Inquilab Logo

ہورنیٹ۲ء۰:ہونڈا کی ۱۶۰-۲۰۰؍سی سی کے درمیان کے خلاء کو پُر کرنے کی کوشش

Updated: January 02, 2021, 1:49 PM IST | Ankit Dubey

کچھ سال پہلے ٹووہیلرس کمپنیاں ۱۵۰؍ سے ۱۶۰؍ سی سی سیگمنٹ میں کافی زیادہ توجہ دیتی تھیں اور اسی سیگمنٹ میں ہونڈانے بھی اپنا مقام بنانے کیلئے کافی جدوجہد کی ہے۔ تاہم اب نوجوان طبقہ کی ڈیمانڈ ہی کچھ الگ ہے جس کے باعث ۱۶۰؍ سے ۲۰۰؍سی سی کے درمیان کے خلاء کو پُر کرنے کیلئے ہونڈا نے اپنی بائیک ہورنیٹ ۲ء۰؍ میدان میں اتاری ہے۔

Hornet 2 - Pic : INN
ہورنیٹ ۲ ۔ تصویر : آئی این این

کچھ سال پہلے ٹووہیلرس کمپنیاں ۱۵۰؍ سے ۱۶۰؍ سی سی سیگمنٹ میں کافی زیادہ توجہ دیتی تھیں اور اسی سیگمنٹ میں ہونڈانے بھی اپنا مقام بنانے کیلئے کافی جدوجہد کی ہے۔ تاہم اب نوجوان طبقہ کی ڈیمانڈ ہی کچھ الگ ہے جس کے باعث ۱۶۰؍ سے ۲۰۰؍سی سی کے درمیان کے خلاء کو پُر کرنے کیلئے ہونڈا نے اپنی بائیک ہورنیٹ ۲ء۰؍ میدان میں اتاری ہے۔
 ۲۰۰۴ء میں ۱۵۰؍ سی سی انجن میں ہونڈا سی بی یونی کورن اتاری گئی جس کی جگہ ۱۰؍ سال بعد ۲۰۱۴ء  میں ہونڈا  یونی کورن۱۶۰؍ لی۔ اس کے ٹھیک ایک سال بعد ۲۰۱۵ء میں ہونڈا کے انٹرنیشنل لائن اَپ سے ایک مقبول نام کے ساتھ ہونڈا سی بی ہورنیٹ  ۱۶۰؍  آر کو پیش کیا گیا۔  اس کے بعد ۲۰۱۸ء میں کمپنی نے ہونڈا ایکس بلیڈ کو اتاراتھا۔ اب ۲۰۲۰ء کے اختتام پر نئے بی ایس ۶؍ معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی نے ہورنیٹ کو پوری طرح بدل دیا ہے۔ اسے ۲ء۰؍ کا نام دیا گیا ہے۔ سب سے خاص بات اس بائیک کو کمپنی نے نئی چیسس ، بڑا انجن اور  اسپورٹی لُک دیا ہے۔
لُک اور ڈیزائن
 ہونڈا ہورنیٹ ۲ء۰؍ عالمی مارکیٹ میں موجود ہونڈا سی بی ۱۹۰؍ آر پر مبنی  بالکل نئی موٹر سائیکل ہے۔ اس میں کئی نئی چیزوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہیڈلیمپ کے علاوہ باڈی پینل نئے ہیں۔ ۲ء۰؍بیج کے ساتھ پرانے ماڈل کے مقابلے بڑی اور بولڈ لگتی ہے ۔ حالانکہ ایندھن ٹنکی پرانے ماڈل کی ہی جیسی ۱۲؍ لیٹرکی ہے۔ بائیک میں گولڈ ن اَپ سائیڈ ڈاؤن فرنٹ فورکس اسے سیگمنٹ میں سب سے منفرد بناتے ہیں۔  علاوہ ازیں موٹر سائیکل میں انڈیکیٹرس ہوں یاپھرٹیل لائٹ سبھی لائٹس، ایل ای ڈی دی گئی ہیں۔ نئی ہورنیٹ میں فیول ٹینک ماؤنٹیڈ اِگنیشن کی ملتی ہے جو عموماً مہنگی اور پریمیم موٹر سائیکلوں میں موجودہوتی ہے۔ بائیک میں کامپیکٹ سا دکھائی دینے والا اسپورٹی ایگزاسٹ  مفلر ہے اور ایلومینیم الائے فوٹ سپورٹ دیا گیا ہے۔  بائیک کی دو حصوں میں منقسم نشست بڑی ہی پرکشش لگتی ہے۔ ہورنیٹ ۲ء۰؍ میں ایک فل ڈیجیٹل ایل سی ڈی انسٹرومنٹ پینل دیا گیا ہے جو کئی طرح کی معلومات دکھاتا ہے۔ اس میں اسپیڈو میٹرو، اوڈو میٹر، ٹیکو میٹر، دو ٹرپ میٹرس، ایک فیول گیج، گیئر پوزیشن انڈیکیٹر، سروس ریمائنڈر، بیٹری وولٹ میٹر اور گھڑی دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ڈسپلے برائٹنس کو آپ مینوئلی ۵؍  لیول  پر ایڈجسٹ  کرسکتے ہیں۔ اس میں سوئچ  پرانے ماڈل کی طرح ہی ہیں جنہیں کچھ بہتر کیا گیا ہے۔اس بار کمپنی نے  انجن  کٹ آف سوئچ اور ہزارڈ لائٹ کے سوئچ کا اضافہ کیا ہے۔ رائیڈنگ پوزیشن اَپ رائٹ ملتی ہے اور یہ کافی آرام دہ ہے۔ اتنی ساری تبدیلیوں کے بعد بھی ہورنیٹ ۲ء۰؍ کا وزن پرانی سی بی ہورنیٹ ۱۶۰ ؍آر کے مقابلے صرف ایک کلو گرام ہی زیادہ ہے۔ 
انجن
 ہونڈا کی ہورنیٹ ۲ء۰؍میں سنگل سلنڈر، ٹو والوو ۱۸۴ء۴؍ سی سی انجن دیا گیا ہے جو ۸۵۰۰؍ آر پی ایم پر ۱۷؍ بی ایچ پی کی پاور اور ۶؍ ہزار آر پی ایم پر ۱۶ء۱؍ این ایم کا ٹورک پیدا کرتا ہے۔ انجن ۵؍ اسپیڈ گیئر باکس کے ساتھ آتا ہے اوربائیک چلانے کے دوران یہ انجن بہت اچھی کارکردگی پیش کرتا ہے۔ گیئر بھی انتہائی سرعت سے تبدیل ہوتے ہیں۔ ہائی وے پر اس بائیک کو ۱۲۰؍  کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے دوڑاسکتے ہیں۔ ۹۰؍ سے ۱۰۰؍ کے درمیان یہ کافی پرلطف لگتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار ۱۳۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔ مجموعی طور پر اس کے انجن کی کارکردگی مزے دار ہے۔
 اس موٹر سائیکل کی رائیڈ کوالیٹی کی بات کریں تو تیز رفتاری کے دوران سسپیشن بڑے گڑھوں اور بریکرس پر سخت ہونے کے ساتھ تیز جھٹکے بھی دیتے ہیں۔ کارنرنگ کے دوران یہ بائیک سوار کا اعتماد بنائے رکھتے ہیں۔ اس کی ہینڈلنگ کافی اچھی ہےا ور ٹریفک میں آسانی سے کہیں بھی موڑ کر لے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ آفس یا کالج آنے جانے کیلئے اس موٹر سائیکل کو روزانہ چلانا چاہتے ہیں تو یہ کافی سہولت بخش بائیک ثابت ہوسکتی ہے۔  ہونڈا ہورنیٹ ۲ء۰؍ کی بریکنگ کی بات کریں تو  یہ ٹھیک ٹھاک ہے۔  دونوں ہی پہیوں پر پیٹل ڈِسک ملتی ہے۔ صرف سنگل چینل اے بی ایس میں یہ موٹر سائیکل آتی ہے۔ ہائی بریکنگ کے طور پر ریئر وہیل لاک ہوجاتا ہے اور یہ ایک اسپورٹی کمیوٹر بائیک ہے تو ظاہر سی بات ہے کہ ڈوئل چینل اے بی ایس اسے پوری طرح مکمل پیکیج بنادیتے ہیں۔
قیمت
 ہونڈا ہورنیٹ ۲ء۰؍ کی قیمت ۱ء۲۷؍ لاکھ روپے (ایکس شوروم) ہے جو کہ ۲۰۰؍ سی سی موٹر سائیکل کے برابر ہی ہے۔ ہورنیٹ ۲ء۰؍ کا موازنہ اگر قیمت کے لحاظ سے نئی اپاچے آرٹی آر ۲۰۰؍ فور وی سے کریں تو ڈوئل چینل اے بی ایس والی اپاچے کی قیمت ہورنیٹ  ۲ء۰؍ سے زیاد ہ ہے ۔ وہیں آر ٹی آر ۲۰۰؍ فور وی کے سنگل چینل اے بی ایس ویریئنٹ کی قیمت ہورنیٹ  کے مقابلے کم ہے۔ اگر ہورنیٹ کا مقابلہ قیمت کے لحاظ سے بجاج پلسر این ایس ۲۰۰؍ سے کریں تو یہ سستی  ہے۔
ہمارا فیصلہ
 ہونڈا ہورنیٹ ۲ء۰؍ ایک فریش اسپورٹی کمیوٹر بائیک ہے۔ نوجوانوں کو یہ کافی پسند آئے گی ۔ روزانہ کے سفر کے علاوہ اگر آپ اس بائیک کو لے کر ہفتہ واری چھٹی کے دن دوستوں کے ساتھ پہاڑی علاقے میں بھی لے جاتے ہیں تو یہ آپ کو کارنرنگ کے دوران کافی اچھا تجربہ فراہم کرے گی ۔ ان دنوں اگر آپ ایسی موٹر سائیکل خریدنا چاہتے ہیں جو ۲۰۰۰؍ سی سی سیگمنٹ میں زیادہ پاور ، زیادہ ٹیکنالوجی اور زیادہ فیچرس کے ساتھ آئے تو ہونڈا ہونیٹ کے متعلق آپ سوچ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK