• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیخ حسینہ کادسمبر میں بنگلہ دیش لوٹنے کا ا رادہ

Updated: November 17, 2026, 11:33 AM IST | Agency | Dhaka

اے ایف پی کو دئیے گئے ایک ای میل انٹرویو میں بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم نے کہا’’میں ان خطرات سے بخوبی آگاہ ہوں جن کا مجھے وطن واپسی پر سامنا ہو سکتا ہے لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور موت کی کوئی بھی دھمکی مجھے میرے اپنے ملک سے دور نہیں رکھ سکتی۔‘‘

Sheikh Hasina.Photo:INN
شیخ حسینہ۔ تصویر:آئی این این
 بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ نے جنہیں۲۰۲۴ء میں اقتدار سے معزولی کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی،  پیر کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ جان کے خطرے  کے باوجود دسمبر میں اپنے  وطن واپس جائیں گی۔اگست۲۰۲۴ء میں طلبہ کی زیر قیادت ایک عوامی احتجاج اور بغاوت کے نتیجے میں شیخ حسینہ کا۱۵؍ سالہ اقتدار ختم ہو گیا تھاجس کے بعد وہ ہندوستان فرار ہو گئیں اور تب سے روپوش ہیں ۔ گزشتہ برس بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے انہیں مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کے دوران خلافِ انسانیت جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی ۔ انہوں نے اے ایف پی کو ایک ای میل انٹرویو میں کہا’’میں ان خطرات سے بخوبی آگاہ ہوں جن کا مجھے وطن واپسی پر سامنا ہو سکتا ہے۔ لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور موت کی کوئی بھی دھمکی مجھے میرے اپنے ملک سے دور نہیں رکھ سکتی۔‘‘
حسینہ نے اپنے خلاف مقدمہ کی قانونی حیثیت کو مسترد کیا 
ان کا یہ اصرار ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیشی حکام نے کہا ہے کہ وطن واپسی پر انہیں سزائے موت دی جائے گی کیونکہ وہ سزا کے خلاف اپیل کرنے کی مقررہ مدت گذر جانے کے بعد اب مزید کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کر سکتیں۔۷۹؍ سالہ حسینہ نے بارہا اس مقدمے کی قانونی حیثیت کو مسترد کیا ہے۔ڈھاکہ نے ہندوستان سے ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ہندوستان نے کہا ہے کہ اس درخواست کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
 
 
حسینہ نے بنگلہ دیشی حکام کے مؤقف کو متضاد بتایا
شیخ حسینہ نے کہا’’مہینوں تک وہ میری واپسی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن اب جب کہ میں وطن واپسی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ مجھے واپس آنے دینے کے بجائے انہیں دھمکیاں دینے میں زیادہ دلچسپی ہے۔سچ کہوں تو بنگلہ دیشی حکام کے یہ متضاد بیانات بہت کچھ ظاہر کرتے ہیں۔‘‘
تجزیہ کاروں کا کیا کہنا ہے؟
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا وعدہ سیاسی اہمیت برقرار رکھنے، حامیوں کی وفاداری کو قائم اور اس جماعت کو زندہ رکھنے کی ایک کوشش ہے جو کبھی بنگلہ دیش کی سیاست پر حاوی تھی لیکن اب اس کی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ممکن ہے کہ وہ اس امکان پر بھی انحصار کر رہی ہوں کہ بنگلہ دیش کے بانی رہنما کی بیٹی ہونے کے ناطے ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کرنا حکومت کے لیے مشکل ہو سکتا ہے ۔شیخ حسینہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ان کی جماعت عوامی لیگ بنگلہ دیش میں حالیہ پیٹرول بم حملوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا اپنی واپسی کے انتظام کیلئےہندوستان سے مدد مانگنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’میں کسی دوسرے ملک سے اپنی حوالگی کا مطالبہ کیوں کروں گی جبکہ میں پہلے ہی اپنی مرضی سے واپس جانے کا فیصلہ کر چکی ہوں؟‘‘انہوں نے کہاکہ حوالگی کا معاملہ دو خود مختار ریاستوں کے درمیان ہوتا ہے۔ ہندوستان اپنے قوانین، پالیسیوں اور قومی مفادات کے مطابق اپنے فیصلے خود کرے گا۔
 بدعنوانی سمیت دیگر کئی الزامات کا سامنا 
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف۶۰۰؍ سے زائد جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ان کے وکلاء نے نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے ذریعے ان کے لیے بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں پہلے ہی دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے کی تیاریاں کر رہی ہوں۔ میں مرنا نہیں چاہتی۔ میں زندہ رہنا اور اپنے ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ لیکن اگر وطن واپسی کی قیمت موت ہے تو میں اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔
ہندوستان کا کیا کہنا ہے؟
شیخ حسینہ۵؍ اگست۲۰۲۴ءکو فوجی طیارے کے ذریعے ہندوستان پہنچی تھیں۔ ہندوستانی حکام کے مطابق اگر انہیں واپس  بنگلہ دیش بھیجاجاتا ہے تو اس کی ذمہ دار بنگلہ دیشی فوج ہوگی۔اس مقصد کیلئے بنگلہ دیش ایک فوجی طیارہ دہلی بھیج سکتا ہے یا انہیں سرحد پر لانے کیلئے اپنی فوج کا استعمال کر سکتا ہے۔ ہندوستان اس پورے عمل کے لیے ضروری انتظامات کرنے کے لیے تیار ہے۔ہندوستان چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ کو بحفاظت بنگلہ دیش پہنچایا جائے۔ واپسی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ہندوستان کے مطابق  بنگلہ  دیشی حکومت کا وفد یا پولیس کی ٹیم کے بجائے، فوج انہیں لینے آئے گی، لہٰذا فوج اس کی بحفاظت واپسی کی ذمہ دار ہوگی۔
 
 
بی بی سی بنگلہ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے شیخ حسینہ کی حوالگی کیلئے دوشرائط رکھی ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ بنگلہ دیشی فوج شیخ حسینہ کی واپسی کی ذمہ داری سنبھالے۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ انہیں فوجی طیارے کے ذریعے نئی دہلی سے ڈھاکہ پہنچایا جائے۔ اگست۲۰۲۴ءمیں جب وہ بنگلہ دیش سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوئیں تو فوجی طیارے کے ذریعے آئیں۔ دوسری شرط بنگلہ دیش میں ان کے خلاف زیر التوا قانونی مقدمات سے متعلق ہے۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت اس بات کی ضمانت دے کہ شیخ حسینہ کو اپنی سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہو اور جولائی۲۰۲۴ء میں ہونے والے قتل سے متعلق الزامات کے تحت ان کے خلاف نئے سرے سے مقدمہ چلایا جائے ۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے اس معاملے پر سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ حوالگی ایک قانونی معاملہ ہے اور اسی کے مطابق نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شیخ  حسینہ کی واپسی کا فیصلہ قانونی عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK