Inquilab Logo

راجستھان کا ایک بڑھئی جس نےتعلیم ادھوری چھوڑی تھی اب وکی پیڈیا کا ہندی ایڈیٹرہے

Updated: January 14, 2021, 12:39 PM IST | Inquilab News Network / Agency

راجوجِنگڑ نے بارہویں کا پرائیویٹ امتحان دیا پھر کام کرتے ہوئے بی اے مکمل کیا اوراب وہ وکی پیڈیا کے لئے پروجیکٹ کام کررہے ہیں

Raju Jingar
راجو جنگڑ

 دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جو چھوٹی چھوٹی پریشانیوں  سے گھبراجاتے ہیں اور ہمت ہاردیتے ہیں جبکہ ایسے بھی باعزم  افراد ہیں جو ہر طرح کی مصیبتوںکا سامنا ڈٹ کرکرتے ہیں۔ اگر آپ کو نامساعد حالات کا کبھی سامنا ہو تو آپ موخر الذکر افرادکی طرح ثابت قدم رہیں۔ ہم راجستھان کے رہنے والے ایک ایسے ہی بلند حوصلہ شخص سے آپ کا تعارف کروانے جارہے ہیں جو پیشہ سے بڑھئی تھے  اوراب  وہ وکی پیڈیا ہندی میں بحیثیت ایڈیٹر کام کررہے ہیں۔ 
 راجستھان کے جودھپور ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے رہنے والے ۲۲؍ سالہ راجو جِنگڑ کی کہانی دلچسپ اور ترغیبی ہے۔ وہ پیشہ سے بڑھئی ہیں اور گھریلو حالات کے سبب اسکولی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی تھی۔ راجو کی اسکول تو چھوٹ گئی لیکن ان کا علم کا شوق کم  نہیں ہوا۔  راجو نے اپنے موبائل فون کے ذریعہ وکی پیڈیا کے لئے  تقریباً ۱۸۰۰؍ مضامین لکھے اور تقریباً ۵۷؍ہزار صفحات کی ترمیم(ایڈیٹنگ) کا کام بھی کیا ہے۔  وہ وکی پیڈیا ہندی کے ایڈیٹر بن گئے ہیں۔ 
 ۱۰؍جنوری۲۰۲۱ء کو ’عالمی یوم ہندی ‘ کے موقع پر راجو جِنگڑ کی یہ کہانی خبر رساں ایجنسی کے ذریعہ منظر عام پر آئی ۔ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  راجو جنگڑ ، جودھپور کے قریب واقع تھاڑیا نامی ایک چھوٹے سے دیہات میں رہتے ہیں۔ ان کے وکی پیڈیا ایڈیٹر بننے کا سفر کچھ یوں شروع ہوا کہ ایک بار وہ موبائل پر وکی پیڈیا کے ہندی ورژن پر  اپنے گاؤں کے متعلق معلومات دیکھ رہے تھے، انہیں حیرت ہوئی کہ گاؤں کے متعلق یہاں کچھ بھی موجود نہیں ہے۔ اس وقت وہ آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھے۔ انہوں نے اس وقت وکی پیڈیا ہندی پرشوقیہ طور پر معلومات اپ ڈیٹ کرنے کا کام شروع کیا۔  دسویں کے بعد انہیں تعلیمی سلسلہ ترک کر نا پڑا۔ راجو نے پرائیویٹ طور پر بارہویں مکمل اور پھر بی اے بھی مکمل کیا۔  اس دوران وہ بڑھئی کے طور پر کام کرتے رہےاور روزانہ اپنے کام کے بعد فارغ اوقات میں وکی پیڈیا کیلئے لکھنے اور ایڈیٹنگ کا کام بھی کرتے رہے۔
  وکی پیڈیا انتظامیہ ان کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا۔ راجو کی ستائش و پزیرائی کے لئے وکی پیڈیا نے۲۰۱۶ء میں انہیں  اپنی جانب سے ایک لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا اور ساتھ ہی مفت انٹرنیٹ کی سہولت بھی مہیا کرائی۔ اب راجو وکی پیڈیا کے ہندی سیکشن کے لئے پرائیویٹ  پروجیکٹ  پر کام کرتےہیں۔ وہ صحت، کرکٹ کی کٹیگریز پر مضامین لکھتے ہیں۔ اب تک وہ وکی پیڈیا کے کئی کنویشن میں شرکت بھی کرچکے ہیں۔ اس وقت راجو جِنگڑ وکی پیڈیا کے ’وِکی ہیلتھ‘ کیلئے کام کررہے ہیں۔ اس کے تحت وہ صحت کے متعلق مضامین ہندی میں لکھتے ہیں اور ایڈیٹنگ کا کام بھی کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK