Inquilab Logo

دفتری /کاروباری افرادیہ ۶؍اقدامات اپناکر اپنے دن کو کارآمد بناسکتے ہیں

Updated: October 08, 2020, 12:45 PM IST | MA Ahmed

دن کی شروعات اگر نظم و ضبط کے ساتھ ہوگی تو یقیناً اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔یہ دعویٰ کوئی خیالی بات نہیں ہے، اگر آپ کامیاب افراد کی حکمت عملی اور ان کے معمولات کو جانیں تو علم ہوگا کہ ایسے افراد کو اپنے شعبہ میں کامیابی اور سرخروئی کے جھنڈے گاڑنے میں نظم و ضبط نے بڑی مدد کی ہے۔  اس حوالے سے ماہرین یہ موقف پیش کرتے ہیں کہ کامیاب افراد اپنی  روزمرہ کی زندگی کو انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ گزارتے ہیں ۔  

Cycling - Pic : INN
سائکلنگ ۔ تصویر : آئی این این

دن کی شروعات اگر نظم و ضبط کے ساتھ ہوگی تو یقیناً اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔یہ دعویٰ کوئی خیالی بات نہیں ہے، اگر آپ کامیاب افراد کی حکمت عملی اور ان کے معمولات کو جانیں تو علم ہوگا کہ ایسے افراد کو اپنے شعبہ میں کامیابی اور سرخروئی کے جھنڈے گاڑنے میں نظم و ضبط نے بڑی مدد کی ہے۔  اس حوالے سے ماہرین یہ موقف پیش کرتے ہیں کہ کامیاب افراد اپنی  روزمرہ کی زندگی کو انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ گزارتے ہیں ۔  نیز کچھ ایسے کام  وہ روزانہ کرتے ہیں  جو عام افراد کے شیڈول سے مختلف ہوتے ہیں۔  وہ اپنے دن کی شروعات کچھ  یوں کرتے ہیں کہ ان کے جسم میں ایسی توانائی بھرجاتی ہے کہ پورا دن وہ مستعدی کے ساتھ سرگرم رہتے ہیں اور منظم طریقے سے اپنے کام کو نمٹاتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم   کامیاب افراد کی حکمت عملی  کے جائزے سے حاصل  ۶؍ اقدامات کا ذکرکررہے ہیں جنہیں اپنا کر دفتری و کاروباری افراد اپنا  دن نتیجہ خیز طریقے سے گزار سکتے ہیں۔سب سے اہم بات یہ اقدامات تبھی موثر ہوں گے جب آپ صبح سویرے بیدار ہوں گے۔ 
(۱) ورزش کیجئے: اگر آپ اپنے دن کی شروعات ورزش سے کریں گے تو اس سے جسم میں چستی پھرتی پیدا ہوگی۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ جم میں جاکر بھاری بھرکم وزن اٹھائیں اور مشقت طلب ایکسرسائز کریں۔ آپ  اپنی پسند کی  ہلکی پھلکی ورزش بھی کرسکتے ہیں۔ پیدل چلئے  ، دوڑ لگائیے ، ممکن ہو تو کچھ وقت سائیکل کی سواری کیجئے۔ 
(۲) صحت بخش ناشتہ کیجئے: جسم کو درکار ایندھن فراہم کئے  بغیر آپ  محنت و مشقت نہیں کرسکتے۔ ناشتہ صحت بخش ہوگا تو نہ صرف آپ کے جسم کو توانائی حاصل ہوگی بلکہ نظام انہضام بھی درست رہے گا۔  اسلئے  ناشتے میں وٹامن اور ریشے سے بھرپور غذاؤں کا خیال رکھیں۔ سبزی اور پھل کھائیں۔
(۳) ای میلز اور ایس ایم ایس پڑھئے: کام کا آغاز یقیناً ای میل پڑھنے سے کیا جانا چاہیے جس کے بعد اہم پیغامات کا جواب دیا جائے۔اگر کوئی کام تاخیر کا شکار ہوا ہے اور اس حوالے سے کوئی ای میل آیا ہوگا تو یہ اقدام آپ کیلئے یاددہانی کا کا م کرے گا۔
(۴) دن کے اہداف کا تعین کریں: اب  ان اہداف کا تعین کیجئے جن کو اس دن پورا کرنا ہے۔ اس طرح آپ کامیابی کی سمت صحیح راہ پر ہوں گے اور وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔ 
(۵) ترجیحات کی فہرست بنائیں:اہداف کا تعین کرنے کے بعد آپ کو دن بھر کی ترجیحات کی فہرست  ضرور بنانی  چاہیے۔ اس طرح آپ  کو یاد رہے کہ اہمیت کے لحاظ سے کون سا کام جلد کرنا ہے اور کس کام کو ملتوی کرسکتے ہیں۔ 
(۶) حوصلہ افزاء تحریر پڑھئے:روزانہ دن کی شروعات کے معمولات میں کوئی  حوصلہ افزاء تحریر پڑھنے کی عادت ڈالئے۔ دفتر جانے سے قبل یا اپنی دکان، کارخانہ جانے سے پہلے اپنی پسند کی کتاب کے کچھ اوراق پڑھ لیں۔ یہ ممکن نہ تو کم از کوئی ترغیب و تحریک دینے والا قول ہی پڑھ لیں۔ اس سے آپ میں ایک نئی  امنگ پیدا ہوگی اور دن بھر آ پ خود کو توانائی سے بھرپو ر پائیں گے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK