دن بھر کا زیادہ تر وقت خواتین کا کچن میں گزرتا ہے تو کیوں نہ اسے زیادہ سے زیادہ وضع دار (اسٹائلش) بنانے پر غور کیا جائے؟
EPAPER
Updated: January 16, 2023, 11:14 AM IST | Rabia Shaikh | Mumbai
دن بھر کا زیادہ تر وقت خواتین کا کچن میں گزرتا ہے تو کیوں نہ اسے زیادہ سے زیادہ وضع دار (اسٹائلش) بنانے پر غور کیا جائے؟
دن بھر کا زیادہ تر وقت خواتین کا کچن میں گزرتا ہے تو کیوں نہ اسے زیادہ سے زیادہ وضع دار (اسٹائلش) بنانے پر غور کیا جائے؟ کچن کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بات کریں تو اس میں کئی چیزوں کو اپنی پسند کے مطابق سجانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ لیکن زیر نظر عنوان میں ہم کچن کیبنٹس کے اوپر والے حصے کو استعمال میں لانے اور اس کی سجاوٹ کے منفرد ٹرینڈز سے متعلق بات کر رہے ہیں کیونکہ بہت کم گھروں میں اس پر دھیان دیا جاتا ہے۔
عام طور پر دیکھا جائے تو کچن کیبنٹس کی اوپری سطح زیادہ تر گھروں میں بیکار اور خالی خالی محسوس ہوتی ہے لیکن ا گر آپ کو کیبنٹس اور چھت کے درمیان کچھ جگہ مل گئی ہے تو اس کو خالی چھوڑنے کے بجائے اس کی سجاوٹ کے متعلق غور کریں۔ سجاوٹ کا یہ انداز منفرد ہے جو آپ کے کچن کا نقشہ بدل کر رکھ دے گا۔ یہاں چند منفرد انداز کا ذکر کیا جا رہا ہے:
معنی خیز سجاوٹ
کچن کی تزئین و آرائش کے دوران آرائشی اشیاء کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ آرائشی اشیاء رکھنے کے لئے کوئی جگہ مختص نہ کی گئی ہو کیونکہ عام طور پر گھروں میں خواتین ان چیزوں (مثلاً یادگار تصاویر، گلدان، روایتی آرائشی اشیاء) کو کیبنٹ یا بیسمنٹ کی زینت بنادیتی ہیں یا انہیں محض ڈرائنگ روم کی سجاوٹ تک محدود کردیتی ہیں۔ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح آرائشی اشیاء کو نمایاں کرنے کے لئے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ آپ اس جگہ کو گلدان، کتابوں اور تصاویر کو نمایاں کرنے کیلئے استعمال کرسکتی ہیں۔ بالخصوص گلدستے اور فوٹو (مناظر کی) فریم کو نمایاں کرنے کے لئے یہ جگہ مثالی ہے۔
اسٹوریج
کیبنٹ کی اوپری سطح بطور اسٹوریج استعمال کرنے کیلئے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ اسٹوریج کے طور پر استعمال کرنے کے لئے اوپر ی سطح پر کیبنٹ کی پیمائش کے مطابق اس سے ہم رنگ لکڑی کا عمودی فریم تیار کروایا جاتا ہے۔ بعدازاںکچن میں آرائش کی خاطر ہر عمودی فریم میں ایک ٹوکری (باسکٹ) رکھ کر ان کو اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ان ٹوکریوں میں آپ کچن کا ضروری سامان رکھ کر اس جگہ کوبطور سجاوٹ بھی استعمال کرسکتی ہیں۔
پرانے طرز کی آرائشی اشیاء
رواں برس سجاوٹ کیلئے پرانے طرز (ونٹیج لک) کی آرائشی اشیاء کا انداز اپنایا جا رہا ہے۔ آپ بھی کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کو ونٹیج لک دینے کے لئے استعمال کرسکتی ہیں، جس کے لئے وہاں پرانے طرز کی آرائشی اشیاء مثلاً روایتی انداز والی ہینگنگ لائٹس اور ڈیکوریشن پیسز کا اضافہ بہترین رہے گا۔ دوسری جانب، اگر آپ کے پاس کچن میں بہت بڑی جگہ موجود ہے تو ہینگنگ آرٹ کے نام پر مختلف ساخت کی فریمیں، شیشے، ونٹیج بیکنگ یا کوکنگ ٹولز کا اضافہ آپ بلا جھجک کرسکتی ہیں۔
بڑا آرائشی سامان
اگر آپ کے پاس کچن کیبنٹ اور چھت کے درمیان زیادہ جگہ موجود ہے تو وہاں عام یا پھر چھوٹے سائز کا آرائشی سامان رکھنا نامناسب رہے گا کیونکہ ایک اونچی چھت اور کیبنٹس کے درمیان چھوٹے سائز کی اشیاء نظر نہیں آئیں گی اور جگہ بھی خالی خالی لگے گی۔ چنانچہ انٹیریئر ماہرین ایسے کچن کے لئے بڑے سائز کےآرائشی سامان کا انتخاب ضروری سمجھتے ہیں۔ سجاوٹ کا یہ انداز آپ کے کچن میں جدید لک فراہم کرنے کے لئے بہترین رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی جگہوں کے لئے بڑے سائزکے آرٹ والے سرامک گلدان کا انتخاب کیا جائے، ہر کیبنٹ کے لئے ایک ہی رنگ اور سائز کے خوبصورت گلدانوں کا انتخاب سود مند رہتا ہے۔
آرٹ گیلری
آرٹ گیلری وال کسی بھی دیوار کو آرائشی اور کلاسیکل لک دینے کے لئے بہترین تصور کی جاتی ہے۔ آرٹ گیلر ی وال ایک ایساسجاوٹی انداز ہے جو برسہا برس گزرنے کے باوجود بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اپنی پسند کے فن پاروں کو آگے پیچھے رکھتے ہوئے کیبنٹس کی اوپری سطح پر ایک گیلری وال تخلیق کی جاسکتی ہے۔ اس حصے کے لئے سیاہ و سفید رنگ کی آئل پینٹنگز کا مجموعہ یکسانیت پیدا کرنے کے لئے مناسب رہتا ہے۔
پودے
اگر آپ بھی باغبانی میں دلچسپی رکھتی ہیں اور پودوں کی دیکھ بھال کے لئے وقت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا بھی نہیں ہے تو کیبنٹس کے اوپر والی جگہ کو استعمال میں لاتے ہوئے یہاں پودے بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ یہ ٹرینڈ مغرب میں کافی مقبول ہے، تاہم آپ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح کے لئے ایسے پودوں کا انتخاب کیجئے جنہیں سورج کی کم روشنی اور پانی درکار ہوتا ہے۔ دوسری جانب پودو ں کیلئے ایسے گملوں کا انتخاب کیجئے جو کچن سے جدا محسوس نہ ہوں بلکہ وہ اس کا ہی حصہ لگیں۔