• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیصلہ سازی کی صلاحیت کیسے بہتر بنائیں؟

Updated: October 26, 2026, 5:03 PM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

ایک باشعور خاتون وہ نہیں جو زندگی میں کبھی غلط فیصلہ نہ کرے بلکہ وہ ہے جو اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرے اور ہر تجربے سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھتی رہے۔ آپ کا ہر دانش مندانہ فیصلہ آپ کی شخصیت کو مضبوط بنانے اور زندگی کو بہتر سمت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

Decision-making ability is not developed in a single day; rather, it flourishes through consistent practice, study, experience, and self-reflection. Image: INN
فیصلہ سازی کی صلاحیت ایک دن میں پیدا نہیں ہوتی بلکہ مسلسل مشق، مطالعے، تجربے اور خود احتسابی سے پروان چڑھتی ہے۔ تصویر: آئی این این

زندگی میں کامیابی صرف علم حاصل کرنے، محنت کرنے یا صلاحیتوں سے آراستہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ان صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کا نام بھی ہے۔ ایک خاتون کتنی ہی ذہین، باصلاحیت اور محنتی کیوں نہ ہو اگر وہ بروقت اور مناسب فیصلہ کرنے میں دشواری محسوس کرتی ہے تو اسکی صلاحیتیں پوری طرح بروئے کار نہیں آ سکتیں۔ اسکے برعکس جو خاتون حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینے، امکانات کو پرکھنے اور مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وہ محدود وسائل کے باوجود اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرسکتی ہے۔ اس لئے فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہر خاتون کی شخصیت کی نشوونما کیلئے ضروری ہے۔

بہتر فیصلے کرنے کیلئے سب سے پہلے خود شناسی ضروری ہے۔ جب تک آپ اپنی صلاحیتوں، کمزوریوں، دلچسپیوں اور ترجیحات سے واقف نہیں ہونگی، اس وقت تک اپنی زندگی کیلئے موزوں راستے کا انتخاب کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی ذات کو سمجھیں، اپنی صلاحیتوں پر غور کریں اور یہ طے کریں کہ زندگی میں آپ کیلئے کیا اہمیت رکھتا ہے۔ دوسروں کی رائے کا احترام ضرور کریں لیکن اپنی زندگی کے اہم معاملات میں اپنی ضروریات اور مستقبل کو بھی نظرانداز نہ کریں۔

کسی بھی اہم فیصلے سے پہلے متعلقہ معلومات حاصل کرنا اور مختلف امکانات کا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے۔ محض سنی سنائی باتوں، مفروضوں یا وقتی جذبات کی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ بعض اوقات مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لئے کسی تعلیمی شعبے کے انتخاب، ملازمت، مالی معاملات یا خاندانی زندگی سے متعلق فیصلہ کرتے وقت تمام پہلوؤں پر غور کیجئے۔ ہر راستے کے فوائد اور نقصانات کو سمجھنے کی کوشش کیجئے اور یہ بھی دیکھئے کہ آپ کا انتخاب مستقبل میں کیا اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مجموعی صحت کے لئے صبح یہ تین عادتیں اپنائیے

فیصلہ سازی میں جذبات بھی اہمیت رکھتا ہے لیکن جذبات کو عقل پر اس حد تک غالب نہیں ہونے دینا ہے کہ ہم حقیقت کو نظرانداز کرنے لگیں۔ غصے کی حالت میں کیا گیا فیصلہ رشتوں میں تلخی پیدا کرسکتا ہے، خوف کے باعث کوئی اچھا موقع ہاتھ سے نکل سکتا ہے اور حد سے زیادہ خوشی میں انسان ممکنہ مشکلات کو نظرانداز کرسکتا ہے۔ اسی طرح دوسروں کی ناراضی کے خوف سے کیا گیا فیصلہ بعض اوقات ہمیں اپنی ضروریات سے دور کر دیتا ہے۔ اس لئے جب آپ کسی اہم معاملے میں ذہنی دباؤ، غصے یا اضطراب کا شکار ہوں تو جہاں ممکن ہو، فوری فیصلہ کرنے کے بجائے کچھ وقت لیجئے۔ اپنے جذبات کو سمجھنے اور صورتحال کا سکون سے جائزہ لینے کے بعد قدم اٹھائیے۔

 فیصلہ سازی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ غیر ضروری تذبذب اور ناکامی کا خوف ہے۔ بعض خواتین ہر پہلو پر اتنا زیادہ غور کرتی رہتی ہیں کہ فیصلہ کرنے کا مناسب وقت گزر جاتا ہے۔ انہیں اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں ان کا انتخاب غلط ثابت نہ ہو جائے یا لوگ ان پر تنقید نہ کریں۔ حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں ہر فیصلے کے نتائج کی مکمل ضمانت ممکن نہیں۔ بعض اوقات تمام معلومات حاصل کرنے اور پوری احتیاط برتنے کے باوجود حالات توقع کے مطابق نہیں رہتے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فیصلہ کرنا چھوڑ دیا جائے بلکہ ضروری ہے کہ دستیاب معلومات اور امکانات کی روشنی میں مناسب انتخاب کیا جائے۔ چھوٹے معاملات میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیجئے جبکہ اہم فیصلوں کیلئے تحقیق، مشاورت اور غور و فکر کو مناسب وقت دیجئے۔

 یہ بھی یاد رکھئے کہ غلطی انسانی زندگی کا ایک فطری حصہ ہے۔ ہر فیصلہ مطلوبہ نتیجہ نہیں دیتا لیکن ہر تجربہ ہمیں کچھ نہ کچھ سکھا سکتا ہے۔ اگر کبھی آپ کا کوئی فیصلہ توقع کے مطابق ثابت نہ ہو تو خود کو ناکام سمجھنے کے بجائے اس کے اسباب پر غور کیجئے۔ یہ دیکھئے کہ کہاں معلومات کی کمی تھی؟ کس پہلو کو نظرانداز کیا گیا اور آئندہ ایسی صورتحال میں کیا بہتر کیا جاسکتا ہے؟ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ان سے سبق سیکھنا کمزوری نہیں بلکہ فکری پختگی کی علامت ہے۔ جو خاتون اپنے تجربات سے سیکھنے کا حوصلہ رکھتی ہے وہ وقت کے ساتھ زیادہ سمجھدار، حقیقت پسند اور بااعتماد فیصلہ ساز بن سکتی ہے۔

 خود اعتمادی بھی بہتر فیصلہ سازی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ جب آپ اپنی صلاحیتوں پر مناسب اعتماد رکھتی ہیں تو اپنی رائے قائم کرنے، نئے امکانات آزمانے اور فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے میں آسانی محسوس کرتی ہیں۔ لیکن خود اعتمادی کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی ہر رائے کو درست سمجھا جائے۔ حقیقی خود اعتمادی یہ ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھیں، اپنی حدود کو پہچانیں اور نئی معلومات سامنے آنے پر اپنی رائے پر نظرثانی کرنے کیلئے بھی تیار رہیں۔

روزمرہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے معاملات میں خود فیصلہ کرنے کی عادت اپنائیے۔ اپنے وقت کی منصوبہ بندی، ترجیحات کا تعین اور مسائل کے حل کیلئے شعوری کوشش کیجئے۔ اس طرح آپ کی فیصلہ سازی کی صلاحیت بتدریج بہتر ہوتی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK