موجودہ دور میں خواتین بیک وقت کئی ذمہ داریاں اٹھا رہی ہیں۔ وہ گھر کے کام کاج، بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ دفتری ذمہ داریاں بھی نبھا رہی ہیں۔
زندگی میں درپیش مسائل خود پر حاوی ہونے نہ دیں، خود کو یقین دلائیں کہ آپ ان سے باہر آسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
موجودہ دور میں خواتین بیک وقت کئی ذمہ داریاں اٹھا رہی ہیں۔ وہ گھر کے کام کاج، بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ دفتری ذمہ داریاں بھی نبھا رہی ہیں۔ اس صورت میں وہ کبھی کبھی تھک جاتی ہیں۔ بعض دفعہ وہ کام کے دباؤ سے زیادہ لوگوں کے رویوں سے پریشان ہوتی جاتی ہیں۔ معاشرتی دباؤ کے سبب وہ اپنا حوصلہ کھو دیتی ہیں۔ ان حالات میں خواتین کو روزانہ آگے بڑھنے کے لئے خود کو حوصلے دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مضمون میں چند تدابیر بتائی جا رہی ہیں جن کی مدد سے وہ خود کو حوصلہ دے سکتی ہیں:
صبح کی شروعات کیسی ہو؟
کوشش کریں کہ خواتین صبح جلدی بیدار ہوجائیں، فجر کی نماز پڑھیں اور قرآن مجید کی تلاوت سے اپنے دن کا آغاز کریں۔ ’یقیناً ہر تنگی (پریشانی) کے بعد آسانی ہے‘ کلام پاک کی اس آیت کو دہرائیں۔ اس سے آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔ بیشک پریشانی کے ساتھ اللہ نے آسانی بھی دی ہے لیکن انسان کی توجہ پریشانی پر ہوتی ہے اسلئے وہ آسانی پر توجہ نہیں دے پاتا۔ اللہ تعالیٰ پر اعتماد رکھیں کہ جلد سب کچھ بہتر ہوگا۔ اگر آپ کوئی نیا کاشروع کرنے سے ہچکچائیں رہی ہیں تو پختہ عزم کریں کہ مَیں یہ کام کرسکتی ہوں۔ جب آپ خود کو یقین دلائیں گی تو ضرور آپ کو کامیابی ملے گی۔
خوشی کے لمحات کو یاد کریں
مشکل وقت میں اپنی زندگی کے حسین لمحات یاد کریں۔ اپنوں کی مثبت باتوں دہرائیں۔ خود کو یقین دلائیں کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ دن بھر میں کچھ وقت اپنوں کے ساتھ گزاریں۔ ان سے باتیں کریں۔ مشکل وقت میں گھر والوں کا ساتھ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
سمجھداری سے جواب دیں
کسی بھی سخت بات کو اپنے اوپر حاوی ہونے نہ دیں۔ کوئی ایسا فیصلہ نہ کریں جس سے آپ کی زندگی پر گہرا اثر پڑے یا کسی بھی کام کو جلد بازی میں نہ کریں جس سے آپ کو نقصان پہنچے۔ مشکل وقت میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ مشکل حالات میں انسان بہت جذباتی ہوجاتا ہے اور غلط قدم اٹھا لیتا ہے۔ اس لئے مثبت سوچ اپنائیں۔ معاشرتی تنقید کا سمجھداری سے جواب دیں۔ آپسی جھگڑوں کو افہام و تفہیم سے حل کریں۔
یقین کریں: آپ باحوصلہ ہیں
خواتین باہمت اور باحوصلہ ہوتی ہیں۔ وہ مشکل سے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتی ہیں۔ غصہ کی کیفیت پر قابو پانا جانتی ہیں۔ اپنی ان خصوصیات کو فراموش نہ کریں۔ اللہ پر یقین کریں اور آگے بڑھیں۔
مثبت سوچ اپنائیں
زندگی میں در پیش مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت سوچ کا حامل ہونا بے حد ضروری ہے۔ پریشانیاں عارضی ہیں، ایک دن ختم ہوجائیں گی۔
اپنے جذبات کو دبانے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کریں
اکثر خواتین اپنے دکھ درد اور تھکان یا مایوسی کو دبا لیتی ہیں لیکن اس سے اُن کا حوصلہ کمزور پڑ جاتا ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ اپنی تھکن کو قبول کریں۔ ہمیشہ صرف دوسروں کے لئے نہ سوچیں بلکہ اپنی پسند کا بھی خیال رکھیں۔ اگر اپنے لئے کوئی پکوان بنانا چاہتی ہیں تو ضرور بنائیں۔ اپنی پسند یا ناپسند کا اظہار کریں۔ اس سے آپ اپنی اہمیت کا احساس ہوگا۔
درج بالا تدابیر آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیں گی۔ ساتھ ہی آپ کی شخصیت نکھرے گی۔