• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بچوں کو اپنے کام خود انجام دینے کی ترغیب دیں

Updated: February 28, 2023, 12:07 PM IST | Dr. Sherman Ansari | Mumbai

اکثر بچے چھوٹی چھوٹی چیزوں کیلئے والدین، خاص طور پر ماؤں پر منحصر ہوتے ہیں اور بغیر ماؤں کے کچھ بھی کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ مائیں یہ سمجھیں کہ ابھی آپ کا بچہ چھوٹا ہے لیکن ایک دن وہ بڑا ہوگا اور زندگی بہت مشکل ہوتی ہے۔ آپ ہمیشہ اپنے بچوں کے ساتھ نہیں رہیں گی۔ بچوں میں کم عمری سے ہی خوداعتمادی کا جذبہ پیدا کریں

Have children do small tasks under your supervision so that they do not get hurt
بچوں سے اپنی نگرانی میں چھوٹے موٹے کام کروائیں تاکہ انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے

اکثر چھوٹے بچے وقت کی پابندی کے تصور کو سمجھنے یا اپنے اعمال کی ذمہ داریوں کو قبول کرنے کے لئے بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔ اکثر بچے چھوٹی چھوٹی چیزوں کیلئے والدین، خاص طور پر ماؤں پر منحصر ہوتے ہیں اور بغیر ماؤں کے کچھ بھی کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ مائیں یہ سمجھیں کہ ابھی آپ کا بچہ چھوٹا ہے لیکن ایک دن وہ بڑا ہوگا اور زندگی بہت مشکل ہوتی ہے۔ آپ ہمیشہ اپنے بچوں کے ساتھ نہیں رہیں گی۔ بچوں میں کم عمری ہی سے خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کریں۔ زندگی کے ابتدائی مرحلے میں اگر مائیں بچوں کو کچھ مہارتیں سکھا دیں گی تو وہ مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوسکتا ہے کیونکہ زندگی ہر وقت پر لطف نہیں ہوتی۔ زندگی میں ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب ہوسکتا ہے آپ کا بچہ کسی کام میں ناکام ہو جائے جس کی اس سے توقع کی گئی ہو لیکن اگر وہ خود مختار اور خود اعتماد ہے تو وہ اپنی غلطیوں کو پہچانے گا اور اس سے سبق سیکھ کر اسے سدھارے گا۔
ذمہ داریاں سونپیں
 آپ کے بچے کو گھر کے مالی معاملات کو سنبھالنے اور بڑے فیصلے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ چھوٹی چھوٹی ذمہ داریاں دے کر بھی انہیں ذمہ دار بنا سکتی ہیں۔ پکنک کی تیاری کرتے وقت انہیں سامان کی فہرست بنانے کے لئے کہہ سکتی ہیں اس کے علاوہ اسکول کیلئے اپنا بیگ تیار کرنے، ٹائم ٹیبل نکالنے اور یونیفارم نکالنے جیسے آسان کام آپ اپنے بچوں کے ذمہ سونپ سکتی ہیں۔
مسلسل رہنمائی
 اکثر مائیں اپنے بچوں کے ہر کام خود سے کرکے دیتی ہیں اور کچھ مائیں بچوں کے اکثر کام میں مدد کرتی ہیں جب وہ کچھ غلط کر رہا ہو یا ضرورت سے زیادہ وقت لے رہا ہو۔ مائیں بچوں کو ان کے اپنے کام کرنے دیں۔ مسلسل رہنمائی کرنے سے بچہ کام کے لئے آپ پر انحصار کرنے لگے گا۔ اگر بچے کو مدد کی ضرورت ہے تو اسے آپ کے پاس آنے دیں۔ بلاوجہ اس کے ہر کام میں مداخلت نہ کریں۔
محدود اختیارات مگر....
 بچے کو شروع ہی سے نہایت بڑے بڑے کام دینے کے بجائے اسے چھوٹے چھوٹے کاموں سے ذمہ دار بنانا کافی سودمند ہوسکتا ہے۔ مثلاً اگر آپ ریسٹورنٹ میں اپنے بچے کے ہاتھ میں مینو تھما کر یہ پوچھیں گی کہ وہ کیا کھانا چاہے گا تو یہ اس کی سمجھ سے بالاتر ہوسکتا ہے کیونکہ ریسٹورنٹ کا مینو کافی وسیع ہوتا ہے۔ اس کے بجائے مینو کارڈ میں سے کچھ چیزوں کے نام بتا کر منتخب کردہ اختیارات میں سے اسے چند کا انتخاب کرنے کو کہیں۔ اس طرح اسے نئی چیزوں اور ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اپنے فیصلے خود کرنے دیں
 آپ اپنے بچے کو کھیلنے کے لئے باہر جانے سے پہلے اپنا ہوم ورک کرنے کو ترجیح دے سکتی ہیں لیکن آپ کا بچہ پہلے کھیلنا پسند کرسکتا ہے  اور بعد میں اپنا ہوم ورک مکمل کرنا تو ایسی صورتحال میں آپ اپنے بچوں کو کچھ حد تک آزادی دیں۔ جیسا کہ وہ کیا پہننا چاہتا ہے، کیا ناشتہ کرنا چاہتا ہے اور جب تک وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتا ہے آپ کو بچے کو اختیار دینے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس طرح چھوٹے چھوٹے فیصلے کرتے ہوئے وہ زندگی کے بڑے فیصلے کرنے کا بھی عادی ہو جائے گا۔
ہمدردی رکھیں
 آپ اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ آپ کا بچہ خود مختار ہونا سیکھ رہا ہے۔ ذمہ دار بن رہا ہے۔ یہ اس کیلئے آسان کام بالکل بھی نہیں ہے۔ اس لئے اگر وہ اپنا مقصد پانے میں ناکام ہو جائے جو بہت آسان ہو تو اس کو ڈانٹنے یا مارنے سے گریز کریں بلکہ اس کی مدد کریں کہ اس کا حوصلہ نہ ٹوٹے۔
ناکامیوں کو بڑا مسئلہ نہ بنائیں
 ایسا وقت بچے کی زندگی میں ضرور آئے گا جب آپ کا بچہ ناکام ہو جائے گا اور ظاہر ہے وہ مایوس ہو جائے گا۔ ایسے وقت میں اسے تسلی دیں اور اسے بتائیں کہ ناکام ہونا کوئی بڑی بات نہیں بلکہ یہ کامیابی کی سیڑھی ہے۔ اسے ان ناکامیوں سے سیکھنا سکھائیں۔ انہیں بتائیں کہ وہ کیا بہتر کرسکتا ہے۔ ناکامیوں کو اس سے جوڑ کر اس کی خوداعتمادی مجروح نہ کریں بلکہ انہیں ناکامیوں میں بھی حوصلہ دے کر پُراعتماد بنائیں۔
حوصلہ افزائی کرنا نہ بھولیں
 جب آپ کا بچہ ان کاموں کو صحیح طور پر کرتا ہے جس کا اس نے وعدہ کیا تھا آپ اسے بتائیں کہ آپ اس پر کتنا فخر کرتی ہیں۔ آپ کے بچے کی شخصیت کو صحیح طریقے سے تشکیل دینے کیلئے مثبت رائے کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اور اس سلسلے میں ماؤں کی حوصلہ افزائی بہت اہم ہوتی ہے اس سے نہ صرف بچوں کی خوداعتمادی بڑھتی ہے بلکہ وہ مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK