اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک نے ایکس پر لکھا: ”وہ اسے جتنا زیادہ چھپانے کی کوشش کریں گے، یہ اتنا ہی زیادہ سامنے آئے گا۔“
EPAPER
Updated: September 09, 2025, 9:59 PM IST | London/Washington
اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک نے ایکس پر لکھا: ”وہ اسے جتنا زیادہ چھپانے کی کوشش کریں گے، یہ اتنا ہی زیادہ سامنے آئے گا۔“
برطانیہ میں سرگرم تنظیم ’فلسطین ایکشن‘ پر حکومتی پابندی کے خلاف مظاہروں کے دوران ۹۰۰؍ سے زائد افراد کی گرفتاری پر ایک برطانوی آرٹسٹ نے لندن کی ایک عدالت کی دیوار پر میورل بنایا۔ اس میں ایک جج کو ہتھوڑے سے مظاہرہ کرنے والے شخص کو مارتا دکھایا گیا ہے۔ دنیا کے مشہور اسٹریٹ آرٹسٹ بینکسی کا یہ تازہ ترین فن پارہ اس ہفتے رائل کورٹس آف جسٹس کی دیواروں پر نمودار ہوا لیکن اسے چند گھنٹوں میں ہی عوام کی نظروں سے ہٹا دیا گیا اور دیوار کو رنگ کردیا گیا۔
عدالت کی کوئینز بلڈنگ کی طرف بنے اس میورل میں ایک جج کو وِگ اور گاؤن پہنے ہوئے ایک شخص کو ہتھوڑے سے مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس شخص کے ہاتھ میں ایک تختہ تھا جس پر لال رنگ کے چھینٹے تھے جو خون سے مشابہت رکھتے تھے۔ پیر کی صبح، بینکسی نے انسٹاگرام پر تصدیق کی کہ یہ میورل انہوں نے ہی بنایا تھا۔ انہوں نے اس کے ساتھ دو تصاویر پوسٹ کیں اور اس پر لکھا: ”رائل کورٹس آف جسٹس، لندن۔“ تاہم، چند گھنٹوں کے اندر ہی، حکام نے اس میورل کو سیاہ پلاسٹک کی چادروں سے ڈھک دیا اور اس کے گرد رکاوٹیں لگا دیں۔ لوگوں کو قریب آنے سے روکنے کیلئے سیکوریٹی گارڈز کو بھی وہاں تعینات کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر بحث
میورل کو ہٹانے میں اس قدر تیزی دکھانے پر سوشل میڈیا صارفین نے حکام پر تنقید کی ہے۔ کئی صارفین نے کہا کہ اس کارروائی نے خود اس فن پارے کے پیغام کو اجاگر کیا ہے۔ ایکس پر ایک صارف نے لکھا کہ ”بینکسی کی طرف سے عدالتوں کے لوگوں کو سینسر کرنے پر طنز کرنے کے ایک گھنٹے بعد ہی، عدالتوں نے ان کے کام کو سینسر کر دیا۔“
اس میورل کے بنائے جانے کا وقت بھی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ گزشتہ دنوں، پولیس نے فلسطین ایکشن سے منسلک تقریباً ۹۰۰ مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔ فلسطین ایکشن، اسرائیل سے جڑی کمپنیوں کو نشانہ بناتا ہے لیکن اب گروپ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صارفین کا خیال ہے کہ بینکسی کا یہ میورل احتجاج کے حقوق پر ہونے والی اس کارروائی کا ردعمل تھا۔ واضح رہے کہ بینکسی اپنے گرافٹی کے ذریعے سیاست، جنگ اور سماجی انصاف پر تبصرہ کرنے کیلئے مشہور ہیں۔ ان کے کام اکثر ظاہر ہونے کے بعد جلد ہی غائب ہو جاتے ہیں، لیکن ایسا ہونے سے پہلے ایک شدید بحث چھیڑ جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: وینس فلم فیسٹیول: ایوارڈ خطاب میں انوپرنا رائے کا فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی
ایلون مسک کا ردعمل
اس تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے، امریکی ارب پتی ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ”وہ اسے جتنا زیادہ چھپانے کی کوشش کریں گے، یہ اتنا ہی زیادہ سامنے آئے گا۔“ انہوں نے اس فن پارے کو ”انتہائی طاقتور“ قرار دیا۔ ایک پوسٹ میں انہوں نے ایک صارف سے اتفاق کیا کہ میورل کا میسج ”انتہائی طاقتور“ ہے۔
The more they try to cover it up, the more it will appear https://t.co/tB5c7z5jo5
— Elon Musk (@elonmusk) September 8, 2025
بہت سے صارفین اس واقعے کا موازنہ ”اسٹرائیسینڈ ایفیکٹ“ سے کررہے ہیں جہاں کسی چیز کو چھپانے کی کوشش اسے اور بھی زیادہ مشہور کر دیتی ہے۔