Inquilab Logo

ٹویٹر میں مختصر آڈیو پیغام ٹویٹ کرنے کا نیا فیچر جلد ہی شامل کیا جائیگا

Updated: June 22, 2020, 12:37 PM IST | Agency

مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹرجلد ہی اپنے صارفین کو مختصر آڈیو پیغام ٹویٹ کرنے کا فیچر دستیاب کرائے گا

Twitter - Pic : INN
ٹویٹر ۔ تصویر : آئی این این

مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹرجلد ہی اپنے صارفین کو مختصر آڈیو پیغام ٹویٹ کرنے کا فیچر دستیاب کرائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ فیچر آئی او ایس  صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے اس نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔  یہ فیچر صارفین کو مختصر آڈیو کلپ ریکارڈ اور شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا جسے کمپنی نے ’ٹوئٹنگ وِد یور وائس ‘کا نام دیا ہے۔اس بارے میں ٹویٹر کی پروڈکٹ ڈیزائنر مایا پیٹرسن نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ’’کئی بار۲۸۰؍ حروف کافی نہیں  ہوتے اور کچھ روایتی محاورے ترجمے میں گم ہوجاتے ہیں، تو آج سے ہم نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے، تاکہ ٹویٹر کو مزید انسانی تچ دیا جاسکے، یعنی آپ کی آواز۔‘‘ معلوم ہوکہ  وائس ٹوئٹس ٹائم لائن میں کسی ویڈیو سے ملتے جلتے نظر آئیں گے بلکہ یہ پلے بھی ایک ویڈیو جیسے باکس میں ہوں گے۔ مگر ان میں ویڈیو کو دیکھنے کی بجائے صارف کی پروفائل تصویر نظر آئے گی جو حرکت کررہی ہوگی۔ اسے استعمال کرنے کے لئے  ’ٹوئٹ کمپوزر‘ اوپن کرکے نئے ویو لینتھ آئیکون کو کلک کرکے آڈیو کو ریکارڈ کرنا ہوگا۔ کمپنی کے مطابق ہر وائس ٹویٹ میں۱۴۰؍ سیکنڈ کی آڈیو ریکارڈ کی جاسکے گی۔ اگر ریکارڈنگ اس سے زیادہ طویل ہوگی تو خودکار طور پر پوسٹ میں وائس ریکارڈنگز کا تھریڈ بن جائے گا۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ فیچر فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز پر ٹویٹر استعمال کرنے والے محدود افراد کو دستیاب ہوگا۔ آنے والے ہفتوں میں یہ تمام آئی او ایس صارفین کو دستیاب ہوگا جبکہ ہر ایک ان آڈیو پیغامات کو اپنی ٹوئٹر ٹائم لائن میں دیکھ سکے گا تاہم ایندرائیڈ صارفین کے لئے  اس کی دستیابی کے بارے میں کمپنی نے ابھی کوئی اطلاع نہیں دی ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK