ذائقہ دار پکوان سبھی کو پسند ہوتے ہیں اور خواتین ِ خانہ بڑے جتن سے پکوان تیار کرتی ہیں۔ اِن دنوں ریڈی میڈ مسالے یا ریڈی ٹو کوک پکوان زیادہ پسند کئے جانے لگے ہیں۔ یقیناً اس سے کام آسانی سے ہوجاتا ہے مگر گھر میں پیسے ہوئے مسالوں سے تیار کئے ہوئے پکوانوں کو ترجیح دینی چاہئے۔
گھریلو مسالوں سے تیار کئے ہوئے پکوانوں سے اٹھنے والی خوشبو ہی بھوک بڑھا دیتی ہے۔ تصویر: آئی این این
مسالے کھانوں کو مزے دار بناتے ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب خواتین ِ خانہ سیل بٹے پر مسالے پیس کر کھانوں میں استعمال کرتی تھیں۔ موجودہ دور میں ریڈی ٹو کوک کی وجہ سے کھانا بنانا انتہائی آسان ہوگیا ہے لیکن ریڈی میڈ مسالوں سے تیار کئے گئے پکوانوں میں وہ لذت کہاں! آج بھی چند خواتین گرائنڈر میں پیسے ہوئے مسالوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ اس مضمون میں چند پکوانوں کے مسالوں کی تیاری کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔ اس سے استفادہ کرتے ہوئے خواتین بآسانی مسالے تیار کرسکتی ہیں اور ان کی مدد سے تیار کئے ہوئے ذائقہ دار پکوانوں کا لطف اٹھا سکتی ہیں۔
سبزی مسالہ
کیا چاہئے؟ ثابت لال مرچ ۸؍ عدد، دارچینی ۴؍ ٹکڑے، جائفل ایک چوتھائی چمچہ، بڑی الائچی ۲؍ عدد، چھوٹی الائچی ۴؍ عدد، ثابت دھنیا ۴؍ بڑے چمچے، سونف ۲؍ چھوٹے چمچے، ثابت کالی مرچ ۲؍ بڑے چمچے، لونگ ایک بڑا چمچہ، میتھی دانہ آدھا چھوٹا چمچہ، شاہ زیرہ ۲؍ چھوٹے چمچے، زیرہ ۲؍ بڑے چمچے، پھول ایک عدد، تیز پات ۴؍ سے ۵؍ عدد، قصوری میتھی ۴؍ بڑے چمچے۔
ایسے بنائیں: فرائنگ پین کو ہلکا گرم کرلیں۔ قصوری میتھی چھوڑ کر پہلے تیز پات، لال مرچ اور پھر دیگر مسالے ڈال کر خوشبو آنے تک دھیمی آنچ پر بھونیں۔ گیس بند کرنے کے بعد قصوری میتھی ڈال کر ملائیں۔ مسالہ ٹھنڈا کرکے باریک پیس لیں۔
استعمال کا طریقہ: جب سبزی پکنے آجائے تب سبزی مسالہ ملا کر ۲؍ منٹ بھون کر اتار لیں۔
چھولے مسالہ
کیا چاہئے؟ ثابت لال مرچ ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، ثابت دھنیا ۳؍ بڑے چمچے، اجوائن آدھا چھوٹا چمچہ، ثابت زیرہ ۲؍ چھوٹے چمچے، دارچینی ۳؍ ٹکڑے، بڑی الائچی ایک عدد، لونگ ۸؍ عدد، تیز پات ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، کالی مرچ ایک بڑا چمچہ، سونٹھ ایک چھوٹا چمچہ، قصوری میتھی ۳؍ بڑے چمچے، انار دانہ ۴؍ بڑے چمچے۔
ایسے بنائیں: فرائنگ پین گرم کرکے اس میں تیز پات اور لال مرچ کو الگ الگ سکھا بھون لیں۔ اس کے بعد سارے مسالوں کو بھی سکھا بھون لیں۔ مسالوں کو ٹھنڈا کرلیں، اس کے بعد باریک پیس لیں۔
استعمال کا طریقہ: جب چھولے تیار ہوجائیں تب اوپر سے چھولے مسالہ ملا لیں۔ اسے ہر طرح کے چھولے کی سبزی میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بریانی مسالہ
کیا چاہئے؟ ہلدی ایک بڑا چمچہ، لونگ ۱۲؍ عدد، جائفل آدھا چھوٹا چمچہ، جاوتری آدھا چھوٹا چمچہ، خشک آلو بخارا ۱۵؍ عدد، لال مرچ پاؤڈر ۲؍ بڑے چمچے، سبز الائچی ۱۵؍ عدد، دھنیا پاؤڈر ۴؍ چمچے، نمک ایک بڑا چمچہ، کالی مرچ ۲۰؍ عدد، کشمیری مرچ ۴؍ بڑے چمچے۔ پیسنےو الا مسالہ: دارچینی ۲؍ ٹکڑے، سفید زیرہ ۲؍ بڑے چمچے، بادیان کا پھول ۵؍ عدد، کالا زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، کالی مرچ ایک بڑا چمچہ، لونگ آدھا چمچہ، تیز پات ۴؍ عدد۔
ایسے بنائیں: پیسنے والے مسالے کو پیس کر دوسرے مسالوں میں اچھی طرح مکس کر لیں۔ ایئر ٹائٹ جار میں اسٹور کریں۔
استعمال کا طریقہ:ایک کلو گوشت یا چکن کے لئے اس مسالے کا ایک یا ڈیڑھ چمچہ شامل کریں۔
شوربہ کیلئے مسالہ
کیا چاہئے؟ بڑی الائچی ۶؍ عدد، چھوٹی ہری الائچی ۱۲؍ عدد، شاہ زیرہ ایک بڑا چمچہ، سونٹھ پاؤڈر (خشک ادرک پاؤڈر) ایک چمچہ، کالی مرچ ۲؍ بڑے چمچے، میتھی ۲؍ بڑے چمچے، سونف ۲؍ چمچے، جائفل آدھا چھوٹا چمچہ، دار چینی کا ایک ٹکڑا، جاوتری ۲؍ عدد، لونگ ۱۲؍ عدد، بادیان کے پھول ۲؍ عدد، زیرہ ۲؍ بڑے چمچے، دھنیا ۴؍ چمچے، کشمیری مرچ ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، رائی ۲؍ بڑے چمچے، تیز پات ۲؍ عدد، قصوری میتھی ۲؍ بڑے چمچے، ہلدی پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، کالا نمک ایک چمچہ، نمک ایک چمچہ، آمچور پاؤڈر ایک چمچہ۔
ایسے بنائیں: نمک اور ہلدی کے علاوہ تمام خشک مسالوں کو فرائنگ پین میں ۵؍ سے ۶؍ منٹ تک دھیمی آنچ پر خوب اچھی طرح بھونیں۔ پھر باریک پیس لیں۔ آخر میں ہلدی اور نمک ملا دیں۔ ایئر ٹائٹ جار میں اسٹور کریں۔
استعمال کا طریقہ: ہر قسم کی گریوی اور سبزیوں کو ذائقہ دار بنانے کے لئے ایک سے ڈیڑھ چمچہ استعمال کریں۔
چند اہم باتیں
مسالوں کو بھوننے سے پہلے فرائنگ پین یا کڑاہی کو گرم کرلیں، اس کے بعد ہی اس میں مسالے ڈالیں۔
مسالوں کو خوشبو آنے تک ہی بھونیں کیونکہ بھوننے کا مقصد صرف ان میں شامل نمی کو ہٹانا ہے۔ زیادہ بھوننے سے مسالہ کڑوا ہوسکتا ہے۔
مسالے کو پوری طرح ٹھنڈا ہونے کے بعد ہی پیسیں تاکہ ان میں نمی باقی نہ رہے۔