Inquilab Logo

بہار پبلک سروس کمیشن ،۵؍مسلم امیدواروں نے اعلیٰ عہدے حاصل کئے

Updated: June 08, 2021, 5:35 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ریاستی سروسیز کے ایڈمنسٹریٹیو ، پولیس سمیت کئی اہم سرکاری محکموں کے افسران کیلئے کل ۱۴۵۴؍امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں  ۸۲؍مسلم امیدوار شامل

Mohamed Adil Bilal. Picture:INN
محمد عادل بلال ۔تصویر :آئی این این

بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے ۶۴؍ویں امتحان کا فائنل امتحان کے نتائج اتوار کو جاری کئے گئے۔ کل ۱۴۵۴؍ امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ہے جن میں ۸۲؍ مسلم امیدوار شامل ہیں۔  تفصیلات کے مطابق بی پی ایس سی کے اس بھرتی امتحان کے لئے ۴؍لاکھ ۷۱؍ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواست دی تھی۔ بی پی ایس سی کے نوٹس کے مطابق حکومت کے ۲۴؍ محکموں کی مختلف خدمات کے لئے کل ۱۴۶۵؍ عہدوں کے لئے ۲۰؍نومبر ۲۰۱۸ء تک ۴؍لاکھ ۷۱؍ ہزار ۵۱۸؍ امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں ۔ ان میں سے تقریباً ۳؍ لاکھ امیدوار دسمبر ۲۰۱۸ء میں منعقدہ پرلمنری امتحان میں شریک ہوئے تھے۔ اس امتحان میں ۱۹؍ہزار سے زائد امیدوار مینس امتحان کے لئے کوالیفائی ہوئے تھے۔  جن میں سے ۱۸؍ہزار ۵۴۳؍ طلبہ نے درخواست دی اور ۱۵؍ہزار ۸۰۰ ؍امیدوار فائنل امتحان میں شریک ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ  بی پی ایس سی مینس تحریری امتحان کا نتیجہ ۱۶؍ جولائی ۲۰۲۰ء کو جاری کیا گیا تھا جس میں ۳؍ہزار ۷۹۹؍ امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ اس طرح انٹرویو اور دستاویز کی تصدیق کے مرحلے کے بعد ۶؍ جون ۲۰۲۱ء کو بی پی ایس سی نے فائنل رزلٹ جاری کئے گئے اور ریاستی سروسیز کے لئے  ۱۴۵۴؍ امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ 
؍۵؍مسلم امیدواروں نے اعلیٰ عہدے حاصل کئے جبکہ کل ۸۲؍ مسلم امیدوارکامیاب 
 کل ۱۴۵۴؍کامیاب  امیدواروں میں مسلم امیدواروں کی تعداد ۸۲؍ ہے۔ مسلم نمائندگی کے تناظر میں یہ نتیجہ اطمینان بخش نظر آرہا ہے۔ بہار ایڈمنسٹریٹیو سروس کے لئے  ۲۸؍ خوش نصیب امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ہے اس میں اشماء خاتون نے ۲۷؍واں مقام حاصل کیا ہے۔ جبکہ بہار پولیس سروس (ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس )  کیلئے ۴۰؍ امیدواروں نے کوالیفائی کیا ہے جن میں ۴؍مسلم امیدوار شامل ہے۔ ان ہونہار نوجوانوں میں محمد عادل بلال (۷؍واں مقام)، فیصل رضا (۱۳؍واں مقام)، محمد شاہنواز اختر(۱۸؍واں مقام)  اور رضیہ سلطانہ(۴۰؍واں مقام) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں  ۷۷؍ مسلم امیدواروں نے دیگر محکموں  کے عہدوں کیلئے خود کو اہل ثابت کیا ہے ۔ جن میں فائنانس سروس،سب رجسٹریشن،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل سیکورییٹز وغیرہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK