Inquilab Logo

اس مشکل وقت میں خوشیاں تلاش کرتے رہیں

Updated: April 28, 2021, 3:48 PM IST

اس وقت ملک کے کیا حالات ہیں سبھی جانتے ہیں۔ کورونا وباء کی وجہ سے پھر سے سبھی گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان حالات میں اپنے آپ کو ذہنی طور پر پُرسکون رکھنا ضروری ہے۔ منفی سوچ سے دورر ہیں اور خالی وقت بیٹھنے کے بجائے کوئی ہنر سیکھنے پرتوجہ دیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

مشکل وقت ہے، حالات خوف پیدا کر رہے ہیں، اس صورتحال میں ذہنی طور پر پُرسکون رہنا بہت ضروری ہے۔ یقیناً اس وقت آپ کئی پریشانیوں سے گھیرے ہوئے ہیں لیکن اس وقت بھی خوشیوں کا دامن تھاما جاسکتا ہے۔
شکریہ ادا کیجئے
 شکریہ یا تھینک یو ایسے جادوئی الفاظ ہیں جب زباں سے نکلتے ہیں تو سامنے والے کے چہرے پر مسکان لے آتی ہیں۔ خوش رہنا ہے تو کسی کی معمولی سی مدد کرکے ان الفاظ کو کہنے کی عادت ڈالئے۔ صبح اٹھتے ہی پہلے ۲؍ منٹ ٹھہر کر پچھلے دن ہوئی تمام اچھی باتوں کے لئے اللہ رب العزت کا شکر ادا کریں، اس کے بعد گھر والوں اور دوستوں کا احسان مانئے۔ جو ہمارے پاس ہے اس کی اہمیت کو سمجھئے اور جو نہیں ہے اس کو نظرانداز کر دیجئے۔ ہر ممکن حد تک دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اوران کے کام آئیں۔ انسانوں کی خدمت اور ان کے کام آنے کا جذبہ ہمیں خوشی کا وہ انمول اور قیمتی احساس عطا کرتا ہے جو ہمیں قلبی اور روحانی طورپرمضبوط اور توانا بناتا ہے۔
دھیان بٹائیے
 کوئی ایسا موضوع جو آپ کو تشویش میں مبتلا کر رہا ہو اس پر بار بار بات کرنا ایک قدرتی عمل ہے۔ چاہے وہ کورونا وائرس ہو، ماحولیاتی تبدیلی یا کوئی اور بات۔ ایسے میں جو نسخہ کام آ سکتا ہے وہ ہے خود کو ایسی گفتگو سے دور رکھنا۔ اپنا دھیان بٹانے کی کوشش کیجئے۔ خالی بیٹھنے کے بجائے کوئی مصروفیت تلاش کیجئے۔ آپ خود کو جتنا مصروف رکھ سکیں گی اتنا آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
سوشل میڈیا سے دوری
 سوشل میڈیا پر اچھی اور بری تمام طرح کی خبریں ہر وقت دیکھنے کو ملتی ہیں۔ ساتھ ہی یہ دنیا بھر کی تازہ ترین معلومات کی جگہ بھی ہے۔ کوشش کیجئے کہ آپ اپنے فون کو خواب گاہ میں ساتھ نہ لے جائیں۔ اس کے علاوہ اپنے لئے طے کیجئے کہ دن بھر میں آپ کو کل کتنا وقت سوشل میڈیا پر صرف کرنا ہے۔ اس طرح آپ سوشل میڈیا پر موجود متعدد منفی خیالات سے اپنے آپ کو بچا سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ منفی خبروں سے دوری بنا لیجئے۔ دراصل منفی خبروں کے سبب ہمارا ذہن کافی متاثر ہوتا ہے لہٰذا منفی اور کورونا وباء کے متعلق خبروں کو جاننے کی زیادہ کوشش نہ کریں۔
دوستوں کے ساتھ ہنسئے
 دوست ایسا ٹانک ہیں جو زندگی کی جنگ میں طاقت دیتے ہیں، راہ کی روشنی ہوتے ہیں۔ وہ جب بھی آپ سے بات کرتے ہیں آپ خوش ہوجاتے ہیں اور خوب ہنستے بھی ہیں۔ لہٰذا اس مشکل وقت اپنے دوستوں سے بات کیجئے اور پرانی باتیں یاد کرکے خوب ہنسئے۔ روزانہ کچھ دیر ہنسنے والی باتیں یا کام کرنے سے جسم کا امنیاتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔
مصروف رہیں
 خود کو جتنا مصروف رہیں گے اتنا آپ خوش رہ پائیں گے اور بہتر محسوس کریں گے۔ زیادہ تر لوگ لاک ڈاؤن میں گھر میں ہیں تو اپنے آپ کو کسی سرگرمی، شوق یا بات چیت میں شامل کیجئے۔ پینٹنگ کیجئے، کھانا بنایئے یا آن لائن کوئی ہنر سیکھئے۔ ایسا کرنے سے آپ کا دھیان موجودہ صورتحال سے ہٹ کر اچھی باتوں کی جانب مائل ہوجاتا ہے جس سے آپ تناؤ سےد ور رہ سکتے ہیں۔ ہر وہ سرگرمی جو آپ کو خوشی دیں وہ آپ کے لئے خاص ہے۔
مثبت سوچئے
 اکثر بھاگتی دوڑتی زندگی کے وجہ سے آپ گھر والوں کو وقت دے نہیں پاتے، مگر ابھی آپ کے پاس کافی وقت ہے۔ اس لئے مثبت سوچئے کہ یہ وقت نعمت ہے، فی الحال یہ موقع ہے کہ گھر والوں کے ساتھ جی بھر کر وقت گزاروں اور اس سے لطف اٹھاؤں۔ شائد آئندہ مجھے اس کے لئے وقت نہ ملے۔
زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں ہے
 موجودہ حالات میں بعض دفعہ انسان ایک ہی بات کو بار بار سوچتا ہے۔ ایسا کرنا چھوڑ دیجئے کیونکہ سوچنے سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔ آپ کے سوچنے سے نہ حالات بدل جائیں گے اور نہ ہی اس وباء سے نجات مل جائے گی۔ اس لئے سب کچھ حالات پر چھوڑ دیجئے اور وقت کے بہاؤ میں بہتے جایئے۔ یہ بات ہمیشہ یاد رکھئے کہ وقت جیسا بھی ہو گزر ہی جاتا ہے۔ یہ وقت برا ضرور ہے مگر گزر ہی جائے گا۔ اچھے وقت کا انتظار کیجئے اور منفی سوچ سے دوری بنا لیجئے۔ دیکھا جائے تو سوچنے کا انداز بدل لیں گے تو آدھی پریشانی ختم ہوجائے گی۔بس خود کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ خود سے کہیں کہ سب ٹھیک ہوجائے گا، یہ کہنے سے حالات تو نہیں بدلیں گے لیکن حالات کا سامنا کرنی کی ہمت ضرور آجائے گی۔ لہٰذا زیادہ نہ سوچیں۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK