Inquilab Logo

فائراینڈ سیفٹی انجینئرنگ : منفرد کریئر کا بہترین متبادل

Updated: May 22, 2023, 1:00 PM IST | MA Ahmad | Mumbai

سرکاری کمپنیاں ہوں کہ پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیاں ، ہر جگہ فائر اینڈ سیفٹی کو اہمیت دی جارہی ہے ، لہٰذا یہ کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لئے ملازمت کے بھرپور مواقع ہیں ، اتنا ہی نہیں ان کے لئے بیرون ممالک میں بھی روزگار کے مواقع بن سکتے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

بارہویں کے بعد بیشتر طلبہ چاہتے ہیں کہ ایسے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی جائے جس سے کریئر کو نئی سمت مل سکے اور  مستقبل روشن ہو۔بچوں کے ساتھ ساتھ والدین کوبھی مغزپاشی کرنی پڑتی ہے کہ کس میدان میں آگے بڑھنا چاہئے۔ اگر آپ بھی اسی پس و پیش میں ہیں تو ہم آپ کو بتانے جارہے کہ ایسے شعبے کے بارے میں جس میں آپ کامیاب کریئر کے ساتھ ساتھ بہتر مستقبل بناسکتے ہیں اور ساتھ ہی سماجی خدمت بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس سیکٹر میں آپ کو بہتر تنخواہ کے ساتھ سماج میں نمایاں مقام بھی حاصل ہوگا۔اس کورس کو فائر ٹیکنالوجی اور سیفٹی انجینئرنگ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
فائر اینڈ سیفٹی  میں کریئر
 یہ انڈرگریجویٹ چار سال کے دورانیہ کا کور س ہے جس کو بارہویں کے بعد کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ آپ بارہویں کے بعد بی ایس سی اِن فائر انجینئرنگ کورس بھی کرسکتے ہیں۔ انڈر گریجویٹ کورس کے علاوہ اس شعبے میں ڈپلوما اور پی جی ڈپلوما کورس بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ پی جی ڈپلوما کورسیز کو آپ گریجویشن کے بعد کرسکتے ہیں ۔ ڈپلوما کے تحت  ڈپلوما اِن فائر اینڈ سیفٹی ، ریسکیو اینڈ سرٹیفکیٹ اِن فائر فائٹنگ جیسے بہت سے کورس دستیاب ہیں۔
درکار تعلیمی لیاقت
 فائر سیفٹی کے انڈ رگریجویٹ کورس کرنے کیلئے امیدوار کا بارہویں سائنس کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ کم ازکم ۵۰؍فیصد نمبرات کے ساتھ کامیاب ہونا چاہئے۔ فائر ٹیکنالوجی اور سیفٹی انجینئرنگ میں داخلے کے لئے آپ کو جے ای ای مین اور جے ای ای ایڈوانسڈ میں شریک ہونا ہوتا ہے ۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد آپ ملک کے ٹاپ کالجز، اداروں  میں داخلے کے اہل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کالجز میں بھی فائر فائٹنگ کورسیز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
اہم اداروں کے نام
 فائراینڈ سیفٹی انجینئرنگ کے مختلف کورسیز ، مختلف اداروں میں جاری ہے۔ جن میں آئی آئی ٹی دہلی ، آئی آئی ٹی کھڑگپور، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، پی پی ساوانی یونیورسٹی ، یوپی ای ایس ، گروگوبند سنگھ اندرپرستھ یونیورسٹی قابل ذکر ہیں۔ 
ملازمت کے مواقع 
 فائر فائٹنگ کے شعبے میں کورس کرنے سے آپ کے لئے ملازمت کے کئی مواقع کی راہیں کھل جاتی ہیں۔ کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لئے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر  میں ملازمت کے بھرپور مواقع ہوتے ہیں۔ فائر فائٹر کا تقرر ریلوے، ایئر پورٹ، ڈیفنس، الیکٹریسٹی محکمہ ، او این جی سی ، ریفائنری اور پیٹروکیمکل سے متعلقہ کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ اب ہر سرکاری محکمہ میں بھی فائر سیفٹی /فائٹر کی ملازمت دی جارہی ہے ، لہٰذا ملازمت کے بھرپور مواقع ہیں۔ 

youth Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK