Inquilab Logo Happiest Places to Work

بال گیلے ہوں تو یہ پانچ کام بالکل نہ کریں

Updated: June 11, 2026, 7:56 PM IST | Mumbai

ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال لمبے، گھنے اور خوبصورت ہوں، مگر آلودگی، کیمیکلز اور روزمرہ کی غلط عادتوں کے سبب بال بے جان ہو کر جھڑنے لگتے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہر عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کے بال لمبے، گھنے اور خوبصورت ہوں، مگر آلودگی، کیمیکلز اور روزمرہ کی غلط عادتوں کے سبب بال بے جان ہو کر جھڑنے لگتے ہیں۔ ہم اکثر انجانے میں بالوں کو خراب کرنے والی کئی غلطیاں کر جاتے ہیں جو ہمارے بالوں کی صحت کو مزید نقصان پہنچاتی ہیں۔ خاص طور پر جب بال گیلے ہوں، تو ان کی دیکھ بھال اور بھی ضروری ہو جاتی ہے۔ یہاں پانچ ایسی غلطیاں دی جا رہی ہیں جن سے آپ کو اجتناب برتنا چاہئے۔

(۱)گیلے بالوں کو تولیے سے نہ رگڑیں

عام طور پر نہانے کے فوراً بعد خواتین اپنے گیلے بالوں کو تولیے کی مدد سے زور زور سے رگڑتی ہیں۔ اس کی وجہ سے بالوں کی ساخت کو نقصان پہنچتا ہے، ساتھ ہی دو منہے بالوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ گیلے بالوں کو ہلکے ہاتھوں سے تولیے سے پونچھیں۔ نہانے سے قبل بالوں میں تھوڑا سا سیرم یا تیل لگائیں تاکہ بالوں کی حالت بہتر رہے اور انہیں کم نقصان پہنچے۔

یہ بھی پڑھئے: حسد کی حقیقت....! فکر انگیز تحریر

(۲)سختی سے بالوں کو نہ سلجھائیں

کبھی بھی اپنے گیلے بالوں کو جارحانہ طریقے سے برش نہ کریں۔ اگر آپ برش کرنا چاہتی ہیں تو نرم برش استعمال کریں اور ہمیشہ بالوں کے نچلے حصے سے شروع کریں، پھر آہستہ آہستہ اوپر کی طرف آئیں۔ اس سے بالوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

(۳)گیلے بالوں کو باندھنے سے گریز کریں

گیلے بال سب سے زیادہ کمزور ہوتے ہیں، اس لئے انہیں باندھنا ٹوٹنے کا باعث بن سکتا ہے۔ اگر آپ انہیں باندھنا چاہتی ہیں، تو کوشش کریں کہ انہیں ہلکے طریقے سے یا کھلے چھوڑ کر رکھیں تاکہ بالوں پر اضافی دباؤ نہ آئے۔

(۴)گیلے بالوں کو تیز ہوا سے خشک نہ کریں

گرم ہوا سے اپنے بالوں کو جلدی خشک کرنا ایک غلط عادت ہے۔ اگر آپ ہیئر ڈرائر استعمال کر رہی ہیں، تو پہلے بالوں سے اضافی پانی نکالیں، پھر درمیانے درجے کی حرارت پر بالوں کو خشک کریں۔ اس کے بعد اپنے بالوں کو پسندیدہ انداز میں اسٹائل کریں۔

یہ بھی پڑھئے: ماں اور بڑی بہن کی مشترکہ محنت بچے کے روشن مستقبل کی ضمانت

(۵)گیلے بالوں کے ساتھ بستر پر نہ جائیں

اگر آپ کے بال گیلے ہیں، تو انہیں بستر پر جانے سے پہلے اچھی طرح خشک کر لیں۔ گیلے بالوں کا تکیے یا چادر کے ساتھ رگڑنا ان کی ساخت کو خراب کرسکتا ہے اور بالوں کے ٹوٹنے کا باعث بن سکتا ہے۔

گیلے بالوں کو صحیح طریقے سے سنبھالنا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ ان پانچ غلطیوں سے گریز کرتی ہیں تو آپ اپنے بالوں کو صحتمند اور مضبوط بنانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔

بالوں کو صحتمند بنانے کے چند نسخے

* ایک مٹھی میتھی کے پتّے اور ۲؍ بڑے چمچے تازہ کوکونٹ کا پیسٹ لیں۔ میتھی کے پتّوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد پیسٹ بنا لیں۔ اس میں کوکونٹ پیسٹ ملا کر سر پر اچھی طرح لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سادہ پانی سے دھو لیں۔ بال مضبوط اور گھنے ہوجائیں گے۔
* ۳؍ کپ پانی، ایک کپ پارسلے اور ایک لیموں کا رس لیں۔ پانی میں پارسلے کو ڈال کر اُبالنے رکھیں۔ آدھا گھنٹے بعد جب پانی پیلا ہو جائے تو اس میں لیموں کا رس ملا کر ایک جانب رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پانی چھان کر کسی بوتل میں بھر لیں اور بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد اس پانی کو سر پر ڈالیں۔ اس سے بال گھنے اور چمکدار ہوں گے۔
* چار پانچ چقندر کے پتّے اور ایک بڑا چمچہ مہندی لیں۔ تھوڑے سے پانی میں چقندر کے پتّے اُبالیں۔ جب پانی آدھا رہ جائے تو اسے مکسر میں پیس لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر مہندی ملا کر سر پر لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سادہ پانی سے دھو لیں۔ بال جھڑنے کم ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK