Inquilab Logo

کامیاب زندگی گزارنے کا ایک اہم جز خوش رہنا ہے

Updated: March 19, 2020, 4:15 PM IST | Inquilab Desk

اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ جس نے ہر صورتحال میں خوش رہنا سیکھ لیا، اس نے زندگی جینا سیکھ لیا۔ کل یعنی ۲۰؍ مارچ کو ’انٹرنیشنل ڈے آف ہپی نیس ‘ منایا جائے گا جس کا مقصد خوشی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس مضمون میں خوش رہنے کے چند طریقے بتائے جا رہے ہیں

Women - Pic : INN
خوش رہنے والے لوگ اپنے آپ سے محبت کرتے ہیں ۔ تصویر : آئی این این

زندگی میں چاہے کتنی بھی مشکلیں آجائیں، اگر آپ نے ہر صورتحال میں خوش رہنا سیکھ لیا تو پھر زندگی جینا سیکھ لیا۔ خوشیوں سے زندگی میں کامیابی بھی ملتی ہے۔ کامیابی کوئی نتائج نہیں ہیں جنہیں ہم حاصل کرسکیں۔ یہ تو محسوس کیا جاسکتا ہے لیکن خوشحال اور کامیاب زندگی جینے کے لئے ہمیں سب سے پہلے خود کے ساتھ اپنے رشتے کو بہتر کرنا ہوگا، کیونکہ ہماری جذباتی اور ذہنی حالت کا اثر ہماری خوشی اور کامیابی پر ہوتا ہے۔ اس لئے اگر ہم نے اپنے حالات کو ٹھیک رکھنا سیکھ لیا تو یقینی طور پر کامیابی اور خوشی ہمارے ساتھ ہوں گی۔ جانتے ہیں کچھ ایسے ہی طریقے جو ہمیں خوش رہنے کے لئے مدد کریں گے:
خود پر قابو پائیں
 دوسروں لوگ کیا کہہ رہے ہیں، کیا کرتے ہیں، آج کل کے وقت میں کیا چل رہا ہے، یہ سب آپ کے کنٹرول میں نہیں ہے۔ آپ نے جیسا سوچا، ویسا نہیں ہوا یا برعکس صورتحال پیدا ہونے پر آپ صرف اپنے برتاؤ اور سوچ پر توجہ دیں اور مثبت انداز میں سوچیں۔ ساتھ ہی اس صورتحال کو بدلنے یا اس پر افسوس کرنے کے بجائے آپ کیا کرسکتے ہیں، اس کا سب سے زیادہ دھیان رکھیں۔ تبھی آپ خوش رہ پائیں گے۔
موازنہ کرنے کی عادت ترک کر دیں
 کسی بھی طریقے سے اپنے کاموں یا نتائج کا دوسروں سے موازانہ کرنا خطرناک ہے۔ اس عادت کی وجہ سے لوگوں کو دیکھنے کا ہمارا نظریہ بھی ایسا ہی ہوجاتا ہے کہ ہم ان کو صرف ان کے کئے گئے کام، حالات یا نتائج سے پہچاننے لگتے ہیں۔ ہر انسان میں کوئی نہ کوئی خاص بات ہوتی ہے۔ اس لئے اپنی خوشی اور کامیابی کو کسی سے موازنہ نہ کریں۔
تجربے سے دوستی کریں
 جب تک ہماری توجہ کام سے زیادہ کام کے نتائج یعنی کیا کھویا کیا پایا پر رہے گی، تب تک ہم تجربات کی اہمیت سمجھ نہیں پائیں گے۔ زندگی کوئی کاروبار نہیں ہے، جہاں ہر بار کوئی نتیجہ ہونا چاہئے۔ اگر آپ کو زندگی میں خوشیوں کو محسوس کرنا ہے تو خود کو تجربات سے جوڑنا سیکھئے۔
 لینے کے بجائے دینا سیکھیں
 عام طور پر یہی سمجھا جاتا ہے کہ اپنی فالتو چیزیں دوسروں کو دینے والا نقصان میں رہتاہے اور چیزیں حاصل کرنے والے کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا فائدہ دینے والے کو بھی ہوتا ہے۔ اگرغور کیا جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ معاشرے کے ستائے ہوئے لوگوں کی مدد کرنے کا عمل حقیقت میں مدد کرنے والے کیلئے زیادہ فائدہ بخش ہوتا ہے، جو لوگ خوش رہتے ہیں وہ اس حقیقت سے آگاہ ہوتے ہیں۔
دوسروں کی باتوں کا اثر نہ لیں
 دوسرے لوگوں کے ڈراموں سے دور رہیں اور خود بھی کوئی ڈراما مت کیجئے۔ اپنے بارے میں دوسرے لوگوں کی کہی ہوئی فضول باتوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔ لوگوں کی باتیں سن کر صرف مسکرائیں اور ان سے دور ہوکر اپنے راستے پر چلتے رہیں۔
رشتے اور تعلقات استواریں
 جن لوگوں کے پانچ یا اس سے زیادہ ایسے دوست ہوں، جن کے ساتھ وہ اپنے اہم مسائل پر گفتگو کرسکتے ہیں، وہ دوسرے لوگوں کے مقابلے میں ۶۰؍ فیصد زیادہ خوش پائے جاتے ہیں۔
خود سے بھی محبت کیجئے
 کسی اور کی چاہت میں خود سے محبت کرنا نہ چھوڑیں۔ خوش رہنے والے لوگ جانتے ہیں کہ اپنے آپ سے محبت کرنا خود غرضی نہیں، اگر آپ دوسروں کی مدد اس طرح کریں کہ اپنا خیال بھی رکھیں، تو آپ دوسروں پر اپنی حقیقی شخصیت بھی ظاہر کرسکیں گے اور ہر وقت خوش بھی رہ سکیں گے۔
مایوسی سے بچیں 
 خوش رہنے والوںمیں سب سے اچھی صلاحیت یہ ہوتی ہے کہ وہ اُمید کا دامن نہیں چھوڑتے۔ صورتحال جتنی بھی زیادہ ناامیدی پیدا کرنے والی ہو، مسائل سہنے والا انسان اس صورت میں بھی پُر امید رہتا ہے۔ ایسے لوگ ناکام بھی ہوں تو ناکامی کو ایک موقع سمجھتے ہوئے ترقی کرنے اور زندگی سے ایک نیا سبق سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لہٰذا مایوس کو اپنے پاس بھی آنے نہ دیں۔
مشکلات کو قبول کیجئے
 جدوجہد، کوشش اور کاوش ترقی کا ثبوت ہے۔ ہمیشہ خوش رہنے والے لوگ اس اصول کے مطابق زندگی بسر کرتے ہیں۔ ایسے لوگ غیر معمولی قوت اور حوصلے کے حامل ہوتے ہیں اور انہیں پوری طرح استعمال کرتے ہیں۔ وہ سیکھتے ہیں، چاہے یہ عمل ان کے لئے تکلیف دہ ہی کیوں نہ ہو۔
چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے لطف اُٹھائیں
 آپ غور کریں تو آپ کو ہر جگہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں دکھائی دیں گی۔ جب ہم خوشیاں دینے والے کسی لمحے کو نظر انداز کرتے ہیں تو اس لمحے کو اس کے جادو سے محروم کردیتے ہیں۔ اگر ہم زندگی کی سادہ چیزوں سے مکمل طور پر لطف اندوز نہیں ہوں گے تو ان سے حاصل ہونے والے فوائد سے خود کو محروم کرلیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK