نومبر کا مہینہ جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس سال زیادہ ٹھنڈ پڑنے والی ہے۔ اس کے آثار بھی نظر آنے لگے ہیں۔ ممبئی شہر میں ٹھنڈی ہوا چلنے لگی ہے۔
بچوں کو سرد ہوا سے بچانے کیلئے ٹوپی اور موزے پہنائیں۔ تصویر:آئی این این
نومبر کا مہینہ جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس سال زیادہ ٹھنڈ پڑنے والی ہے۔ اس کے آثار بھی نظر آنے لگے ہیں۔ ممبئی شہر میں ٹھنڈی ہوا چلنے لگی ہے۔ موسم بدلتے ہی سب سے پہلے چھوٹے بچے متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ کچھ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ سردی کے موسم میں ہم چھوٹے بچوں کا خیال رکھ سکتے ہیں:
نیم گرم تیل سے بچوں کی مالش
نیم گرم تیل سے بچوں کی مالش کرنے سے بچوں کے جسم میں گرماہٹ آتی ہے۔ خون کا دوران بہتر ہوتا ہے اور بچے متحرک رہتے ہیں۔
نیم گرم پانی پلائیں
سردی کے موسم میں ہمیں چاہئے کہ جب بھی ہم چھوٹے بچوں کو پینے کے لئے پانی دیں وہ ہلکا نیم گرم ہو۔ اس سے پانی میں موجود بیکٹیریاز بھی ختم ہو جاتے ہیں اور بچوں کو حرارت بھی ملتی ہے جو ٹھنڈ سے بچاتی ہے۔
بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں
اس موسم میں یہ بہت زیادہ ضروری ہو جاتا ہے کہ بچوں کو سرد ہوا سے محفوظ رکھا جائے۔ بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں۔ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ بچوں کو ہمیں بہت زیادہ کپڑے نہیں پہنانے ہیں جس سے بچے کو بہت پسینہ آئے اور بچہ پریشان ہو جائے۔ بچوں کو نرم سوئٹر پہنائیں۔
ٹوپی موزے کا استعمال
اکثر بزرگ کہتے ہیں کہ بچوں کو سردی کان اور پاؤں کے تلوے سے جسم میں داخل ہوتی ہے اس لئے ہمیں بہت زیادہ ضروری ہو جاتا ہے کہ بچوں کے کان ٹوپی سے ڈھکے ہوئے ہوں اور پاؤں میں موزے پہنائیں۔
اجوائن کی پوٹلی
اجوائن کو بھون لیں اور کاٹن کے کپڑے میں باندھ کر ایک تھیلی بنا لیں۔ اسے بچے کے سرہانے یا ناک کے پاس رکھ دیں جس کی خوشبو سے بچے کی بند ناک کھل جائے گی اور بچے کو سانس لینے میں آسانی ہوگی اور وہ سکون سے سو سکے گا۔