کوئی بھی کاروبار یا کمپنی کو کامیابی کسی جادو کے ذریعہ نہیں ملتی ، بلکہ اس کے پس پشت کئی اہم وجوہات اور باتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں
EPAPER
Updated: February 15, 2023, 11:18 AM IST | Sandeep Manodhane | Mumbai
کوئی بھی کاروبار یا کمپنی کو کامیابی کسی جادو کے ذریعہ نہیں ملتی ، بلکہ اس کے پس پشت کئی اہم وجوہات اور باتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں
اتفاق اپنی جگہ، خوش قسمتی اپنی جگہ
خود بناتا ہے جہاں میں آدمی اپنی جگہ
-انورشعور
دنیامیں آج کئی بڑے کاروباری ہیں جنہوں نے اپنی شروعات بہت چھوٹے پیمانے پر کی تھی۔ ہمیں ان کی کامیابی کسی جادو کی طرح لگتی ہے ، درحقیقت یہ کوئی جادو نہیں ہے۔ بلکہ اس کے پیچھے انتھک محنت ، صلاحیت اور مہارت وغیرہ کا ہاتھ ہے۔ کیا آپ جاننا چاہتے ہیں وہ کون سی صلاحیتیں یا خوبیاں ہیں جن کے بل بوتے پر آپ بھی کامیاب کاروباری بن سکتے ہیں؟
حسن معاملات کا فن: تمام ہی کاروبارکا تعلق براہ راست لوگوں سے ہوتا ہے اور کاروبار لوگوں کے ذریعہ لوگوں کے لئے ہی کئے جاتے ہیں۔ کسی انٹرپرینیور کی زندگی میں لوگ اسکے صارف اور ملازمین/ساتھی کے طور پر آتے ہیں۔ میرے خیال میں کسی بھی بزنس کو زبردست کامیاب ہونے کے لئے اہم صلاحیت ہے لوگوں سے حسن معاملات کرنا۔ ایک انٹرپرینیور کو سبھی کو خوش رکھنا ہوتا ہے۔ اس میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ، میڈیا مینجمنٹ کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ ایک انٹرپرینیور کو اپنی زندگی میں کئی ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جو کچھ کو اچھے نہ لگیں اور اسی قسم کی صورتحال کو سنبھالنے کی صلاحیت بزنس کے لئے ضروری ہے۔دنیا کے تقریباًتمام کامیاب کاروباریوںمیں یہ صلاحیت بدرجہ اتم پائی جاتی ہے۔ یہ کہنے میں مبالغہ نہیں کہ ان کے ڈی این اے میں درج ذیل باتیں پائی جاتی ہیں مثلاً لوگوں کا بھلا کرنے کا خیال، گفتگو کا فن، ہمہ جہت صلاحیتیں اور پازیٹیو باڈی لینگویج ۔ اگر آپکے پاس یہ صلاحیت ہے تو یقیناً آپ کا مضبوط نیٹ ورک بنے گا اور کاروبار کو تیزی سے وسعت دے سکیں گے۔ اپنے سے زیادہ قابل افراد کو اپنی کمپنی یا کاروبار سے جوڑکر دوطرفہ فائدہ کیلئے کام کرنا ، نئے اسٹاف کو ٹریننگ دینا بھی اسی زمرہ میں آتا ہے ۔
لوگوں کی زندگی کو بہتربنانے کا عزم: لمبے وقت تک وہی کاروباری زیادہ کامیاب ہوسکتا ہے جو یہ سوچتا ہے کہ میرے پروڈکٹس لوگوں کی زندگی کو کس طرح بہتر بنائیں گے۔ لوگوں کی بہتری کو سوچ کر ڈیزائن کئے جانے والے پروڈکٹس ہمیشہ مارکیٹ میں کامیاب ہوتے ہیں۔ حالانکہ یہ اتنا آسان کام نہیں ہے ۔ اس کیلئے مسلسل فیڈ بیک کی بنیاد پر پروڈکٹس میں بہتری، تبدیلی کرتے رہنا پڑتا ہے۔ کئی بار تو یہ عمل کئی سال یا پھر ہمیشہ چلنے والا بھی ہوتا ہے۔بل گیٹس نے اس ضمن میں بڑی پتے کی بات کہی ہے کہ ’’پروڈکٹ سے غیرمطمئن ہونے والے گاہک سیکھنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔‘‘
لوجیکل - کریٹیو تھنکنگ اور سیکھنے کی عادت: کسی بھی ابھرتے موضوع پر لوجیکل سوچ کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ایک انٹرپرینیور کیلئے سانس لینے کے جیسا عمل ہے جو اسے ہمہ وقت کرنا ہوتا ہے۔ اس سے کاروبار ی مسائل کو حل کرنے اور کاروبار کو ترقی دینے کیلئے حکمت عملی بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں انفارمیشن کو اکھٹا کرنا، خیالات کا محاسبہ، کام میں انفرادیت کو ڈھونڈنا بھی شامل ہے۔ اکثر کاروباریوں کو چیلنجز سے بھرپور اور غیر موافق حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس میں کسی ’وینچر کیپٹلسٹ‘ کا مزید فنڈنگ سے انکار سے لے کر ٹیم کے کسی ممبر کا پروجیکٹ کی گائیڈلائن کے مطابق کام کرنے سے انکار تک ، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ یہاں نئی تکنیک سیکھنے کی قابلیت، اپنے بزنس میں نئی ٹکنالوجی لگاکر کسٹمر سروس بہترین کرنے کی صلاحیت اور بدلتے رہنے کی اہلیت بہت کچھ معنی رکھتی ہے۔
منصوبہ پر عمل درآمد: امریکی مارکیٹنگ اسپیشلسٹ ، مصنف اور سلیکان ویلی وینچر کیپٹلسٹ گائے کاواساکی کے مطابق منصوبے بنانا آسان ہے ، لیکن ان پر عمل کرنا مشکل ۔ بنائے گئے منصوبے پر عمل درآمد کیلئے آپ کو ایک ایسی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے جو سوچنے ، سمجھنے کے ساتھ بہتر طریقے سے کام کرنے کیلئے پرجوش ہو۔اس کے بعد باری آتی ہے ’کوآرڈینشین‘ کی ، یعنی کہ کسی بڑے ہدف کے حصول کے لئے مختلف ٹیم کو ملاکر کس طرح مل جل کر کام کرنا ہے ۔ مینجمنٹ تھنکرس اب اس کے لئے ’ڈِپینڈینسی‘ سے ’انڈیپینڈینسی‘ کا سفر طے کرتے ہوئے’اِنٹر انڈیپینسی ‘ پر پہنچے ہیں۔ ٹائم مینجمنٹ بھی اسی صلاحیت کا حصہ ہے۔
فائنانشیل مینجمنٹ: کسی بھی کاروبار کا حتمی مقصد آمدنی ہوتا ہے۔ اس کے لئے فائنانشیل اسکل ضروری ہے۔ اس میں بجٹ بنانا، حساب کتاب رکھنا، کاروبار میں لگائے گئے سرمایہ پر نظر رکھنا، ضرورت پڑنے پر فنڈنگ کا انتظام کرنا، نپا تلا جوکھم لینا ،یہ سب اس میں شامل ہے۔ وینچر کیپٹل ، مرجرس اور ایگزیکیوشن پر لکھنے والے رچرڈ ہیروک کے مطابق لگ بھگ ہمیشہ ہی اتنا سرمایہ اکھٹاکرنا جتنا آپ نے سوچا ہوا ہے کٹھن ہوتا ہے، اور ہمیشہ اس میں وقت لگتا ہے۔ اس لئے اس بارے میں منصوبہ بنائیں۔ سرمایہ حاصل کرنے کے لئے آپ کو نہ صرف یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پیسہ کہاں سے حاصل کیا جائے بلکہ یہ بھی کہ آپ کا کاروبار ایک اچھا جوکھم ہے یا نہیں۔ بغیر فائنانشیل اسکل کے بزنس کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا ہے۔ امید ہے کہ مذکورہ بالا نکات آپ کے لئے کارگر ثابت ہوں گے۔