Inquilab Logo

بہتر زندگی کیلئے بولنے سے زیادہ سننا ضروری

Updated: January 20, 2020, 1:45 PM IST | Inquilab Desk

کم بات کرنا اور زیادہ سننا اتنا ہی مشکل ہے جتنا دوسروں کے خیالات سے اتفاق کرنا۔ سامنے والی کی بات سمجھنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اسے سنیں اور جب بغور اسے سنیں گے تو یقیناً آپ اس کا نظریہ سمجھ سکیں گے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ لوگ آپ کی باتوں کو سنجیدگی سے لیں اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ کم بولیں۔

بولنے سے زیادہ سننا ضروری ۔ تصویر : آئی این این
بولنے سے زیادہ سننا ضروری ۔ تصویر : آئی این این

گفتگو صرف بات چیت نہیں، بلکہ دو لوگوں کے درمیان ایک تال میل ہے۔ اس میں ایک بولنے والا تو دوسرا سننے والا ہوتا ہے، لیکن اگر دونوں میں ایک بھی ندارد رہے تو گفتگو ادھوری رہتی ہے۔ اگر آپ صرف بات کرنے کے عادی ہیں تو سننے کا ہنر بھی سیکھنا ہوگا۔ کچھ لوگ بہت زیادہ بات کرتے ہیں اور انہیں اس بات سے بالکل فرق نہیں پڑتا ہے کہ سامنے والا ان کی باتوں میں دلچسپی لے رہا ہے یا نہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ زیادہ بولنے کے بجائے زیادہ سننا فائدہ مند ہوتا ہے۔ کئی بار ہمیں اپنی کہی باتوں پر شرمندہ ہونا پڑتا ہے، جو کہ بغیر سوچے سمجھے بات کرنے کا نتیجہ ہوتا ہے۔
 کم بات کرنا اور زیادہ سننا اتنا ہی مشکل ہے جتنا دوسروں کے خیالات سے اتفاق کرنا۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کو کسی کے خیالات یا باتیں صحیح نہ لگیں لیکن سنتے وقت آپ کو اپنے خیالات کو ایک طرف رکھنا چاہئے اور جو آپ کے سامنے ہے اس پر توجہ دینی چاہئے۔ جب آپ کسی کی بات اس طرح سنتے ہیں تو آپ باتوں کے دوسرے پہلوؤں کو دیکھ پاتے ہیں، جس سے آپ دوسروں کے جذبات آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ اگر آپ اس عادت کو اپنانا چاہتی ہیں تو پہلے آپ کو کم بولنا سیکھنا ہوگا۔
 کم بولنےا ور زیادہ سننے کے کئی فوائد ہیں، ذیل میں ملاحظہ فرمائیں
معلومات میں اضافہ ہوتا ہے
 جو زیادہ بات کرتے ہیں وہ اپنی معلومات سے زیادہ کہہ جاتے ہیں جبکہ جو لوگ سننے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ سبھی کی باتوں کو دھیان سے سنتے ہیں۔ اس وجہ سے انہیں سبھی سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ سننے والے کو یہاں دو باتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ پہلا، اسے نئی معلومات ملتی ہے اور دوسرا، وہ ملی اطلاع سے استفادہ کرسکتا ہے۔
پچھتاوا نہیں ہوتا
 جو لوگ زیادہ بات کرتے ہیں، انہیں معلوم ہی نہیں ہوتا ہے کہ وہ کیا کہنے جا رہے ہیں اور اکثر باتوں باتوں میں وہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں بتا دیتے ہیں۔ اس لئے کہا جاتا ہے کہ کم بولیں لیکن سوچ سمجھ کر بولیں۔
اپنائیت ظاہر کرتا ہے
 کسی کی سننے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کی بات پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ اگر ہم ٹیلی‌ویژن دیکھ رہے ہیں یا اخبار پڑھ رہے ہیں تو ہمیں ان کو بند کر دینا چاہئے اور اپنے موبائل فون کو بھی سائیڈ کر دینا چاہئے۔‏ایسا کرنے سے ہم اُس شخص کیلئے اپنی محبت ظاہر کریں گے۔ اس سے سامنے والا سمجھتا ہے آپ کی نظر میں اس کی کتنی اہمیت ہے۔ مثال کے طور پر آپ کی ماں آپ کے پاس کوئی بات کرنے آتی ہے تو آپ ان کو دیکھتے ہی ٹی وی بند کرکے ان کی جانب متوجہ ہو جاتی ہیں تو یقیناً انہیں اچھا محسوس ہوگا۔
سنجیدگی سے لیا جاتا ہے
 زیادہ تر خاموش رہنے کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ لوگ آپ کو گھمنڈی سمجھیں مگر جو آپ کے قریبی ہوں گے یا واقعی آپ کو جان لیں گے ان کی یہ غلط فہمی دور ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جو لوگ ضرورت کے مطابق بولتے ہیں وہ ہر بات کو سنجیدگی سے سمجھتے ہیں۔ ہمیں تبھی بولنا چاہئے جب ہمیں کسی چیز کی ٹھوس معلومات ہو۔ کم بولنے سے آپ کی بات میں سنجیدگی ہوتی ہے، جس سے سبھی آپ کی بات کو سننے میں دلچسپی لیتے ہیں۔
رشتے مضبوط ہوتے ہیں
 جب آپ کسی کو دھیان سے سنتے ہیں تو بات کرنے والا شخص کو اچھا محسوس ہوتا ہے۔ سننے سے دوسروں کی باتوں کو اچھی طرح سے سمجھا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے جذبات کو محسوس کیا جاسکتا ہے، جس کے مطابق آپ ایک بہترین رائے دینے کے اہل بن جاتے ہیں۔ اگر آپ سوچ سمجھ کر بات کرتے ہیں، تو لوگ آپ کی باتوں کو دلچسپی سے سنتے ہیں۔ ایسا اس لئے ہوتا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ آپ ضرورت پڑنے پر ہی بات کرتے ہیں اس لئے اگر آپ کچھ کہہ رہے ہیں تو یقیناً کچھ ضروری ہی ہوگا۔
کم الفاظ میں بہت کچھ کہنا
 کم بات کرنے والوں کی یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ کم الفاظ میں بہت کچھ کہہ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی بات ہر کسی کو یاد رہ جاتی ہے اور کسی کو ان کی بات سننے میں جھجک بھی نہیں ہوتی ہے۔ اس لئے باتوں کو گھما پھیرا کر کہنے کے بجائے، کم اور واضح الفاظ میں کہیں۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK