Inquilab Logo

بچوں کو کیسے کھلائیں صحت بخش غذا؟

Updated: February 13, 2020, 3:05 PM IST | Inquilab Desk

عام طور پر ماؤں کی یہی شکایت ہوتی ہے کہ ان کا بچہ ٹھیک سے کھانا نہیں کھاتا۔ اگر آپ بھی اپنے بچے کی اس عادت سے پریشان ہیں تو یہاں جانیں کچھ صحت بخش، آسان اور ذائقہ دار پکوانوں کی ترکیب اور طریقے کے بارے میں جنہیں آزما کر آپ اپنے بچوں کو مقوی غذا کھلا سکتی ہیں

بچوں کو کیسے کھلائیں صحت بخش غذا ۔ تصویر : آئی این این
بچوں کو کیسے کھلائیں صحت بخش غذا ۔ تصویر : آئی این این

بچّوں کے لئے ناشتہ تیار کرنا اور انہیں کھلانا، آج کل کے والدین کے لئے سب سے بڑاچیلنج ہوگیا ہے کیونکہ آج کل کے بچے ’’یہ نہیں کھانا، وہ نہیں کھانا....‘‘ یعنی بغیر نخرہ کئے کھانا ان کے بس کا ہے ہی نہیں۔ ایسے میں والدین کی فکر لازمی ہے۔ مائیں اس بات کا خاص دھیان رکھیں کہ جو ناشتہ وہ بچوں کے لئے بنا رہی ہیں وہ بچے کی پسند کے مطابق ہو اور صحت بخش بھی۔ بچوں کے لئے جلدی جلدی تیار کریں چند ذائقہ دار ناشتہ۔ روز روز بچوں کو وہی ناشتہ دینے کی وجہ سے وہ بوریت کا شکار ہو جاتے ہیں اس لئے روز کچھ نیا آزمایئے:
سبزیوں والی اڈلی
 برتن میں سوجی، دہی، ٹماٹر کی پیوری، باریک کٹی سبزیاں اور نمک ملا کر آمیزہ تیار کرلیں۔ اڈلی میکر میں تھوڑا سا تیل لگا کر آمیزہ ڈالیں۔ ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ تک اسٹیم میں پکا لیں۔ ٹماٹو سوس کے ساتھ پیش کریں۔
سبزیوں والا کٹلیٹ
 اُبلا ہوا ہرا مٹر، اُبلا ہوا میٹھا شکر قند، پنیر، نمک، کالی مرچ پاؤڈر اور لہسن ادرک کا پیسٹ ملا کر کٹلیٹ بنا لیں۔ گرم توے پر مکھن لگا کر کرسپی ہونے تک سینک لیں۔ ٹماٹو سوس یا ہری چٹنی کے ساتھ بچوں کو ناشتے میں پیش کریں۔
جئی اور شکر قند کباب
 اُبلا ہوا ہرا مٹر، اُبلا ہوا شکر قند، پالک، پنیر، جئی کا پاؤڈر، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، لہسن ادرک کا پیسٹ، کارن فلور، پیاز اور ہری چٹنی کو موٹا باریک پیس لیں۔ اس آمیزہ کو کباب بنا کر بریڈ کرمز میں لپیٹ کر آون میں سنہرا ہونے تک بیک کر لیں۔ ہری چٹنی یا ٹماٹر سوس کے ساتھ پیش کریں۔
چنا چاٹ
 چنے کو رات میں بھیگو کر رکھ دیں۔ صبح بھیگے ہوئے چنے کو اُبال لیں۔ ایک فراہنگ پین میں ہلکا سا تیل ڈال کر اس میں زیرے کا تڑکا دے کر باریک کٹی ہوئی پیاز سنہری ہونے تک بھونیں، پھر اس میں ہری مرچ، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، چاٹ مسالہ اور باریک کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر ہلکا سا بھونیں، اب اس میں اُبلے ہوئے چنے ڈالیں اور ۴؍ سے ۵؍ منٹ تک پکنے دیں۔ باریک کٹا ہرا دھنیا ڈال کر پیش کریں۔
جئی اور بیسن چیلا
 بیسن، جئی پاؤڈر، نمک، لال مرچ پاؤڈر، لہسن ادرک کا پیسٹ، پیاز، ہرا دھنیا، سونف پاؤڈر اور حسب ِ ضرورت پانی ملا کر گاڑھا آمیزہ تیار کرلیں۔ نان اسٹک توے پر آمیزہ ڈال کر تھوڑا تیل لگا کر چیلے کو دونوں طرف سے کرسپی ہونے تک سینک لیں۔ ٹماٹو کیچپ کے ساتھ یا ہری چٹنی کے ساتھ بچوں کو کھانے کے لئے دیں۔
سویا چنکس فرائیڈ رائس
 فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے زیرہ، ثابت گرم مسالے اور لہسن ڈال کر سنہرا ہونے تک بھون لیں۔ تھوڑا سا بھگوئے ہوئے سویا چنکس، ہری پیاز اور ۳؍ سے ۴؍ قسم کی سبزیاں ڈال کر بھون لیں۔ تھوڑا سا سرکہ اور سویا سوس ڈال کر سبزیوں کے نرم ہونے تک بھونیں۔ اُبلا ہوا چاول، نمک اور کالی مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملاکر پیش کریں۔
آلو میتھی پراٹھا
 اُبلے ہوئے آلو، میتھی، نمک، اجوائن، تھوڑا تیل، لال مرچ پاؤڈر اور حسب ِ ضرورت پانی ملا کر گوندھ لیں۔ پراٹھے بیل کر گرم توے پر تیل لگا کر دونوں طرف کرسپی ہونے تک سینک لیں۔ ٹماٹو کیچپ کے ساتھ لنچ بکس میں بچوں کو دیں۔
ان طریقوں سے کھلائیں سبزیاں
 پھلوں میں چاٹ مسالہ ملا کر دیں۔
 سبزیاں پیس کر آٹے میں ملائیں اور اس آٹے کی روٹیاں یا پراٹھے بنائیں۔
 میگی یا میکرونی میں پیسی ہوئی سبزیاں ملائیں تاکہ بچوں شوق سے کھا سکیں۔
 سبزیوں کو اُبال کر اس کا سوپ تیار کریں۔
کیا دیں ناشتے میں؟
 ناشتے میں کھانے کی مختلف قسم کی چیزیں بنا کر دیں۔ مثال کے طور پر کبھی پھل دیں، تو کبھی مکس سینڈوچ، کبھی ویج رول، تو کبھی ویج اسٹفڈ پراٹھا۔ اس سے آپ کے بچے کو کھانے میں بھی مزہ آئے گا اور بچوں کو ہر طرح کی سبزی کھانے کی عادت بھی ہو جائے گی۔ چاہے تو سبھی طرح کے پھلوں کا سلاد بنا کر بھی بچوں کو ناشتے میں دیں۔ دراصل خالی پیٹ پھل کھانے سے صحت اچھی رہتی ہے اور پھل جسم میں پانی کی مقدار کو بڑھاتے ہیں جس سے جسم کو توانائی ملتی ہے۔
 بچوں کو ناشتے میں سبزیاں (ککڑی، گاجر، کھیرا، ٹماٹر، پتہ گوبھی، چقندر وغیرہ) سلاد بھی دے سکتی ہیں لیکن سلاد میں صرف ایک ہی سبزی نہ دیں بلکہ رنگ برنگا سلاد بنا کر دیں کیونکہ بچوں کو رنگ برنگی چیزیں زیادہ پسند ہوتی ہیں۔
 سلاد میں سبزیاں اور پھل وغیرہ کو شیپ کٹر سے کاٹ کر دیں۔ یہ شیپ میں اچھے لگتے ہیں اور مختلف شیپ میں کٹی ہوئی چیزوں کو دیکھ کر بچے خوش ہو کر کھا بھی لیتے ہیں۔
 سلاد کو رنگ برنگی اور توانائی سے بھرپور بنانے کیلئے اس میں کالا چنا، کابلی چنا، مکئی کا دانہ، بادام، انار کے دانے، کشمش وغیرہ بھی ڈال سکتی ہیں۔
 اومیگا ۳؍ کو ’برین فوڈ‘ کہتے ہیں، جو ذہنی نشوونما میں مفید ہوتا ہے۔ اس لئے انہیں ناشتے میں اخروٹ، اسٹرابیری، کیوی فروٹ، سویا بین، پھول گوبھی، پالک وغیرہ سے بنے پکوان کھلائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK