جسامت، حجم، استعداد اور تکنیکی اعتبار سے ۱۰؍اقسام کی کاروں کا مختصر تعارف پیش کیا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: April 11, 2020, 6:09 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai
جسامت، حجم، استعداد اور تکنیکی اعتبار سے ۱۰؍اقسام کی کاروں کا مختصر تعارف پیش کیا جارہا ہے۔
آٹو موبائل مارکیٹ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ دنیا کی سبھی کمپنیوں کی مختلف قسم کی کاریں اب ملک کی سڑکوں پر دوڑتی نظر آتی ہیں ۔ چھوٹی کار، بڑی کار، لمبی کار یہ وہ نام ہیں جنہیں عام بول چال کی زبان میں استعمال کرتے ہیں ۔ جان لیجئے کہ ان کاروں کے نام / ماڈل نام کے علاوہ بھی ان کی پہچان اور سیگمنٹ ہوتے ہیں ۔ اسی کےتحت اس مضمون میں گاڑیوں کی ۱۰؍اقسام پر مختصراً معلومات فراہم کررہےہیں ۔
اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل، ایس یو وی
آپ نے ’ایس یو وی کار‘ تو سنا ہی ہوگا۔ اس کا فل فارم ہے ’اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل‘ ۔ ایس یو وی کاریں لمبی ہوتی ہیں اور ان کے ٹائر بھی بڑے ہوتے ہیں ۔ اس میں زیادہ مسافر وں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ اتنا ہی نہیں اس کا ’گراؤنڈ کلیئرنس ‘ بھی زیادہ ہوتا ہے ۔اس میں انجن کا حصہ الگ ہوتا ہے۔تاہم مسافر اور سامان کا حصہ منسلک ہوتا ہے۔ہونڈا سی آروی،ٹاٹا سفاری،پجیرو، فورچیونر ،اینڈویئر وغیرہ مشہور ایس یو وی کاریں ہیں ۔
ہیچ بیک کیا ہوتی ہے ؟
ہیچ بیک کا لغوی معنی ہے ،کوئی ایسی چیز جس میں پیچھے کی جانب ’سلوپ‘ ہو اور اس کا دروازہ اوپر کی طرف کھلتا ہو۔ہیچ بیک کار دراصل ۲؍حصوں پر مشتمل ہوتی ہے ایک حصہ وہ جہاں انجن لگا ہوتا ہے،دوسرا حصہ وہ جہاں ڈرائیور اور مسافر بیٹھتے ہیں اور سامان رکھنے کی جگہ بھی اسی حصے میں دی جاتی ہے۔مطلب بیٹھنے اور سامان رکھنے کے درمیان کوئی پارٹیشن نہیں ہوتا۔ٹاٹا انڈیگو،ماروتی سوئفٹ، بولینو، ہنڈئی ایلیٹ،رینو کویڈ،ماروتی آلٹو وغیرہ ہیچ بیک کاریں ۔
سیڈان کار کیا ہوتی ہے ؟
سیڈان وہ کار ہوتی ہے جو تین حصوں پر مشتمل ہوتی ہے، انجن کی جگہ،مسافروں کی جگہ اور سامان رکھنے کیلئے مختص علاحدہ جگہ ، مطلب یہ کہ مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ اور سامان رکھنے کی جگہ میں پارٹیشن ہوتا ہے۔سیڈان کی بھی ذیلی قسمیں ہیں جیسے نوچ بیک، فاسٹ بیک، کامپیکٹ ، سَب کامپیکٹ وغیرہ ۔ ٹاٹا انڈیگو،مہندرا لوگن،ٹویوٹا کیمری وغیرہ سیڈان گاڑیاں ہیں ۔
کراس اوور کارکیا ہوتی ہے ؟
کراس اوور وہ کار ہوتی ہے جو ہیچ بیک کے ساتھ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل کی خوبیوں سے لیس ہوتی ہیں ۔یہ کارایس یووی کی طرح باڈی آن فریم پلیٹ فارم پر بیسڈ نہیں ہوتی ہے ۔اس میں چھوٹااور اکنامی انجن ہوتا ہے۔ کراس اوور گاڑیوں میں والوو۶۰، ہنڈئی آئی ٹوئنٹی ایکٹیو، مہندرا ٹی یو ۳۰۰؍پلس ،نسان ککس، دیٹسن وغیرہ شامل ہے۔
کُوپ کار کیا ہوتی ہے؟
’کُوپ ‘ دراصل ۲؍ دروازوں والی چھوٹی کار ہوتی ہے جو ’فِکسڈ رُوف‘ کیساتھ آتی ہے۔اس کار میں عموماً ۲؍ہی سیٹیں ہوتی ہیں ۔ یہ اوسط کار سے کم سائز والی ہوتی ہے۔ آڈی آر ایٹ،فورڈ مسٹینگ،مرسڈیز بینز جی ایل یو کُوپ وغیرہ ہیں ۔کوپ اسپورٹس لُک والی ہوتی ہیں ۔
اِسٹیٹ؍اسٹیشن ویگن کیا ہوتی ہے؟
سیڈان اور ہیچ بیک کا امتزاج ہوتی ہےکیونکہ یہ دکھنے میں تو سیڈان کی طرح ہوتی ہے لیکن ہیچ بیک کی طرح اس کی ڈِکی بھی اوپر کی طرف کھلتی ہے۔ اس میں سامان کیلئے الگ ’لگیج کمپارٹمنٹ‘نہیں ہوتا لیکن آپ سیٹ کو فولڈ کرکے سامان رکھنے کیلئےا چھی خاصی جگہ بناسکتے ہیں ۔جیسے کہ والووی نائنٹی کراس کنٹری، انڈیگومرینا،آکٹیویا کومبی وغیرہ ۔
کنورٹیبل کار کیاہوتی ہے؟
اسے کیبرولیٹ اور روڈسٹر بھی کہا جاتا ہے ۔ اس کار کی چھت کو چڑھانے ،اتارنے کا متبادل ہوتا ہے۔ بغیر چھت کی اس گاڑی کو ہوا کے جھونکوں کیساتھ چلانے کا الگ ہی مزہ ہے۔ اس گاڑی میں فولڈہونیوالی چھت بھی ہوتی ہے اور ہارڈ رُوف بھی جسے نکال کر رکھا جاسکے۔کنورٹیبل میں مرسڈیز اے ایم جی ایس ایل سی ۴۳،آڈی اے تھری کیبرولیٹ،فیراری کیلیفورنیا ٹی وغیرہ شامل ہیں ۔
ملٹی یوٹیلیٹی وہیکل(ایم یووی) کیاہوتی ہے؟
ملٹی یوٹیلیٹی وہیکل وہ گاڑی ہوتی ہے جو مسافر برداری اور مال برداری دونوں کام انجام دیتی ہے ۔ اسے ملٹی پرپز وہیکل بھی کہا جاتا ہے ۔ ان کے ٹائر بڑے ہوتے ہیں ۔ سیٹ اونچی ہوتی ہے اور زمین سے کافی اونچی ہوتی ہے ۔ اس گاڑی کو عام راستوں پر زیادہ مسافر اور سامان لیجانے کیلئے بنایا جاتا ہے اور اسے بڑی فیملی کار بھی کہا جاتا ہے۔ کچھ بہترین مثالیں :دیٹسن گوپلس،ٹویوٹا اِنووا،مہندرا ژائلو،ٹاٹا سومو وغیرہ ہیں ۔
پِک اَپ وین کیاہوتی ہے؟
یہ وہ کار ہوتی ہے جس میں سامان برداری کیلئے مخصوص حصہ ہوتا ہے جو مسافر کیلئے مختص جگہ سے علاحدہ ہوتا ہے ۔ ’کارگو‘ کہلانے والا یہ حصہ کھلا ہوتا ہے جو عام طور پر کار کی پچھلی جانب میں ہوتا ہے۔اس کار کو بیرونی ممالک میں ’پِک اَپ ٹرک‘ بھی کہا جاتا ہے۔ سب سے پہلی پک اَپ کار ۱۹۱۳ء میں متعارف کرائی تھی۔ آج پک اپ کار دنیا بھر میں مقبول ہے اور متعدد کمپنیاں نئے انداز کی ایسی کاریں متعارف کرارہی ہیں ۔ ہندوستان میں پک اَپ کار میں مہندرا بولیرو ، مہندرا اسکارپیوگیٹ وے، ٹاٹا ٹیلکولائن،اسوزو ڈی میکس، اسکارپیو وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔
مائیکرو کار کیاہوتی ہے؟
مائیکرو کار سب سے چھوٹی کار کو کہا جاتا ہے جس میں عموماً ایک یا دو مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ مشرقی ممالک بالخصوص برصغیر میں جو مائیکرو کاریں ہوتی ہیں ان میں ۴؍مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ مائیکرو کار کو ۱۹۴۰ء تک ’سائیکل کارس‘کہاجاتا ہے۔اسے ببل کار بھی کہتے ہیں ۔ہندوستان میں ماروتی آلٹو، رینالٹ کویڈ،ٹاٹا ٹیاگودیٹسن گو وغیرہ مائیکرو کاریں ہیں ۔