• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جارج کلونی، امل کلونی اور ان کے جڑواں بچے فرانسیسی شہری بن گئے

Updated: December 30, 2025, 8:01 PM IST | Paris

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جارج کلونی، ان کی اہلیہ امل کلونی اور ان کے آٹھ سالہ جڑواں بچے الیگزینڈر اور ایلا کو باضابطہ طور پر فرانسیسی شہریت دے دی گئی ہے۔ فرانسیسی قانونی دستاویزات کے مطابق، پورے خاندان کو نیچرلائزیشن آرڈر میں شامل کیا گیا۔ جارج کلونی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کی پرورش شہرت اور پاپرازی کے دباؤ سے دور، فرانس میں ایک سادہ اور متوازن زندگی کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا۔

George Clooney with his wife. Photo: INN
جارج کلونی اپنی اہلیہ کے ہمراہ۔ تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار جارج کلونی، ان کی معروف انسانی حقوق کی وکیل اہلیہ امل کلونی اور ان کے آٹھ سالہ جڑواں بچے الیگزینڈر اور ایلا اب باضابطہ طور پر فرانسیسی شہری بن چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایک فرانسیسی اخبار کی جانب سے سامنے آنے والی قانونی دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ پورے کلونی خاندان کو فرانسیسی شہریت دینے کا نیچرلائزیشن آرڈر جاری کیا گیا، جس میں چاروں افراد کے نام شامل ہیں۔ ۶۴؍ سالہ جارج کلونی گزشتہ کئی برسوں سے یورپ میں اپنی خاندانی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے رہے ہیں۔ امریکی میگزین پیپل کے مطابق، انہوں نے ماضی میں ایسکوائر کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ فرانس میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ایک فارم ہاؤس پر مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان ایک بہترین والد ہیں: شرمیلا ٹیگور کا بیٹے کے متعلق بیان

اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے جارج کلونی نے کہا کہ وہ خود ایک فارم پر پلے بڑھے تھے، تاہم اس وقت انہیں دیہی زندگی پسند نہیں تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’میری پرورش کا ایک بڑا حصہ ایک فارم پر ہوا، اور بچپن میں مجھے اس زندگی کا تصور ہی ناپسند تھا۔لیکن اب، جب میں والد بن چکا ہوں، میرے احساسات بالکل بدل چکے ہیں۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بچے ایک سادہ اور ذمہ دارانہ ماحول میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’بچے ہر وقت آئی پیڈ پر نہیں ہوتے۔ وہ بڑوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں، اپنے برتن خود اندر لے جاتے ہیں۔ ان کی زندگی کہیں بہتر ہے۔‘‘
جارج کلونی نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش ہالی ووڈ یا لاس اینجلس میں کیوں نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق، شہرت کے ساتھ آنے والا دباؤ بچوں کی ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا تھا کہ اگر وہ وہاں پلے بڑھے تو وہ کبھی عام زندگی سے جُڑ نہیں پائیں گے۔ فرانس میں لوگ شہرت کو کوئی خاص اہمیت نہیں دیتے۔ میں نہیں چاہتا کہ میرے بچے پاپرازی کے خوف میں جئیں یا کسی اور مشہور شخصیت کے بچوں سے موازنہ کئے جائیں۔‘‘ فرانس میں رہائش کے علاوہ، کلونی خاندان کے پاس انگلینڈ، اٹلی اور امریکہ کی ریاست کینٹکی میں بھی جائیدادیں موجود ہیں۔ اس کے باوجود، جارج کلونی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ فرانس ان کا مرکزی گھر بن جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کا لیک ٹیزر، ایم سی یو میں ’’ایکس مین‘‘ کی انٹری

یاد رہے کہ فروری ۲۰۲۵ء میں دی نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’کینٹکی میں پرورش پانے کے بعد، میں بس اس زندگی سے دور جانا چاہتا تھا۔ لیکن اب میں خود کو ایک بار پھر اسی زندگی میں واپس پاتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید کہا کہ ’’میں ٹریکٹر چلاتا ہوں، کھیتوں میں کام کرتا ہوں، یہ ایک عام زندگی کا بہترین موقع ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK