Inquilab Logo Happiest Places to Work

رات کے کھانے کے بعد دس منٹ چہل قدمی کی عادت کس طرح ڈالیں؟

Updated: July 09, 2025, 2:15 PM IST | Mumbai

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ رات کے کھانے کے بعد چند منٹ چہل قدمی آپ کی صحت کے لئے کتنی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے؟ تصور کیجئے، آپ نے ذائقہ دار دال روٹی، سبزی، سالن اورچاول کھایا لیکن اس کے بعد صوفے پر بیٹھ کر ٹی وی یا موبائل فون دیکھتے ہوئے آپ کو سستی اور بھاری پن محسوس ہونے لگا۔

After dinner, we often prepare for sleep, while a walk is beneficial. Photo: INN
رات کے کھانے کے بعد اکثر ہم سونے کی تیاری کرتے ہیں جبکہ چہل قدمی سود مند ہے۔ تصویر: آئی این این

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ رات کے کھانے کے بعد چند منٹ چہل قدمی آپ کی صحت کے لئے کتنی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے؟ تصور کیجئے، آپ نے ذائقہ دار دال روٹی، سبزی، سالن اورچاول کھایا لیکن اس کے بعد صوفے پر بیٹھ کر ٹی وی یا موبائل فون دیکھتے ہوئے آپ کو سستی اور بھاری پن محسوس ہونے لگا۔ اس کے بجائے آپ ۱۰؍ منٹ چہل قدمی کریں تو نہ صرف آپ کا ہاضمہ درست ہوگا بلکہ آپ تروتازہ بھی محسوس کریں گے۔ یہ عادت ہماری زندگی میں مثبت تبدیلی لاسکتی ہے۔
رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی کرنا کیوں ضروری ہے؟
کھانے کے بعد ہمارا جسم اسے ہضم کرنے کے کام میں جٹ جاتا ہے۔ ایسے میں ہلکی پھلکی واک آپ کے نظام ہضم کے لئے بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ کھانے کو پیٹ سے آنتوں تک آسانی سے پہنچانے میں مدد کرتی ہے، جس سے آپ کا پیٹ پھلا ہوا یا بھاری محسوس نہیں ہوتا ہے، لیکن فائدے ہاضمے تک محدود نہیں ہیں۔ اس مضمون میں تفصیل سے جانئے:
گیس اور قبض کی شکایت سے راحت
رات کو گرما گرم پراٹھے یا چٹ پٹی بریانی کھانے کے بعد اگر آپ کو گیس یا قبض کی شکایت ہوتی ہے تو یہ عادت آپ کے لئے نعمت ثابت ہوسکتی ہے۔ کھانے کے بعد ہلکی پھلکی واک پیٹ اور آنتوں کے افعال کو تیز کرتی ہے، جس سے کھانا تیزی سے ہضم ہوتا ہے۔ یہ بدہضمی اور تیزابیت جیسے مسائل سے راحت دلاتی ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کیلئے فائدہ مند
ایک تحقیق کے مطابق، کھانے کے بعد ۱۰؍ منٹ چہل قدمی سے بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتا ہے۔ حالانکہ ۳۰؍ منٹ کی واک زیادہ اثر دار ہوسکتی ہے۔ واکنگ انسولین کا لیول کنٹرول کرتا ہے اور کھانے کے بعد شوگر لیول میں ہونے والے اضافے کو روکتا ہے۔
دل کی صحت درست رہتی ہے
دل کی صحت درست رکھنا چاہتی ہیں تو صرف ۱۰؍ منٹ کی واک آپ کی مدد کرسکتی ہے۔ دن میں ۳؍ بار ۱۰؍ منٹ کی تیز واک آپ کا بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کم کرسکتی ہے، جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ حالیہ تحقیق کے مطابق، ہفتے میں ۱۵۰؍ منٹ کی دھیمی رفتار والی ایکسر سائز دل کے لئے فائدہ مند ہے۔ رات کے وقت کی جانے والی واک سے آپ یہ ہدف آسانی سے پورا کرسکتی ہیں۔
اچھی نیند آتی ہے
اگر آپ کو نیند نہ آنے کی شکایت ہے تو واک اس میں بھی مددگار ہے۔ یہ سونے اور جاگنے کے سائیکل کو ٹھیک کرتی ہے اور پیٹ کے درد کو کم کرتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق، دن میں ۷؍ ہزار قدم چلنے سے نیند اچھی آتی ہے۔ ساتھ ہی یہ تناؤ کم کرتی ہے جو نیند کی سب سے بڑی دشمن ہے۔
تھکان اور تناؤ کم ہوتا ہے
دن بھر کی تھکان اور تناؤ کو بھولنا چاہتی ہیں تو واک کریں۔ واک کے دوران آپ کے جسم میں خوشی دینے والا ہارمون اینڈروفن خارج ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں ڈیڑھ گھنٹہ واک کرنے سے ڈپریشن کا خطرہ ۱۸؍ فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
اس عادت کو کیسے اپنائیں؟
رات کو کھانے کے بعد واک شروع کرنا آسان ہے۔ تاہم، چند باتوں کا خیال رکھنا چاہئے:
کھانے کے ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ بعد واک شروع کریں۔ ہیوی فوڈ کھایا ہے تو ۳۰؍ منٹ رک جائیں۔
۱۰؍ منٹ کی چہل قدمی کافی ہے۔ البتہ ۳۰؍ منٹ تک چلنے سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
تیز چلیں (۳؍ سے ۵؍ میل فی گھنٹہ)، لیکن آہستہ بھی چل سکتے ہیں۔
روزانہ چہل قدمی کریں۔ خاندان یا دوستوں کے ساتھ واک کریں، دگنا لطف آئے گا۔
ذیابیطس اور دل کے مریض ڈاکٹر سے پوچھ کر واک کریں۔
شروعات میں بہت تیز یا طویل چہل قدمی نہ کریں۔
رات کے کھانے کے بعد ۱۰؍ منٹ کی واک ایک ایسی عادت ہے جس کے لئے نہ جم چاہئے نہ مہنگے جوتے تو پھر دیر کس بات کی؟ شروع ہوجاؤ!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK