• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سلمان خان کی ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کے ٹیزر پر چین میں ناراضی

Updated: December 30, 2025, 6:02 PM IST | Mumbai

سلمان خان کی آنے والی جنگی ڈرامہ فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کے ٹیزر نے جہاں ہندوستان میں ملے جلے ردِعمل حاصل کئے، وہیں چین میں اس پر شدید اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے فلم کو ’’نامناسب‘‘ قرار دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی چینی صارفین نے اسے یک طرفہ بیانیہ کہا۔

Salman Khan can be seen in action in a scene from "Battle of Galwan". Photo: INN
’’بیٹل آف گلوان‘‘ کے ایک سین میں سلمان خان کو ایکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے حال ہی میں اپنی آنے والی جنگی ڈرامہ فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کا انتہائی متوقع ٹیزر جاری کیا جو ۲۰۲۰ء میں گلوان وادی میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والے تصادم پر مبنی ہے۔ ٹیزر کے ریلیز ہوتے ہی اسے ملے جلے ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاں کچھ ناظرین نے فلم کے موضوع اور پیشکش کی تعریف کی، وہیں بعض حلقوں نے سلمان خان اور دیگر اداکاروں کی اداکاری اور تاثرات کو کمزور قرار دیا۔ اسی دوران یہ ٹیزر چینی میڈیا اور سوشل میڈیا کی بھی توجہ کا مرکز بن گیا، تاہم وہاں اس پر ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والا ایک مضمون سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس میں اپوروا لاکھیا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کو ’’نامناسب‘‘ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: اکشے کھنہ نے ’’دھرندھر‘‘ کی ریلیز سے ایک دن قبل ’’درشیم ۳‘‘ چھوڑ دی تھی

چائنا انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ایشیا پیسیفک اسٹڈیز کے شعبے کے ڈائریکٹر لین جیانکسو نے گلوبل ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’فلم کا موضوع اور اس کی ٹائمنگ نامناسب ہے، کیونکہ یہ ایک یکطرفہ ہندوستانی بیانیہ پیش کرتی ہے اور ایسے وقت میں مخالفانہ جذبات کو ہوا دے سکتی ہے جب ہندوستان اور چین کے تعلقات میں پہلے ہی سختی کے آثار موجود ہیں۔‘‘ صرف میڈیا ہی نہیں، بلکہ چینی سوشل میڈیا صارفین نے بھی فلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے ویبو پر لکھا،’’جب تاریخ مختصر ہوتی ہے تو بالی ووڈ میدان میں آ جاتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’بارڈر ۲‘‘، ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ کا نام اب ’’گھر کب آؤ گے‘‘ ہوگا

جبکہ ایک اور صارف نے فلم کو ’’اوور دی ٹاپ اور حقائق کے منافی‘‘ قرار دیا۔ دوسری جانب، چین میں ہونے والی اس تنقید نے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بھی توجہ حاصل کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’جب بھارت میں کچھ لوگ محض ٹرولنگ میں مصروف ہیں، تب یہ ٹیزر وہاں اثر دکھا رہا ہے جہاں دکھانا چاہئے تھا۔ اب گلوبل ٹائمز خود ثابت کرے گا کہ اصل مسئلہ کہاں ہے۔ جئے ہند۔‘‘
ایک اور صارف نے ردِعمل ظاہر کیا کہ ’’اگر چینیوں کو پسند نہیں آیا، تو ہمیں ضرور پسند ہے۔‘‘ ایک تیسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’فلم کے گرد جوش و خروش غیر معمولی ہے۔ اب فلمسازوں کو پوسٹ پروڈکشن پر پوری توجہ دینی چاہئے۔ اثر پہلے ہی قائم ہو چکا ہے، دنیا بات کر رہی ہے۔ سلمان خان کی اسٹار پاور ایک بار پھر واضح ہو گئی ہے۔‘‘ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ سلمان خان چین میں اپنی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کیلئے جانے جاتے ہیں، جس نے وہاں محدود کامیابی حاصل کی تھی۔ چینی مارکیٹ کی بدولت اس فلم کی عالمی کمائی ۶۲۰؍ کروڑ روپے سے بڑھ کر ۹۱۸؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی۔ جہاں تک ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کا تعلق ہے، اس فلم میں چترانگدا سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی جبکہ یہ فلم ۱۷؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK