Inquilab Logo

رولزرائس نے دنیا کا تیز ترین اور جدید الیکٹرک طیارہ بنایا

Updated: November 27, 2021, 1:04 PM IST | Agency

حال ہی میں اس انوکھے طیارے نے برطانیہ میں مشقی پرواز کے دوران تیز رفتاری اور زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 دوپہیہ گاڑیوں سے لے کر موٹرکار اور ڈرون سواریوں سے لے کر ہوائی جہاز تک کو ’برقیانے‘ کا کام دنیا بھرمیں تیزی سے ہورہا ہے ۔  اس کی وجہ ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کم سے کم خرچ بھی ہے۔ اسی حوالے سے برطانوی ایئرو انجن کمپنی ’رولز رائس ‘ نے بڑی پیش رفت کی ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے برقی توانائی سے پرواز بھرنے والا دنیا کا تیز ترین الیکٹرک طیارہ تیار کرلیا ہے ۔  اتنا ہی نہیں اس طیارے نے مشقی پرواز کے دوران تیزترین پرواز کا ریکارڈ بھی قائم کرلیا ہے ۔  ایئروانجن کمپنی رولز رائس نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اپنے اس الیکٹرک طیارے کو ’اسپرٹ آف انوویشن ‘کا نام دیا ہے۔ کمپنی کے دعویٰ کے مطابق اس طیارے نے۳۸۷ء۴؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار پر پرواز کرنے میں کامیابی حاصل کی اور یہ دنیا کی تیز ترین الیکٹرک سواری ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ۱۶؍نومبر۲۰۲۱ء کو ٹیسٹ پرواز کے دوران اس طیارے نے مجموعی طور پر۳؍ ریکارڈقائم کئے ہیں جن میں۳۴۵ء۴؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے۱ء۸۶؍ میل کا راستہ طے کرنا ہے۔ اس طیارے نے۳۰۰؍ میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار پر برطانوی وزارت دفاع کی فوجی ٹیسٹنگ سائٹ پر۹ء۳۲؍ میل کا سفر کیا، جو سابقہ ریکارڈ سے۱۸۲؍ میل فی گھنٹہ زیادہ ہے۔ ان اعدادوشمار کو عالمی گورننگ باڈی فیڈریشن ایروناٹیکل انٹرنیشنل (ایف آئی اے) کے پاس تصدیق کے لئے  جمع کرایا گیا ہے۔ رولز رائس کا یہ الیکٹرک طیارہ ۴۰۰؍کلوواٹ الیکٹرک پاور ٹرین کی مدد سے پرواز کرتا ہے جبکہ سب سے بہترین پاور بیٹری پیک کو بھی اس کے لئے  استعمال کیا گیا ہے۔رولز رائس کے فلائٹ آپریشن ڈائریکٹر نے طیارے کو ٹیسٹ پرواز پر اڑایا اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کریئرکا اہم ترین لمحہ تھا۔ کمپنی کے سی ای او وارن ایسٹ نے کہا کہ دنیا کے تیز ترین الیکٹرک طیارے کا ریکارڈز ایک زبردست کامیابی ہے۔برطانیہ کے بزنس سیکریٹری کواسی کوارٹنگ نے کہا کہ یہ طیارہ برقی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسی ٹیکنالوجیز کو ان لاک کرنے میں مدد کرے گا جن کو ہم روزمرہ کی زندگی کا حصہ بناسکیں گے۔

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK