Inquilab Logo

نوئیڈا کا نوجوان جس نے اپنی کمپنی کا کاروبار ۶۰۰؍ کروڑ تک پہنچادیا

Updated: November 28, 2023, 12:10 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بی کام مکمل کرنے کے بعد ساگرگپتا نے سی اے بننے کا ارادہ ترک کیا اور ٹی وی اور الیکٹرانک آلات کے پروڈکشن کے کاروبار میں قدم رکھا۔

26-year-old Sagar Gupta started this business at the age of 22. Photo: INN
۲۶؍ سالہ ساگر گپتا نے۲۲؍ سال کی عمر میں اس کاروبار کی شروعات کی تھی۔ تصویر : آئی این این

کالج کی تعلیم مکمل ہوتے ہی  بیشتر نوجوان ملازمت کی تلاش میں سرگرداں ہوجاتے ہیں ، لیکن ہم  ایک ایسے نوجوان کی بات کررہے ہیں جس نے ڈگر سے ہٹ کر کام کیا۔ اس نے ملازمت کے بجائے کاروبار کو ترجیح دی اور آج وہ نوجوان ۶۰۰؍کروڑ روپے کی کمپنی کا مالک بن گیا ہے۔ یہ ہونہار نوجوان نوئیڈا، دہلی کا رہنے والے ساگر گپتا ہے، جس نے اپنی محنت اور لگن سے الیکٹرانک اشیاء کے پروڈکشن کے کاروبار میں  اپنی ایک علاحدہ شناخت اورمقام بنالیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چار سال قبل جس وقت ساگر نے پروڈکشن کاروبار میں  قدم رکھا تھا تب اس کی عمر کی ۲۲؍ سال تھی ،آج وہ عمر کی ۲۶؍ویں  بہار میں کامیاب کاروباری بن گیا ہے جس کی کمپنی ۶۰۰؍ کروڑ روپے مالیت کی کمپنی بن چکی ہے۔ 
 تفصیلات کے مطابق ساگرگپتا نے بی کام مکمل کرنے کے بعد مینوفیکچرنگ کاروبار میں قدم رکھا۔ اس ہونہار نوجوان نے ۲۰۱۷ء میں اپنے والد کے ساتھ مل کر ’ایکّا الیکٹرانکس‘ کی شروعات کی تھی۔ محض چار سال کے اندر ساگر نے اس کمپنی کا کاروبار ۶۰۰؍ کروڑ روپے تک پہنچایا ہے۔ آئیے جانتے ہیں  کہ ساگر کو یہ کامیابی کیسے حاصل ہوئی۔ساگر کا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے ہے۔ اس کے والد چپ میکنگ کاروبار سے جڑے ہوئے تھے۔ اس تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساگر نے اس میدان میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا۔ حالانکہ ساگر کے والد چاہتے تھے کہ بیٹا چارٹر ڈ اکاؤنٹنٹ بن جائے۔ ساگر بھی پڑھائی دل لگاکر کرتا تھا۔ وہ سی اے بننے کیلئے کوچنگ کلاس سے بھی جڑگیا تھا۔ تاہم دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج آف کامرس سے بی کام مکمل کرنے کے بعد اس نے سی اے بننے کا ارادہ بدل دیا۔ ساگر نے گریجویشن مکمل ہونے کے بعد والد کے ایل ای ڈی ٹیلی ویژن یونٹ ایکا الیکٹرانکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ساگر گپتا نے بتایا کہ میرے والد سیمی کنڈکٹر کے کاروبار سے جڑے ہوئے تھے، انہیں اس لائن میں کام کرتے ہوئے تقریباً ۳۰؍ سال ہوچکے ہیں ۔ میں  نے والد کے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کاروبار کو بنانے اور پھیلانے کی کوشش کی ۔ جس میں  مجھے والد کے تجربے سے کافی مدد ملی ۔ آج مجھے سیمسنگ، توشیبا اور سونی جیسے برانڈ کے لئے ٹیلی ویژن سیٹ تیار کرنے کا کام مل رہا ہے۔ آج ایکا الیکٹرانکس میں  تیار ہونے والے ایل سی ڈی ٹی وی ، ایل ای ڈی ٹی اور اس طرح کے جدید طرز کے ٹیلی ویژن سیٹ کے ۱۰۰؍ سے زائد بڑے خریدار ہیں ، اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کا یہ کاروبار پھل پھول رہا ہے۔ ایکا الیکٹرانکس ایک ماہ میں  تقریباً ایک لاکھ سے زائد ٹی وی تیار کرتی ہے۔ ۲۳۔۲۰۲۲ء میں  کمپنی کا ٹرن اوور ۶۰۰؍ کروڑ روپے تھا۔ 
 ساگر گپتا اپنی کمپنی ایکا الیکٹرانکس کا کاروبار پھیلانا چاہتا ہے اور اس کے لئے وہ نوئیڈا میں ایک نیا پروڈکشن پلانٹ ڈالنا چاہتا ہے ۔ اس کے لئے اس نے تین سال میں  ایک ہزار کروڑ روپےکی سرمایہ کاری جٹانے کا عزم کیا ہے۔ اس نئے پروڈکشن پلانٹ میں  واشنگ مشین، اسمارٹ واچ، ایئر فون، ہیڈفون اور ٹووائرلیس اسٹیریو جیسے آلات بنائے جائیں  گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK