Inquilab Logo

سال۲۰۲۱؍والووایس ۶۰؍کی کارکردگی اور خوبیاں متاثر کن ہیں

Updated: January 09, 2021, 6:13 PM IST | Ankit Dubey

عالمی بازار میں پہلے سے ہی کئی اقسام میں موجود والوو کی اس نئی سیڈان کار کو ہندوستانی بازارمیں مارچ ۲۰۲۱ءمیں لانچ کیا جائے گا

Volvos 60 .Picture :INN
والووایس ۶۰؍ ۔ تصویر:آئی این این

 سویڈن کی لگژری کار یں بنانے والی کمپنی والوو نےحال ہی میں اپنی ۱۰؍مختلف ماڈلز کا کریش ٹیسٹ اپنے ہی انداز میں کیا ہے۔ کمپنی نے کرین کے ذریعے ان کاروں کو اونچائی سے پٹخ کر یہ باور کرایا کہ  اس کی کاریں مضبوط ہیں اور سلامتی کے اعتبار سے بہترین ہیں۔ سویڈن کی یہ آٹوموبائل کمپنی مارچ ۲۰۲۱ء میں اپنی تیسری جنریشن کی کار والوو ایس ۶۰؍ کو لانچ کرے گی۔  اس نئی کار کا ہم نے ٹرائل رن کیا اور اس کا تجربہ اور مشاہدہ اس مضمون میں پیش کررہے ہیں۔
والوو ایکس ۶۰؍کا ڈیزائن ایسا ہے: والوو نے اپنی نئی کار’ایس ۶۰‘ کو صرف ایک ہی ویریئنٹ ’فور ٹی انسکرپشن‘ میں متعارف کرایا ہے۔ حالانکہ عالمی بازار میں یہ گاڑی ایک سے زیادہ ویریئنٹ میں دستیاب ہے۔  خیر ہندوستان میں جو ماڈل متعارف کرایا جائے گا اس کا ڈیزائن بالکل نیا ہے۔ اگلے حصے میں بنٹی گِرِل دی گئی ہے۔ فرنٹ ہیڈلائٹس’تھورس ہیمر‘ انداز کے ہیں۔ کار کے دائیں اور بائیں جانب پرکشش لائنس دی گئی ہیں۔ ۱۸؍انچ کے ۱۰؍ اسپوک بلیکس ڈائمنڈ کٹ الائے وہیل اور مضبوط شولڈر لائن  گاڑی کو پریمیم کار کا لُک دیتے ہیں۔ یہ کار والوو کی ہی ایس ۹۰؍ سیڈان کا چھوٹا ورژن لگتی ہے۔ 
 انٹیریئرایسا ہے: ایس ۶۰؍کے اندرونی حصے کی بات کریں تو اس کا چارکول رنگ کا انٹیریئر خوبصورت لگتا ہے ۔ ڈیش بورڈ بھی دیکھنے میں پیارا لگتا ہے۔ ۹؍انچ کا ورٹیکل شیپ انفوٹینمنٹ سسٹم ایپل کارپلے اور اینڈرائیڈ آٹو سے لیس ہے۔ ٹچ اسکرین کافی حساس  ہے اور تیزی سے کام کرتا ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ اینٹی رفلیکٹیو کوٹنگ کے ساتھ آتا ہےجو تیز دھوپ کی چمک کو کم کردیتا ہے۔ اس سسٹم کو آپ اسٹیئرنگ وہیل پر دئیے گئے کنٹرولز سے بھی چلاسکتے ہیں۔ اسٹیئرنگ وہیل کے پیچھے ۱۲؍ انچ کا ڈرائیور ڈسپلےدیا گیا ہے۔  کار کے سینٹر کنسول پر گیئر نوب کے ساتھ اسٹارٹ اسٹاپ بٹن، ڈرائیوموڈ کا کنٹرول اور وائرلیس چارجر دیا گیا ہے۔  والوو ایس ۶۰؍ میں ۴؍زون کلائمیٹ کنٹرول ملتا ہے اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ کمپنی نے اس میں ’کلین زون ٹیکنالوجی‘ بھی دی ہےجو باہر کی دھول اور آلودگی کے ذرات کو روک لیتی ہے۔ اس سے مسافر کو گاڑی میں تازہ ہوا کا احساس ہوتا ہے۔ نشستوں کی بات کریں تو یہ کافی آرام دہ محسوس ہوئیں۔ کمپنی نے اگلی سیٹیں پوری ہیوم باڈی کےحساب سے ڈیزائن کی ہیں جنہیں آپ ایک آرام دہ حالت میں الیکٹریکلی ایڈجسٹ  کرسکتے ہیں۔ پچھلی نشستیں بھی کافی اچھی ہیں۔ پیروں کے لئے یہاں بالکل مناسب جگہ موجود ہے۔ لمبے سفر کیلئے بھی سیٹیں بالکل موزوں ہیں۔  پچھلے حصے میں نشستوں کے درمیان پانی کی بوتل اور سامان رکھنے کی جگہ دی گئی ہے ۔ کار میں ۶۰۰؍ واٹ کے ساتھ ہارمن کارڈن کے ۱۴؍ اسپیکر اور ایک پینورامک سن روف دی گئی ہے۔ اس کےعلاوہ کارمیں ۳۹۱؍ لیٹر کا بُوٹ اسپیس دیا گیا ہے۔ 
والوو ایکس ۶۰؍کی کارکردگی: والوو کی اس نئی کار کو ڈرائیو کرنے کا تجربہ بڑا پرلطف رہا۔ کمپنی نے اس کار میں صرف ایک ہی انجن یونٹ دیا ہے جو ۲ء۰؍ لیٹر، فور سلنڈر پیٹرول ہے۔ یہ انجن ۱۹۰؍ ایچ پی اور ۳۰۰؍ این ایم کا ٹورک دیتا ہے۔ انجن کے ساتھ ۸؍ اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن ملتا ہے جو فرنٹ وہیل پر پاور سپلائی کرتا ہے۔ جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ اس کار کو ہندوستان میں صرف ایک ہی ویریئنٹ میں دستیاب کرایا گیا ہے جو مائلڈ ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ حالانکہ عالمی بازار میں یہ گاڑی پاور فل انجن کے ساتھ آل وہیل ڈرائیو اور پلگ اِن ہائبرڈ ویریئنٹ میں بھی موجود ہے ۔ انجن اور گیئر باکس دونوں ہی اپنا کام بہترین طریقے سے کرتے ہیں۔ 
تین؍ڈرائیونگ موڈس: والووایس ۶۰؍ میں کمفرٹ، اِکو اور ڈائنامک نامی تین ڈرائیونگ موڈس دئیے گے ہیں اور ہر موڈ پر انجن کے ساتھ اسٹیئرنگ وہیل کا ردعمل مختلف طرح کا معلوم ہوتا ہے۔ کمفرٹ موڈ پر گاڑی کا انجن ، ٹرانسمیشن اور سسپینش آپ کو ایک آرام دہ ڈرائیونگ کا مزہ دیتا ہے ۔ وہیں اِیکو موڈ سے آپ کو ایک اچھا مائیلیج اور ڈائنامک موڈ کے ذریعے آپ ایس ۶۰؍ سے ایک اسپورٹس کار جیسا لطف اٹھاسکتے ہیں۔ گاڑی کی بریکنگ عمدہ  ہے اور سسپینشن بھی اچھے ہیں۔ مجموعی طور پر ڈرائیو  کے دوران گاڑی میں بیٹھنے کا تجربہ خوشگوار رہا۔ 
سیفٹی فیچرس: والوو نےا س کار میں بھی  سیفٹی فیچرس پر خاصی توجہ دی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بڑے حادثے کے دوران بھی یہ مسافر کی سلامتی کا خاص خیال رکھتی ہے اور شدید چوٹوں سے بچاتی ہے۔ اس کار کو ’یورو این سی اے پی ‘ کے کریش ٹیسٹ میں ۵؍ اسٹار ریٹنگ مل چکی ہے۔ والوو کی اس کار میں فورڈ سے مستعار چیسس دی جاتی تھی لیکن اب کمپنی نے اس کار کو اپنی نئی اسکیل ایبل پروڈکٹ آرکیٹکچرپلیٹ فارم پر تیار کیا ہے۔ علاوہ ازیں کچھ سیفٹی فیچرس کے طور پر کمپنی نے اس میں اڈاپٹیو کروز کنٹرول، لین کِیپ اسسٹ، اسپیڈ الرٹ اور ڈرائیور الرٹ سسٹم جیسے فیچرس بھی دئیے ہیں۔
ہمارا فیصلہ: سلامتی کے لحاظ سے والوو ایس ۶۰،اس  سیگمنٹ کی سبھی گاڑیوں میں اپنی برتری ثابت کرتی ہے۔ اسے چلانے کا تجربہ شاندار رہا اور اس کی کارکردگی بھی بہترین معلوم ہوئی۔ حالانکہ اس کار میں ڈیزل انجن کی کمی محسوس ہوسکتی ہے ۔ ہندوستانی بازار میں ایس ۶۰؍ کا مقابلہ بی ایم ڈبلیو ۳؍ سیریز، مرسڈیز بینز سی کلاس، جیگوار ایکس ای اور آؤڈی اے فور سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK