Inquilab Logo

اندور کے سبزی فروش کی بیٹی انکیتا ناگر جج بن گئی

Updated: May 11, 2022, 12:17 PM IST | Agency | Indore

کامیابی کی کہانی : اندور کے سبزی فروش کی بیٹی انکیتا ناگر جج بن گئی ، اس سے پہلے انکیتا کو۲؍ بار ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 کہتے ہیں کہ محنت کبھی ضائع نہیں جاتی، مسائل اور غریبی کچھ رکاوٹیں ضرور کھڑی کرسکتے ہیں لیکن مستقل رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ ایسا ہی کچھ ہوا اندور کے سبزی فروش کی بیٹی انکیتا ناگر کے ساتھ جس نے سول جج امتحان  میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انکیتا، اندور کے موسیٰ کھیڑی میں واقع سیتا رام پارک کالونی کی رہنے والی ہے ۔ انکیتا کے والد اشوک ناگر سبزی فروش ہیں اور اس کی والدہ لکشمی لوگوں کے گھروں میں کھانا پکانے کا کام کرتی ہیں۔ جدوجہد کے دورسے گزرنے والے  اس خاندان کی بیٹی انکیتاکے لئے جج بننا کسی خواب سے کم نہیں تھا مگر اس نے ٹھان لیا تھا کہ وہ اپنا ہدف حاصل کرے گی۔ انکیتانے اندور کے ویشنو کالج سے ایل ایل بی کی اور ۲۰۲۱ء میں ایل ایل ایم کا امتحان کامیاب کیا۔ معاشی مسائل کے سبب والد نے قرض لے کر کالج کی فیس ادا کی۔ گھر بھی چھوٹا اور کچا  ہونے کے سبب  انکیتا کو پڑھائی میں دقت ہوتی تھی۔ اس کا کمرہ ایسا تھا کہ گرمی میں تمازت اور تپش سے برا حال ہوتا اور بارش میں چھت ٹپکتی تھی۔ ان سب کے باوجود اس نے ہمت نہیں ہاری اور پوری دلجمعی کے ساتھ پڑھائی کرتی رہی  ۔ ایل ایل ایم کے بعد اس نے سول جج امتحان کی تیاری شروع کی ۔ ابتدائی ۲؍ کوششوں  میں انکیتا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن انکیتا نے اپنی تیاری اور کوشش جاری رکھی۔  بالآخر ۳؍ سال کی اس کی شب وروز کی محنت گزشتہ ماہ رنگ لائی۔ انکیتا کے والد اشوک ناگر نے بتایا کہ ان کی بیٹی لمبے وقت سے جدوجہد کررہی تھی، معاشی حالات ٹھیک نہیں تھے ایسے میں اس کی پڑھائی کے لئے مجھے بار بار قرض لینا پڑتا تھا۔  انکیتا نے بتایا کہ وہ روزانہ ۸؍گھنٹے پڑھائی کرتی تھی اور شام کو جب والد کے ٹھیلے پر بھیڑ ہوتی تو وہ ان کا ہاتھ بٹانے پہنچ جاتی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK