Inquilab Logo

اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گھر سجا نا آسان

Updated: July 06, 2021, 5:09 PM IST | Odhani Desk

گھر کی آرائش و زیبائش خواتین کی شخصیت کو ظاہر کرتی ہے۔ صاف ستھرا اور باترتیب گھر انسان کی طبیعت پر اچھا تاثر چھوڑتا ہے۔ ہر خاتون خانہ کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر دلکش نظر آئے مگر چند خواتین ہی اس میں کامیاب ہو پاتی ہیں۔ گھر کو سجانا مشکل کام ہے لیکن آپ تھوڑی کوشش سے اسے ممکن بنا سکتی ہیں

 Even if the house is simple but clean, it is a source of comfort.Picture:INN
گھر اگر سادہ بھی ہو لیکن صاف ستھرا ہو توسکون کا باعث ہے۔تصویر :آئی این این

ہر خاتون خانہ اپنے گھر کی سجاوٹ پر خاصی توجہ دیتی ہے۔ گھر کی سجاوٹ ضروری بھی ہے کیونکہ گھر وہ جگہ ہے جہاں انسان سارا دن کام کاج سے تھک ہار کر سکون کی تلاش میں آتا ہے۔ صاف ستھرا پُرسکون گھر نہ صرف آنکھوں کو خیرہ کرتا ہے بلکہ پُرسکون نیند کے ساتھ ذہن کو بھی تازگی بخشتا ہے۔ کئی خواتین گھر کی سجاوٹ میں اس قدر ماہر ہوتی ہیں کہ وہ گھر کی ہی پرانی اشیاء سے کچھ نہ کچھ نیا بناتی رہتی ہیں اور اپنے گھر کو جاذب نظر بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ ایسی خواتین بہترین تخلیق کار ہوتی ہیں اور ان کے گھر میں ایک سے بڑھ کر ایک سجاوٹ کا سامان دیکھنے کو ملتا ہے۔ اگر آپ بھی اس ہنر میں ماہر ہونا چاہتی ہیں، ان باتوں پر عمل کریں:
غیر ضروری اشیاء سے دوری
 بکھرا بکھرا اور غیر ضروری چیزوں سے بھرا گھر انسان کے ذہن اور کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔ اس لئے گھر کی رونق بڑھانے کے لئے سب سے پہلے غیر ضروری چیزوں سےد وری اختیار کر لیجئے۔ کمرے میں جتنی کم اشیاء ہوں گی، صفائی کرنا اتنا سہل ہوگا۔ اس سے گھر صاف، کھلا کھلا اور بڑا نظر آئے گا۔
ایک چیز کئی کام
 کوئی بھی نئی چیز خریدتے وقت جگہ کا خاص دھیان رکھیں اور زیادہ تر ایسی چیزیں خریدیں جن کے ایک سے زائد استعمالات ہوں۔ صوفہ کم بیڈ، پول آؤٹ ٹیبل وغیرہ چھوٹے گھروں کے لئے اسمارٹ فرنیچر متبادل ہیں۔ یہ دیکھنے میں خوبصورت لگتے ہیں، جگہ کم گھیرتے ہیں اور کئی طرح سے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔
تجربہ کریں
 گھر کو نیا انداز دینے کے لئے منفرد چیزیں منتخب کریں اور تجربے سے پرہیز نہ کریں۔ جیسے آپ سادے صوفے کے ساتھ مسدس جیسی شکل والا سینٹر ٹیبل یا نیوٹرل کلر اسکیم والے صوفے کے درمیان میں برائٹ گلابی، یلو، اورینج، ڈارک بلیو یا گرین کلر کا کوئی فرنیچر رکھ سکتی ہیں۔ اس سے کمرے کا انداز بالکل بدل جائے گا۔ اس کے علاوہ گھر میں خوبصورت انڈور پلانٹس لگائیں۔ یہ ہر وقت تازگی کا احساس کرائیں گے۔
لائٹننگ کا کمال
 پُرکشش لائٹننگ مزاج پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ اس لئے اس پر خرچ میں کوتاہی نہ برتیں۔ ان دنوں اور سائزڈ پینڈن، ایل ای ڈی سیلنگ لائٹس، کلر فول لائٹس وغیرہ کافی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ لیونگ ایریا کے لئے آپ انہیں منتخب کرسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ کاریڈور کی دیواروں، ایکسنٹ وال اور پلانٹس پر آپ لائٹس لگا کر ان کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
رنگ و روغن ہو خاص
 دیواروں کے رنگ و روغن گھر کو رونق بخشتے ہیں اس لئے سوچ سمجھ کر ہی کلر اسکیم منتخب کریں۔ کبھی بھی گھر کی سبھی دیواروں پر ایک سا رنگ نہ کروائیں۔ ہمیشہ جگہ کے استعمال کے مطابق ہی رنگ منتخب کریں، اس سے ہر کمرہ مختلف نظر آتا ہے۔ اگر تجربہ کرنے میں یقین رکھتی ہیں تو دو رنگوں کو استعمال میں لاتے ہوئے گھر کو دلکش انداز دے سکتی ہیں۔
فرش کی بھی اہمیت ہے
 گھر کو انوکھا انداز دینے کے لئے فرش اہم رول ادا کرتا ہے۔ ان دنوں سیریمیک، ماربل، ہارڈ ووڈ سبھی طرح کا فرش مقبول ہے۔ لیکن اگر آپ نیا گھر بنا رہی ہیں یا فرش تبدیل کرانے کا ارادہ ہے تو ووڈن فلورنگ کو ہی اولیت دیں۔ یہ آپ کے گھر کو شاہانہ انداز دے گا۔ اگر یہ بجٹ میں نہ ہو تو فرش پر رنگ برنگا ریگ بچھا سکتی ہیں۔ وقتاً فوقتاً انہیں تبدیل کرنا آسان ہوتا ہے۔
پرانی چیزوں کا استعمال
 گھر کی پرانی استعمال شدہ اشیاء کو زیر استعمال لاکر بھی کئی طرح کی چیزیں بنا کر گھر میں آویزاں کی جاسکتی ہیں۔ پرانے رنگ برنگے کپڑوں سے فرش پوش تیار کرسکتی ہیں۔ پرانی برنیوں کو رنگ دے کر اس میں پودے رکھ سکتی ہیں یا اسے شو پیس کی طرح صوفے کے درمیانی ٹیبل پر بھی سجا کر رکھ سکتی ہیں۔ آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا سکتی ہیں۔
چھوٹی سی لائبریری
 کمرے کے ایک گوشے کو لائبریری کے لئے استعمال کرسکتی ہیں۔ کتب بینی کے شوق کو فروغ دینے کے لئے یہ اچھا طریقہ ہے۔ آپ اس گوشے کو سادگی سے سجائیں۔ وہاں بہت ساری چیزیں رکھنے سے گریز کریں۔ کتابیں رکھنے کے لئے گھر میں رکھی ہوئی پرانی چیزوں کو استعمال میں لاسکتی ہیں اور اس سے شیلف تیار کرسکتی ہیں۔
صفائی ستھرائی ضروری ہے
 آخر میں، گھر کی سجاوٹ کے ساتھ ساتھ صفائی بھی بہت ضروری ہے۔ اگر صفائی ستھرائی کا خیال نہ رکھا جائے تو ایک پُرآسائش گھر بھی دل کو نہیں بھاتا۔ لہٰذا ہفتے میں ایک بار گھر ضرور صاف کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK