Inquilab Logo

ذہنی صحت کو نظرانداز نہ کریں، یہ ۷؍ اچھی عادتیں اپنائیں

Updated: January 05, 2022, 1:11 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

متعدد تحقیقی جائزوں سے یہ ثابت ہوا ہے کہ اپنی عادات و اطوار کو تبدیل کر کے دماغ کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کو بھی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ واضح ہو کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کی ذہنی صحت متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے۔ لہٰذا خواتین کو اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دماغی صحت (مینٹل ہیلتھ) کو بہتر بنانے لئے ہمیں بالکل شروعات سے آغاز کرنا ہوگا، اس مسائل سے دوچار لوگوں کو پریشان ہونے کے بجائے چند چھوٹی چھوٹی عادات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ماہرین ِ طب نے دماغی صحت کے حوالے سے بے شمار تحقیقات کی ہیں جن سے یہی نتیجہ حاصل ہوا ہے کہ اپنی عادات و اطوار کو تبدیل کر کے دماغ کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کو بھی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ واضح ہو کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کی ذہنی صحت متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے۔  لہٰذا خواتین کو اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مضمون میں آپ کو دماغی صحت کو بہتر کرنے کے حوالے سے چند ایسی عادتیں بتائی جارہی ہیں جن پر عمل کر کے آپ دماغی سکون پا سکیں گے
پُرامید رہیں
 ایک تحقیق کے مطابق پُرامید رہنے والے لوگوں میں ۳۵؍ فیصد تک امراضِ قلب اور فالج جیسی جان لیوا بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں کئے جانے والے ایک سروے سے یہ بات معلوم ہوئی کہ ایسے لوگ جو مثبت سوچ کے رکھتے ہیں ان کی زندگی دراز ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پُر امید اور مثبت سوچ دماغ کے نظام کو اس طرح تبدیل کر دیتی ہے جس سے انسان کی صحت بہترین ہو جاتی ہے اور اس کا جسمانی اور دماغی صحت پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ عملی طور پر پُرامید رہنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے دماغ میں یہ تصور کریں کہ آپ کے مستقبل کے تمام تر مسائل حل ہوچکے ہیں اور آپ کی تمام خواہشیں پور ہوگئی ہیں یا جلد پوری ہونے والی ہیں، ایسا سوچنے سے دماغ خود ہی مثبت سوچے گا۔
رضاکارانہ طور پر خدمات کریں
 متعدد تحقیقات سے یہ بات ثات ہوئی ہے کہ بغیر کسی مطلب کے دوسروں کو خوش کرنا اور ان کی مدد کرنا دماغ کے لئے بے حد مددگار ثابت ہوا ہے، اس طرح سے کرنے سے دماغ میں اچھے کیمیکلز کی افزائش ہوتی ہے۔ رضاکارانہ خدمات کام کا دباؤ اور ڈپریشن کی کیفیت کو بھی کم کرتا ہے۔
ہمیشہ شکر گزار رہیں
 اگر آپ زندگی میں ہمیشہ شکرگزار رہنا چاہتی ہیں تو اس کے لئے ماہرین کی اس تجویز پر ضرور عمل کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ ایک ڈائری بنالیں جس میں روزانہ سونے سے قبل دن بھر کا ایک مثبت تجربہ ضرور لکھیں، یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ کوئی بڑی بات ہو، لیکن ایسا روزانہ ضرور کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکول جانے والے بچے اگر روزانہ اس عادت کو معمول بنا لیں تو ان کے رویوں میں بڑی تبدیلی آئے گی۔
سماجی تعلقات قائم کریں
 ایسے لوگ جو اپنی زندگیوں میں اپنے گھر والوں، رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ رابطے یا ان سے جڑے رہتے ہیں ایسے لوگ خوش جبکہ ان کی صحت بھی اچھی رہتی ہے۔ اس بات کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ بے شمار لوگوں سے تعلقات قائم کریں بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسے لوگوں کے ساتھ اپنے تعلقات قائم رکھیں جن سے آپ کو خوشی مل رہی ہے چاہے وہ ایک ہی کیوں نہ ہو۔
ہر چیز کا مقصد سمجھئے
 زندگی میں موجود ہر چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی چیز کا مقصد سمجھئے، ایسا کرنے سے آپ ہمیشہ خوش رہیں گے اور اس عادت سے آپ کی دماغی صحت بہتر ہوجائے گی۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی چیزوں کا مقصد نہیں سمجھیں گے تو نا خوش اور تنہا رہ جائیں گی۔ اپنی زندگی کی ہر چیز کو با مقصد سمجھتے ہوئے اس کی قدر کرنا سیکھنے کی عادت اپنائیے۔
؍۷؍سے۸؍گھنٹے کی نیند
 اگر آپ روزانہ رات کو ۶؍ گھنٹے یا اس سے بھی کم وقت سونے کے عادی ہیں تو آپ کی دماغی صلاحیتیں سست ہوجائیں گی۔ نیند کی کمی نہ صرف یادداشت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ اس سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔اگر آپ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے ۷؍سے ۸؍گھنٹے کی نیند لازمی ہے۔ چہرے کی خوبصورتی کے لئے بھی نیند بہت اہم ہےجبکہ اس کی بہت زیادہ کمی آپ کی جلد کو تیزی سے بڑھاپے کی جانب دھکیل دیتی ہے۔
ڈجیٹل گجیٹ سے دوری
 دماغی صحت بہتر رکھنے کے لئے آپ کو اپنا اسکرین ٹائم کم کرنا ہوگا۔ مسلسل گجیٹ استعمال کرنے سے آپ کے مزاج میں چڑچڑے پن شامل ہو جاتا ہے۔ ساتھ ہی یہ عادت آپ کو دوسروں سے دور کر دیتی ہے۔ سوشل میڈیا کا استعمال بھی آپ کے ذہن پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ کوشش کریں کہ موبائل فون یا کمپیوٹر اسکرین پر اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK