اگر سیرم درست طریقے سے لگایا جائے تو بالوں میں رونق آجاتی ہے۔
بالوں کی دیکھ بھال میں سیرم کا استعمال اب ایک معمول بن چکا ہے اور یہ بلاشبہ ایک ضروری پروڈکٹ سمجھا جاتا ہے۔ سیرم استعمال کرنا آسان ہے، فوراً نتائج دیتا ہے اور دھوم مٹی سے بالوں کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ لیکن بیشتر خواتین ناواقف ہیں کہ سیرم گیلے بالوں پر لگانا چاہئے یا خشک؟ اس تحریر میں صحیح جواب جانئے:
سیرم سلیکون بیسڈ پروڈکٹ ہے جو بالوں کے بیرونی حصے کو نرم بناتا ہے، بالوں کے روکھے پن کو کم کرتا ہے، چمک بڑھاتا ہے اور ہیٹ یا آلودگی سے بچاؤ فراہم کرتا ہے۔ کچھ سیرم میں ایسے اجزاء بھی شامل ہیں جو بالوں کی خشکی، ٹوٹ پھوٹ اور دو منہ کی پریشانی کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
گیلے بالوں پر سیرم لگانے کا فائدہ
ماہرین اکثر یہی مشورہ دیتے ہیں کہ سیرم کو بال دھونے کے فوراً بعد، جب بال نم ہوں مگر پوری طرح گیلے نہ ہوں، لگایا جائے۔ ایسا اس لئے ہے کیونکہ نم بال زیادہ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے سیرم بالوں کی جڑوں تک بہتر طریقے سے پہنچتا ہے۔ اس سے بالوں کو ہیٹ اسٹائلنگ کے دوران بہتر تحفظ ملتا ہے۔
سیرم کو بالوں میں لگانے کا صحیح طریقہ
بالوں کو معمول کے مطابق دھو کر کنڈیشنر لگائیں۔ نرم تولیے سے بالوں کو ہلکے ہاتھوں سے خشک کریں۔ ذرا سا سیرم نکال کر ہاتھوں میں اچھی طرح رگڑیں۔ اسے بالوں کے آخر اور درمیان میں لگائیں۔ چوڑی دندانے والی کنگھی سے بالوں میں سیرم پھیلائیں۔ گیلے بالوں پر سیرم لگانے کا فائدہ یہ ہے کہ یہ نمی کو اندر بند کر لیتا ہے، جو بعد میں خشکی اور روکھے پن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کب خشک بالوں پر سیرم لگانا چاہئے؟
عام طور پر گیلے بالوں پر سیرم لگانے کا مشورہ دیا جاتا ہے، لیکن کچھ حالات میں خشک بالوں پر سیرم لگانا زیادہ فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے بال اُڑ رہے ہیں یا دن کے آخر میں بال بے رونق نظر آ رہے ہیں، تو خشک بالوں پر تھوڑا سا سیرم لگا کر فوراً انہیں رونق بخشی جاسکتی ہے ہے اور چمک بڑھائی جاسکتی ہے۔
خشک بالوں پر سیرم لگانے کا صحیح طریقہ
اگر بال چھوٹے ہیں تو سیرم معمولی مقدار میں لیں۔ اسے اپنے ہاتھوں میں رگڑ کر گرم کریں۔ صرف بالوں کے آخر میں لگا کر ہلکے سے پھیلا لیں۔ جڑوں سے بچیں اور روزانہ زیادہ سیرم نہ لگائیں۔
نوٹ: سیرم کا انتخاب کرتے وقت اپنے بالوں کی نوعیت اور ضروریات کو ترجیح دیں۔