Inquilab Logo

سستی اور چھوٹی ایم آرآئی مشین فروخت کیلئے پیش

Updated: February 25, 2020, 1:43 PM IST | Agency

ہائپر فائن ریسرچ انکارپوریٹیڈ نامی امریکی کمپنی کا دعویٰ تھا کہ اس نے سب سے سستی ایم آر آئی مشین بنائی ہے۔ اب اس مشین کو کمپنی نے فروخت کیلئے پیش کردیا ہے۔

ہائپر فائن کی چھوٹی ایم آرآئی مشین
ہائپر فائن کی چھوٹی ایم آرآئی مشین

 ہائپر فائن ریسرچ انکارپوریٹیڈ نامی امریکی کمپنی کا دعویٰ تھا کہ اس نے سب سے سستی ایم آر آئی مشین بنائی ہے۔ اب اس  مشین کو کمپنی نے فروخت کیلئے پیش کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کم خرچ میں بنائی گئی اس  ایم آر آئی مشین کی  فروخت کو امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ ہائپر فائن نے اپنی ویب سائٹ پر آرڈر بک کرنے بھی شروع کردیئے ہیں۔ عموماً ایم آر آئی مشین لگ بھگ۶؍ ٹن وزنی ہوتی ہے اور جسامت میں بھی بہت بڑی ہوتی ہے جبکہ ایسی ایک مشین کو چلانے میں  بجلی بھی زیادہ  خرچ ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں، ایم آر آئی مشین کی قیمت بھی کروڑوں میں  ہوتی ہے۔ اسی باعث  ایم آر آئی کی تنصیب کیلئے خاص کمرہ اور بجلی کے  تھری فیز کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔اسی طرح ایم آر آئی اسکین کا نتیجہ آنے میں بھی کم از کم۱۵؍ گھنٹے لگ جاتے ہیں جبکہ ایک سادہ سے ایم آر آئی اسکین کی فیس بھی کم از کم ۶؍ سے۸؍ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔ تفصیلا ت کےمطابق  ۶؍ سال کی مسلسل تحقیق کے بعد تیار ہونے والی، ہائپرفائن کی اس مختصر ایم آر آئی مشین نے یہ تمام مسائل ایک ساتھ حل کردیئے ہیں۔ مثلاً اس کی اونچائی صرف ۴ء۷۵؍ فٹ ہے۔ یہ صرف۶۳۵؍ کلوگرام وزنی ہے ۔ یہ ایک چھوٹی ٹرالی پر نصب ہے جسے  آسانی سے ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکتا ہے اور مریض کے بستر کے ساتھ کھڑا کرکے ایم آر آئی اسکین کیا جاسکتا ہے۔ یہ مروجہ ایم آر آئی مشین کے مقابلے میں۳۵؍ گنا کم توانائی کھاتی ہے جبکہ اس سے صرف ۲؍ منٹ میں اسکین حاصل ہوجاتا ہے جسے آئی پیڈ (ٹیبلٹ) پر فوراً دیکھا جاسکتا ہے۔ قیمت کی بات کریں تو ہائپرفائن کی لاگت بھی روایتی ایم آر آئی مشینوں کے مقابلے میں۲۰؍ گنا کم ہے۔ یعنی بالفرض  اس وقت ایک ایم آر آئی مشین۴؍کروڑ روپے کی ہے تو یہ صرف۲۵؍ لاکھ روپے میں دستیاب ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK