہ دولت کدہ پر تشریف لائے تو میں نے چہرۂ انور پر ایک خاص اثر دیکھ کر محسوس کیا کہ کوئی اہم بات پیش آئی ہے۔ آپ ﷺ نے کسی سے کچھ بات چیت نہیں فرمائی اور وضو فرما کر مسجد میں تشریف لے گئے۔  میں حجرہ کی دیوار سے لگ کر سننے کھڑی ہوگئی کہ آپؐ کیا ارشاد فرماتے ہیں۔ حضورؐ منبر پر تشریف فرما ہوئے اور حمد و ثنا کے بعد ارشاد فرمایا کہ ’’لوگو! اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو، مبادا وہ وقت آ جائے کہ تم دعا مانگو اور قبول نہ ہو، تم سوال کرو اور سوال پورا نہ کیا جائے، تم اپنے دشمنوں کے خلاف مجھ سے مدد چاہو اور میں تمہاری مدد نہ کروں۔‘‘ 
 حضرت ابودرداء ؓ جو ایک جلیل القدر صحابی ہیں، فرماتے ہیں کہ تم امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو ورنہ اللہ تعالیٰ تم پر ایسے  ظالم بادشاہ کو مسلط کردے گا جو تمہارے بڑوں کی تعظیم نہ کرے اور تمہارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے۔ اس وقت تمہارے برگزیدہ لوگ دعائیں کریں گے  تو قبول نہ ہوں گی، تم مدد چاہو گے تو مدد نہ ہوگی، مغفرت مانگو گے تو مغفرت نہ ملے گی۔ 
 درمنشور میں بروایت ترمذی وغیرہ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے نقل کیا گیا ہے کہ حضور ﷺ نے قسم کھا کر ارشاد فرمایا کہ تم لوگ امربالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو ورنہ اللہ جل جلالہٗ اپنا عذاب تم پر مسلط کردیں گے ، پھر تم دعا بھی مانگوگے تو قبول نہ ہوگی۔ 
 یہاں پہنچ کر میرے بزرگ اول یہ سوچ لیں کہ ہم لوگ اللہ کی کس قدر نافرمانیاں کرتے ہیں، پھر معلوم ہوجائے گا کہ ہماری کوششیں کیوں بےکار جاتی ہیں، ہماری دعائیں بے اثر کیوں رہتی ہیں؟ ہم اپنی ترقی کے بیج بو رہے ہیں یا تنزلی کے؟ (ماخوذ از فضائل تبلیغ)
مسلمانوں پر مصائب کا نزول
  حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب پندرہ خصلتیں میری امت میں پیدا ہوں تو ان پر مصیبتیں نازل ہونا شروع ہوجائینگی۔ دریافت کیا گیا: یا رسولؐ اللہ وہ کیا ہیں؟ فرمایا: (۱)جب سرکاری مال ذاتی ملکیت بنالیا جائے (۲)امانت کو مالِ غنیمت سمجھا جائے (۳) زکوٰۃ جرمانہ محسوس ہونے لگے (۴) شوہر بیوی کا مطیع ہوجائے (۵) بیٹا ماں کا نافرمان بن جائے (۶) آدمی کا گھر میں اور باہر سلوک الگ ہو (۸) مساجد میں شور مچایا جائے (۹) قوم کا رذیل  ترین آدمی ان کا لیڈر ہو (۱۰)آدمی کی عزت اور اس کا احترام اس کے شر کے خوف سے کیا جائے (۱۱)نشہ آور اشیاء کھلم کھلا استعمال کی جائیں (۱۲)مرد ریشم پہنیں (۱۳) گانے بجانے والیاں اور آلات موسیقی عام ہوجائیں (۱۴)اس وقت کے لوگ اپنے اسلاف پر لعن طعن کرنے لگیں اور (۱۵) دین کا علم دین کے بجائے دنیا کے  لئے حاصل کیا جائے، تو لوگوں کو چاہئے کہ وہ ہر وقت عذابِ الٰہی کے منتظرہیں خواہ وہ سرخ آندھی کی شکل میں آئے یا زلزلہ کی شکل میں یا اصحاب سبت کی طرح  صورتیں مسخ ہونے کی شکل میں۔ (ترمذی )
 اے مسلمانو! آپؐ نے چودہ سو برس قبل جو کچھ فرمایا تھا وہ حقیقت کی شکل میں ہماری نگاہوں کے سامنے ہے۔ اس دورِ پرفتن میں مذکورہ بالا چیزوں میں سے کون سی ایسی چیز ہے جو ہماری انفرادی یا اجتماعی زندگی میں نہیں پائی جاتی ؟ پورے کے پورے معاشرہ میں یہ چیزیں جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہیں ۔ اس حدیث کو غور سے پڑھئے اور اپنی اصلاح کی فکر کیجئے اور مصائب اور فتن سے بچنے کی پوری پوری کوشش کیجئے۔n

islam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK