Inquilab Logo

اپنی زندگی میں خوشیوں کےدروازے کھولیں

Updated: January 26, 2022, 11:33 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

اب ہم چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشیاں نہیں تلاش کرتے بلکہ جو کمیاں ہیں انہیں کا ہی رونا روتے رہتے ہیں۔ بعض دفعہ چھوٹی چھوٹی پریشانی سے بھی گھبرا جاتے ہیں۔ ہماری زندگی میں جتنی زیادہ شکایتیں بڑھتی جاتی ہیں، خوشی کا مادّہ اتنا ہی کم ہوتا جا رہا ہے مگر خوشیاں بھی ہماری دسترس میں ہوتی ہیں اگر ہم خوش ہونا چاہیں

There is no doubt that problems, difficulties, trials and confusions.Picture:INN
اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل، مشکلیں، آزمائشیں اور الجھنیں انسانی زندگی کا حصہ ہیں مگر مزہ تب ہے جب ان حالات میں خوش رہا جائے۔ تصویر: آئی این این

آج کی تیز رفتار زندگی ہمیں کافی حد تک متاثر کرچکی ہے۔ اب ہم چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشیاں نہیں تلاش کرتے بلکہ جو کمیاں ہیں انہیں کا ہی رونا روتے رہتے ہیں۔ بعض دفعہ چھوٹی چھوٹی پریشانی سے بھی گھبرا جاتے ہیں۔ ہماری زندگی میں جتنی زیادہ شکایتیں بڑھتی جاتی ہیں، خوشی کا مادّہ اتنا ہی کم ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات میں ہم ایک لمحے کیلئے بھی رک کر غور نہیں کرتے کہ ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ ہم سے زیادہ دور نہیں، کہیں ہمارے ارد گرد ہی موجود ہے۔ ہمیشہ اس یقین کیساتھ زندگی گزاریں کہ آپ کے اردگرد بے شمار خوشیاں آپ کے انتظار میں ہیں اور وہ بہت جلد آپ تک پہنچے والی ہیں۔ آپ کا کام صرف ان کو تلاش کرنا ہے۔ اس پر عمل کرکے دیکھ لیجئے.... آپ کو اپنے آس پاس ڈھیر ساری خوشیاں مل جائیں گی۔   حوصلہ مند اور باشعور لوگ اسی ذہنی رویے کے ساتھ مشکل سے مشکل حالات سے بھی چھوٹی چھوٹی اور انمول خوشیوں کے ساتھ اپنا تعلق ہمیشہ استوار کئے رکھتے ہیں۔ دراصل یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہی ہیں جو بڑی بڑی خوشیوں کے حصول کو ممکن بناتی ہیں۔ آپ اگر خوش رہنا چاہتی ہیں تو اپنی ان خوشیوں کو ڈھونڈیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل، مشکلیں، آزمائشیں اور الجھنیں انسانی زندگی کا حصہ ہیں۔ خود شناسی اور باطنی شعور، اندورنی اور بیرونی خوشی کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔  اپنی پہچان کا احساس اور باطنی شعور ہمیں حقیقی خوشی کی لذتوں سے سرشار کرتا ہے۔ ہم اپنا سارا وقت، اپنی ساری توانائی صرف اور صرف ظاہری اور مادّی خوشیوں کو حاصل کرنے کی بھاگ دوڑ میں خرچ کردیتے ہیں۔ وقت گزر جاتا ہے اور زندگی کا طویل سے طویل سفر بھی کٹ جاتا ہے۔ لیکن افسوس اس سارے عمل کے دوران ہم اپنے آپ اور اپنی ذات سے انجان اور حقیقت سےبے خبر رہتے ہیں۔ اپنی شخصیت کی نشوونما کے امکانات پر کام کرنے والے اور اپنی ذات کا عرفان حاصل کرنے کی جدوجہد کرنے والے حقیقی خوشیوں کی دوڑ میں بہت آگے نکل جاتے ہیں۔   خود شناسی کا عمل آپ کے لئے خوشی کے حصول کو آسان بنا سکتا ہے، اسے کبھی بھی نظر انداز نہ کیجئے۔ اپنے ذہن اور ذہنی ماحول کی صفائی ستھرائی بھی آپ کو خوشی کے حصول میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اگر آپ اپنے نصیب اور قسمت کو جگانا چاہتی ہیں تو اپنے ذہن سے ہر قسم کی منفی باتوں، منفی عادتوں اور منفی رویوں کو نکال دیجئے۔ اپنے دماغ سے وہ تمام فضول باتیں اور خیالا ت نکال دیں جو آپ کو ایک بہترین انسان بنانے میں رکاوٹ ثابت ہوتے ہیں۔ اپنے دل و دماغ میں خوشیوں اور کامیابیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ جگہ بنائیں، یہ عمل آپ کو خوشیاں تلاش کرنے میں آپ کا بہترین مونس و رفیق ثابت ہوگا۔   خود کو ایک پیداواری، مؤثر اور بہترین انسان بنانے کے لئے اپنا دماغ اور دماغی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کیجئے۔ اپنے دماغ کو ہر طرح کے حالات سے خوشیاں کشید کرنے اور پر اُمید رہنے کی عادت ڈالئے۔ بڑی بڑی مادّی خوشیوں کے لئے خود کو ہلکان کرنے کے بجائے چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی اہمیت کو جانیں۔ ہر ممکن حد تک دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کیجئے اور ان کے کام آئیں۔  اکثر لوگ دوسروں کو تکلیف پہنچا کر خوشی محسوس کرتے ہیں لیکن اس سے آپ کی زندگی کا سکون غارت ہوجاتا ہے۔ اس کے بجائے دوسروں کی مدد کیجئے۔ اس سے آپ کو دلی سکون اور خوشی میسر ہوگی۔   بے سہارا اور ضرورت مندوں کے کام آنا ہی انسانیت کی معراج ہے۔ خود کو اس خوشی سے محروم رکھنے والی کبھی حقیقی اور اصلی خوشی کا مزہ نہیں پاسکتیں۔ زندگی کے سفر میں خوشیاں پانا چاہتی ہیں تو اپنے اندر زیادہ سے زیادہ ہمت اور حوصلہ پیدا کیجئے۔ پریشانیوں میں ہمت و حوصلے سے کام لیجئے اور اپنی پریشانیوں کا ذکر ان لوگوں سے کبھی نہ کیجئے جو آپ کو خوش دیکھنا نہیں چاہتے۔   پریشانیاں اور ٹینشن آپ کی صحت پر بہت برے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ خود کو کسی بھی قسم کی پریشانی میں پرسکون رکھنے اور صبر کے ساتھ اسے بہترین طریقے سے نمٹانے کی کوشش کیجئے۔ اگر آپ زندگی میں سچی اور حقیقی خوشی حاصل کرنا چاہتی ہیں تو آپ کو اس دنیا میں اپنی موجودگی کے مقصد کو تلاش کرنا ہوگا۔ صدق دل اور خلوص نیت سے تلاش کریں گی تو مقصد حیات خودبخود آپ کے سامنے آن کھڑا ہوگا۔   پھر آپ کا کام ہے کہ اپنی تمام تر توانائی اور کوشش اپنے مقصد حیات کے حصول کے لئے وقف کردیں۔ دراصل مقصد حیات ہی وہ منزل ہے، جس کیلئے جہدوجہد کرنے اور اسے پانے کی خوشی ہمیں دنیا کی باقی تمام خوشیوں سے بے نیاز کردیتی ہے۔ اپنی زندگی میں خوشیوں کے دروازے کھولیں۔ چھوٹی چھوٹی پریشانی کا ڈٹ کر سامنا کریں۔ یاد رکھیں کہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں زندگی کے سفر کا ایندھن ہیں اور زندگی کے سفر میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو مشکل حالات سے بھی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کشید کرنے کا فن جانتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK