Inquilab Logo

دریاپور کا طالبعلم محمد سفیان جے ای ای مین میں ۹۹ء۹۹؍پرسنٹائل سے کامیاب

Updated: February 15, 2024, 10:47 AM IST | Shaikh Akhlaq Ahmad | Mumbai

مہاراشٹر کے دریا پور کے رہنے والے محمدسفیان محمد رہبر نے جے ای ای مین امتحان میں ۹۹ء۹۹؍ پرسنٹائل سے کامیابی حاصل کی ہے۔

JEE Main Topper Mohammad Sufyan Mohammad Rahbar
جے ای ای مین ٹاپر محمدسفیان محمد رہبر

مہاراشٹر کے دریا پور کے رہنے والے محمدسفیان محمد رہبر نے جے ای ای مین امتحان میں ۹۹ء۹۹؍ پرسنٹائل سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ہونہار طالب علم نے قومی سطح پر ٹاپ ۱۰؍ میں جگہ بناکر اپنے والدین اور ریاست مہاراشٹر کا نام بھی نام روشن کیا ہے۔ سفیا ن نے طبیعیات(فزکس) اورکیمیاء(کیمسٹری)  میں  صد فیصد اور علم ریاضی میں ۱۰۰؍ میں سے ۹۹ء۹۸؍  فی صد نمبرات حاصل کئے ہیں۔امسال جے ای ای مین میں کل ۱۱؍ لاکھ۷۰؍ ہزار ۳۳۶؍  طلبہ نے ۱۱؍ سلاٹ میں امتحان دیا ہے۔ اگر مجموعی طلبہ کے مارکس کو تقسیم کیا جائے تو پرسنٹائل کے اعتبار سے ’فریش امتحان‘  دینے والوں میں سفیان کا پورے ملک میں۱۰؍ واں رینک ہے۔
 محمد سفیان کے والد  محمد رہبر، شمیم آزاد اُردو جونیئر کالج دریاپور ضلع امراوتی میں لیکچرار ہیں۔ انقلاب کیلئے کی جانے والی خصوصی گفتگو کے دوران اپنے ہونہار فرزند کے تعلیمی سفر کے بارے میں بتایا کہ’’ محمد سفیان نے گیارہویں - بارہویں کی پڑھائی سیوا سدن جونیئر کالج ناگپور سےمکمل کی ہے۔اسے دسویں اوور بارہویں میں بھی ۹۸؍فیصد نمبرات حاصل ہوئے تھے۔   جے ای ای کی کوچنگ  سفیان نے  ایلن کریئر انسٹیٹیوٹ ،ناگپور سے حاصل کی ۔ فی الحال وہ جے ای ای ایڈوانسڈ کی تیاری میں مصروف ہے اور وہ  آئی آئی ٹی پوائی ممبئی سے کمپیوٹر سائنس میں بی ٹیک کرنا چاہتا ہے۔ ‘‘  محمد رہبر نے یہ بھی بتایا کہ ’’ناگپور میں دوران تعلیم سفیان نے فزکس اور کیمسٹری مضامین میں کئی گولڈ میڈل حاصل کئےہیں ۔ سفیان کو ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف ناگپور نے جونیئر سائنٹسٹ کا ایوارڈ بھی تفویض کیا ہے۔‘‘ 
 انہوں نے ایک دیگر سوال کے جواب میں بتایا کہ’’ سفیان کا ہمیشہ سے روزانہ ۱۰؍  سے۱۲؍ گھنٹے پڑھائی کا معمول رہا ،   وہ پنج وقتہ نمازوں کا پابند ہے۔ یہ بھی بتادوں کہ موجودہ وقت میں جب زیادہ تر بچے نت نئے موبائل فون استعمال کر تے ہیں ، سفیان سادہ فون استعمال کرتا ہے۔‘‘ 

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK