• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپ کا ذوقِ انتخاب ہی گھر کو خوبصورت بناتا ہے

Updated: October 07, 2026, 1:59 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

گھر کی سجاوٹ میں اصل خوبصورتی سادگی اور مناسب انتخاب میں ہے۔ چاہے گھر بڑا ہو یا چھوٹا، سوچ سمجھ کر کی گئی چند تبدیلیاں اسے مکمل طور پر بدل سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ خرچ کے بجائے سمجھداری کے ساتھ گھر کو آرام دہ اور خوبصورت بنانے پر توجہ دی جائے تاکہ گھر شاندار نظر آنے کے ساتھ ساتھ پُرسکون بھی ہو۔

Arranging belongings neatly not only enhances the home`s beauty but also reflects your commendable taste. Photo: INN
ساز و سامان سلیقے سے رکھا جائے تو گھر کی خوبصورتی بھی بڑھے گی اور آپ کا ذوق بھی قابل ستائش قرار پائے گا۔ تصویر: آئی این این

اپنا گھر تو سبھی کو پیارا لگتا ہے مگر عورت کی ساری زندگی اپنے گھر کو سجانے سنوارنے میں ہی گزر جاتی ہے، اب چاہے وہ چھوٹی سی جھوپڑی ہو یا کوئی بڑا سا محل نما گھر! گھر کی اندرونی سجاوٹ ہی گھر میں رہنے والوں کے ذوق کی نشاندہی کرتی ہے۔

اکثر خواتین سجاوٹ کے ڈھیر سارے سامان سے گھر کا کونا کونا بھر دیتی ہیں، لیکن گھر میں سامان بھر دینے سے وہ دیدہ زیب نہیں بن سکتا، یہ سجاوٹ نہیں ہوتی بلکہ اصل خوبصورتی اس وقت نظر آتی ہے جب اس کے اندر سامان سلیقے اور قرینے سے رکھا جائے۔ اکثر لوگ چھوٹے گھر میں رہنے کے باوجود بڑا فرنیچر خرید لیتے ہیں جس سے گھر بوجھل محسوس ہوتا ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ فرنیچر خریدیں گی تو آپ کا گھر بھی سج جائے گا اور اچھا بھی لگے گا۔ کم جگہ گھیرنے والے فرنیچر بھی بہتر متبادل ثابت ہوسکتے ہیں۔

خوبصورت گھر ہر عورت کا خواب، اس کی خواہش اور اس کی تمنا ہوتی ہے۔ گھر چاہے جیسا بھی ہو، لیکن ایک عورت کے لئے اس کا گھر جنت سے کم نہیں ہوتا اور اس گھر کی سجاوٹ و آرائش کے لئے خواتین ہر وقت تیار رہتی ہیں۔ گھر کو خوب صورت اور جاذب نظر بنانے کے لئے ان کے ذہن میں بہت سے نئے خیالات چلتے رہتے ہیں اور ان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی خواتین متحرک رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: صبح کی جلدی، بچوں کے نخرے اور ناشتے سے فرار کی کہانی

گھر کو بے شک نت نئے اور مہنگے سامان سے کیوں نہ بھر دیا جا ئے لیکن ان کی بے مقصد سجاوٹ، بد سلیقے سے رکھی ہوئی اشیاء اس کی خوبصورتی کو ماند کر دیتی ہیں۔ کچھ خواتین تو پرانے فرنیچر اور سادہ سی سجاوٹ کی اشیاء بھی اس محنت اور لگن سے سجاتی ہیں کہ ان میں جان پڑ جاتی ہے اور سادگی میں بھی حسن پیدا ہوجاتا ہے جو ہر دیکھنے والے کے دل پر اثر کرتا ہے۔ سادگی میں بھی ایک حسن پوشیدہ ہے۔ گھر بڑا ہو یا چھوٹا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ آپ کا اعلیٰ ذوق اور انتخاب ہی گھر کو خوبصورت اور جاذب نظر بناتا ہے۔ ساتھ ہی گھر صاف ستھرا رکھا جائے تو وہ مزید شاندار لگتا ہے۔

گھر کی سجاوٹ میں خوبصورت آئینوں کو بھی اپنے انتخاب کا حصہ بنائیں۔ آئینوں کی سجاوٹ گھر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔ گھر کو ایک منفرد لک دینے کے لئے آئینوں کا استعمال زبردست ہوتا ہے۔ جگمگ کرتے صاف ستھرے آئینوں کے آگے خوبصورت شو پیس رکھنے سے بھی ابھرنے والا عکس نہایت خوبصورت منظر پیش کرے گا۔

آئینے بولتے ہیں اور گھر کی سجاوٹ ہو تو آئینے خود بول کر ہر آنے والے کے سامنے آپ کی تعریف کرتے ہیں۔ اگر آپ کا کمرہ چھوٹا ہو تو آپ اپنی ذہانت استعمال کرکے اسے بڑا ظاہر کرسکتے ہیں۔ کم کشادہ کمروں کی دیواروں میں خوب صورت آئینے لگا کر اسے وسیع کرسکتے ہیں، اس کے لئے آپ بیضوی، راؤنڈ اور مربع اشکال میں آئینوں کا استعمال کرسکتی ہیں۔ ان سے گھر میں گھٹن کا احساس بھی کم ہوجاتا ہے۔

ہمیشہ خیال رکھیں کہ آئینہ ایسی جگہ لگائیں کہ روشنی آئینے پر منعکس ہو، تاکہ کمرے میں لگی لائٹس کی روشنی کمرے کو مزید روشن کردے۔ پھر تو یہ کمرہ آئینوں اور لائٹس کی وجہ سے خوب صورت اور دلکش نظر آئے گا۔ اگر یہ آئینے فریم والے ہوں تو اور بھی حسین لگیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:راجستھانی رائل لُک: خاص موقع کیلئے پرفیکٹ

آپ اپنی خریداری میں جدید اور قدیم طرز کے فریموں کا انتخاب کریں، تاکہ آپ کی چوائس اینٹیک میں شمار ہو۔ اس کے علاوہ روز روز ایسے ساز و سامان کی خریداری ممکن بھی نہیں، اسی لئے خواتین کو اپنے بجٹ سے تھوڑا سا آوٹ ہو کر اس سجاوٹ کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے، لیکن ایک بار کی اچھی خریدی ہوئی چیز ہمارے لئے فائدے مند رہتی ہے۔ تھوڑی سی بچت کرکے اور کم معیار کی چیز خرید کر ہم خود نقصان میں رہتے ہیں۔

خاتون خانہ کو چاہئے کہ وہ خریداری کرتے وقت دل و دماغ کو کھلا رکھیں اور خاص کر اپنے بجٹ کا خیال رکھیں۔ ایسی اشیاء کا انتخاب کریں جو اپ کے شوق کو بھی پورا کرے اور اینٹیک بھی کہلائے۔ اس کے علاوہ سالہا سال استعمال بھی ہو۔

اسی طرح دیواروں کا رنگ اور آرٹ ورک بھی ماحول پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ ہلکے اور نیوٹرل رنگ فضا کو کھلا اور تازہ محسوس کرواتے ہیں جبکہ چند نمایاں پینٹنگ یا فوٹو فریم پورے کمرے کو متوازن انداز میں سجا دیتے ہیں۔

گھر کی سجاوٹ میں پودوں کا اضافہ بھی ایک اہم رجحان بن چکا ہے۔ گھر کے اندر لگائے جانے والے پودے نہ صرف ہوا کو بہتر بناتے ہیں بلکہ گھر کو قدرتی تازگی دیتے ہیں۔ چھوٹے گملوں سے لے کر بڑی پلانٹر پوزیشننگ تک، گرینری ہر گھر میں خوب جچتی ہے اور اسے کم خرچ میں خاص بنا دیتی ہے۔ اسی طرح کشنز، رگز اور چھوٹے ڈیکور آئٹمز بھی بے حد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ چھوٹی چیزیں لگتی ہیں، مگر ان کے رنگ اور پیٹرن بدلنے سے پورا گھر نیا تاثر دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK