Updated: December 30, 2025, 7:03 PM IST
| Mumbai
رنبیر کپور کی سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر ہونے کا امکان ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق، فلم کی شوٹنگ مئی ۲۰۲۶ء تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے باعث اس کی ریلیز اب اگست یا ستمبر ۲۰۲۶ء میں متوقع ہے۔ اس فیصلے سے نتیش تیواری کی فلم ’’رامائن‘‘ کی ٹیم مایوس نظر آ رہی ہے، جو دونوں فلموں کے درمیان کم از کم چھ ماہ کا وقفہ چاہتی تھی۔
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اس وقت اپنے کریئر کے دو سب سے بڑے پروجیکٹس میں مصروف ہیں، ایک طرف سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ اور دوسری جانب نتیش تیواری کی میگا بجٹ فلم ’’رامائن۔‘‘ شائقین دونوں فلموں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق، ’’لو اینڈ وار‘‘ کی ریلیز ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ ابتدائی طور پر بھنسالی کی یہ فلم مارچ ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہونے والی تھی، جبکہ ’’رامائن‘‘ کو دیوالی ۲۰۲۶ء کے موقع پر سنیما گھروں میں لانے کا منصوبہ تھا۔ تاہم، بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، ’’لو اینڈ وار‘‘ کی شوٹنگ کا شیڈول بڑھا دیا گیا ہے، جس کے باعث اس کی ریلیز اب اگست یا ستمبر ۲۰۲۶ء تک جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کے ٹیزر پر چین میں ناراضی
رپورٹ کے مطابق، بھنسالی فلم کو عید ۲۰۲۶ء پر ریلیز کرنا چاہتے تھے، مگر شوٹنگ مئی ۲۰۲۶ء تک جاری رہنے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں رہا۔ اب فلم کی حتمی ریلیز تاریخ پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد اس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ ایک تفریحی پورٹل کے حوالے سے ایک ذریعے نے بتایا:’’رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل نے مئی ۲۰۲۶ء تک اپنے کیلنڈرز بلاک کر دیئے ہیں۔ شوٹنگ کے دنوں میں اضافے کی وجہ سے ان کے دیگر وعدے بھی مؤخر ہو گئے ہیں۔‘‘ اطلاعات کے مطابق، رنبیر کپور نے بھنسالی سے درخواست کی تھی کہ فلم کو جون ۲۰۲۶ء میں ریلیز کیا جائے، تاہم اب یہ ممکن نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق:’’جون میں ’’لو اینڈ وار‘‘ کی ریلیز کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اب فلم کو اگست یا ستمبر ۲۰۲۶ء میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔‘‘ اس فیصلے سے ’’رامائن‘‘ کی ٹیم کے بعض ارکان مایوس ہیں، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ دونوں فلموں کے درمیان کم از کم چھ ماہ کا وقفہ رکھا جائے تاکہ باکس آفس پر کسی قسم کا دباؤ نہ ہو۔ دوسری جانب، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ’’لو اینڈ وار‘‘ کی پہلی جھلک یا ٹیزر جنوری ۲۰۲۶ء میں جاری کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دھرو راٹھی جھانوی کپور تنازع: یوٹیوب تھمب نیل پر ہنگامہ جاری
’’رامائن‘‘ کے بارے میں اب تک کی تفصیلات
اس فلم میں رنبیر کپور رام کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ سائی پلوی سیتا کا کردار ادا کریں گی۔یش راون، سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔ اس کے علاوہ کاجل اگروال مندودری، رکول پریت سنگھ سرپنکھا، جبکہ ارون گوول، کنال کپور، آدیناتھ کوٹھارے، شیبا چڈھا اور اندرا کرشنن بھی فلم کا حصہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، فلم کی پہلی قسط کی ایڈیٹنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
’’لو اینڈ وار‘‘ پر رنبیر کپور کا مؤقف
اس سال کے آغاز میں ممبئی میں ایک ملاقات کے دوران رنبیر کپور نے کہا تھا کہ ’’’لو اینڈ وار‘‘ ہر اداکار کا خواب ہے۔ عالیہ اور وکی جیسے شاندار فنکاروں کے ساتھ اور سنجے لیلا بھنسالی جیسے ماسٹر کے ساتھ کام کرنا ایک نایاب تجربہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بھنسالی کے ساتھ کام کرنا جتنا مشکل ہوتا ہے، اتنا ہی تسلی بخش بھی، کیونکہ وہ فن، جذبات، موسیقی اور ہندوستانی اقدار کو گہرائی سے سمجھتے ہیں۔