Inquilab Logo

رشتوں میں اپنے جذبات کا اظہار کرنا بیحد ضروری ہے

Updated: October 28, 2020, 12:46 PM IST | Inquilab Desk

ہر کسی کو اپنے عزیز ہوتے ہیں، کچھ لوگ اپنی بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ ان کے سامنے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار نہیں کرپاتے، جس سے ان کے رشتوں میں کئی طرح کی غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں، اسلئے رشتہ چاہے کوئی بھی ہو، اس کی مضبوطی کیلئے دوسروں کے سامنے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار بھی کرتے رہنا چاہئے۔

Family - PIC : INN
فیملی ۔ تصویر : آئی این این

اپنوں سے سبھی کو محبت ہوتی ہے لیکن کچھ لوگ ان کے سامنے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار نہیں کرپاتے، جس سے ان کے رشتوں میں کئی طرح کی غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اس لئے رشتہ چاہے کوئی بھی ہو، اس کی مضبوطی اور بہتر تعلقات کے لئے دوسروں کے سامنے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار بھی کرنا چاہئے۔
 پہلی مثال: ’’آج بھلے مَیں کامیاب زندگی جی رہی ہوں مگر میرے دل میں ہمیشہ اس بات کا ملال رہا کہ پچھلے ۳۰؍ برسوں میں میرے والد نے مجھے ایک بار بھی شاباشی نہیں دی۔ باہر سب میری قابلیت کی بہت تعریف کرتے ہیں مگر والد کے منہ سے ’شاباش بیٹا!‘ صرف یہ دو الفاظ سننے کو ترس گئی۔‘‘
 دوسری مثال: ’’مَیں دن رات گھر کو سجانے سنوارنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہوں۔ گھر کو ہمیشہ صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کرتی ہوں مگر شوہر اور ساس کی جانب سے کبھی تعریفی کلمات نہیں سنیں۔ مَیں ہمیشہ چاہتی ہوں کہ بس اتنا ہی کہہ دیں کہ گھر صاف ستھرا رہتا ہے مگر افسوس ہمیشہ مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے۔‘‘
 جذبات کا اظہار کیوں ضروری ہے؟ ماہرین کے مطابق رشتوں میں مضبوطی قائم رکھنے کے لئے جذبات کا اظہار بہت ضروری ہے اور کچھ لوگ اس معاملے میں کنجوس کیوں ہوتے ہیں؟
کھل کر جی لیں ذرا
 ہمارے آس پاس کئی ایسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں سمجھ پانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ دوسروں کے سامنے اپنے من کی باتیں کھل کر نہیں رکھ پاتے۔ ایسے لوگ کب خوش اور کب ناراض ہیں یہ جاننا بہت مشکل ہوتا ہے۔ کئی بار ایسے لوگ دل کے بہت اچھے ہوتے ہیں لیکن اپنے مزاج کی وجہ سے یہ اپنوں کے سامنے بھی اپنی پسند ناپسند کو ظاہر نہیں کر پاتے۔ آس پاس کے لوگوں کو ان کی شخصیت پیچیدہ اور پراسرار معلوم ہوتی ہے، لہٰذا وہ ان سے خود کو دور کردیتے ہیں۔ اس طرح کے لوگوں کے لئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کنبہ کے افراد سے ان کی حالت کے بارے میں پوچھنا، آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنا، تحائف دینا، ایسی چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی تعلقات کو مضبوط کرسکتی ہیں۔ اپنوں کے لئے ہمارے دل میں نہ صرف پیار ہونا ہی کافی نہیں، بلکہ گاہے بگاہے اپنی محبت کا احساس دلانا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اگر آپ کے دل میں اپنوں کے تئیں محبت اور احترا م ہے تو اسے ظاہر کرنے میں ذرا بھی تامل نہ کریں۔
 اپنے جذبات کا اظہار کریں
  جو لوگ شر میلے ہوتے ہیں وہ پہلے سےہی یہ مان کر چلتے ہیںکہ دوسرا شخص ان کے کچھ کہے بغیر ہی ان کی حرکات و سکنات کے ذریعےسمجھ لے گا کہ ان کے من میں کیا ہے۔ یہ کسی حد تک بھی سچ ہے کہ اگر ہماراکوئی اپنا زیادہ خوش ہے یا پریشان ہے تو ہم اسے دیکھ کر اس کے دل کی بات کو سمجھ جاتے ہیں لیکن آج کی بھاگ دوڑ کی زندگی میں لوگوں کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ بنا کہے دوسروں کے من کی بات سمجھ جائے۔ ایسی صورتحال میں کچھ لوگ یہ سوچ کر دل ہی دل میں گھٹ رہے ہو تے ہیں کہ میں اداس ہوں پھر بھی کسی نے میرا حال تک نہیں پوچھا۔ اس سے سامنے والے فرد کیلئے آپ کےمن میں منفی شبیہ پروان چڑھتی ہے اور وقت کےساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ 
 کچھ لوگ جذبات کے اظہار کو دکھاوا سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ا پنوں سے بےتکلف رشتے استوار کرنے کیلئےان کے سامنے احساسات کا اظہار کرنا ضروری ہے۔
 ناراضگی کی بات بھی نہ چھپائیں
  اگر آپ کسی سے ناراض ہیں تو اس کے بارے میں اپنےجذبات ہرگزنہ چھپائیں۔ یار رکھیں، خوشی کے مثبت اور ناراضگی کے منفی جذبات کو زیادہ دیر تک دبا کر نہیں رکھنا چاہئے۔ جھوٹ کی بنیاد پر کوئی رشتہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔ بالآخر کبھی نہ کبھی سچ سامنے آہی جاتا ہے۔ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے ان کے ساتھ ایمانداری کا ہونا بہت ضروری ہے۔ چاہے وہ خاندان کے ممبر ہوں یا دوست ، اگر ان سے کوئی شکایت یا ناراضگی ہے تو ان کے سامنے غیر ضروری مصنوعی رویہ ظاہر کرنا نہایت غیر منصفانہ ہے۔ اس سے آپ کی ناراضگی مایوسی میں بدل جائے گی۔ آپ کا ذہن بے چین رہے گا اور طبیعت میں چڑ چڑا پن آنے لگے گا۔ اس کے نتیجے میں صرف اس فرد کے ساتھ ہی نہیں بلکہ دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی آپ کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔ لہذا ، بہتر ہوگا اگر آپ کسی قریبی شخص سے ناراض ہیںتو اسےشائستگی سے سمجھا ئیں کہ آپ اس سے ناراض کیوں ہیں ، اس سے آپ کا ذہن ہلکا ہوجائے گا۔ اگر سامنے والا شخص سمجھدارہے تو مستقبل میں اس کے ساتھ آپ کے تعلقات میں گرمجوشی بنی رہے گی۔ اگر کوئی شخص آپ کے دیانت دارانہ سلوک پر ناراض ہے تو اس سے الرٹ ہوجائیں اور اس کے ساتھ بہ صد احترام کا دوری بنائے رکھیں۔اس سے آپ کے تعلقات پر کوئی منفی اثر نہیں ہوگا اور رشتہ بھی بنے رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK