Inquilab Logo

دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات منسوخ ،اب طلبہ کیا کریں ؟

Updated: April 22, 2021, 11:25 AM IST | Aamir Ansari

طلبہ کچھ دنوں کے آرام کے بعد اپنے آئندہ تعلیمی سفرکی منصوبہ بندی کریں، نئی مہارت و صلاحیت سیکھیں، انگریزی،اردو کے ساتھ دیگر زبانیں سیکھیں، جو نصاب اور کانسپٹ تھوڑا کمزور ہو اسے اچھی طرح سمجھیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

جماعت دہم کے طلباء و طالبات اور والدین کو کچھ اہم باتیں گوش گزار کرنا ہے۔دسویں جماعت کا سال ہر طالب علم کی تعلیمی زندگی کا ایک اہم سال ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی  وجہ یہ ہے کہ ہمارے تعلیمی نظام میں دسویں  کے اختتام پر اور اس کے نتائج کی بنیاد پر طالب علم کے مستقبل کی راہیں کھلتی ہیں اور نئے تعلیمی سفر کا آغازہوتا ہے۔
امسال دسویں بورڈ امتحان نہیں ہوں گے
 کووڈ۱۹؍ کے سبب پیدا شدہ موجودہ حالات نے ریاستی محکمہ تعلیم کو اس بات کیلئے  مجبور کر دیا ہے کہ امسال  ۲۱۔ ۲۰۲۰ء ایس ایس سی بورڈ امتحانات کو منسوخ کر دیا جائے۔  قبل ازیں یہ ماہ جون تک کیلئے  ملتوی کیا گیا   اور اب بالآخر منسوخ کردیا گیا ۔ریاستی وزیر تعلیم  ورشا گائیکواڑ نے یہ  اعلان اپنے ایک ویڈیو میسج میں کیا ہے۔  یہ بہت ہی غیر معمولی فیصلہ ہے۔ ہمارے خود کے چار دہائیوں کے تعلیمی سفر میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ بورڈ امتحان رد کردیئے گئے ہوں۔ موجودہ حالات میں اس فیصلے سے کئی طلبہ کوضرور راحت ملی ہوگی، ان کی خوشی کی وجہ یہ ہوسکتی ہے سال بھر اسکول نہ جانے کے بعد صرف امتحان کی غرض سے اسکول جانا مشکل پیدا کر رہا تھا توکئی اسلئے  بھی پریشان تھے کہ ان کی پڑھائی آن لائن طریقے سے بالکل بھی نہیں ہو سکی تھی۔ کئی اسکول کے سروے اور رپورٹس یہ بات ظاہر کرتے رہیں کہ آن لائن پڑھائی کے سلسلے میں طلبہ کی اوسط حاضری ۶۰؍سے ۶۵؍فیصد تک ہی رہی ، کچھ اسکولوں میں یقیناً حاضری کا فیصد بہتر رہا ہوگااور کچھ بہت زیادہ متاثر بھی۔لیکن وہیں کچھ طلبہ جنہوں نے سال بھر پڑھائی کی وہ ضرور اب تھوڑا پریشان نظر آرہے ہیں۔ اس غیر معمولی فیصلے کی وجہ ملک و ریاست میں بڑھتے کووڈ۱۹؍ کے کیسزہیں۔ جس سے پورا ملک خاص طور سے ہماری ریاست و شہر متاثر ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہر سال دسویں جماعت میں مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ سے تقریباً ۱۷؍ لاکھ سے زائد طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ بہرحال ،سال کے شروع سے ہی آن لائن طریقے سے پڑھائی جاری رکھنے کا نعرہ حکومت نے دیا اور الحمدللہ  تقریباً سارے اسکولس نے جون ۲۰۲۰کے آخری ہفتے سے یہ سلسلہ شروع کیا جو اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ ہر اسکو ل کے سبھی اساتذہ نے ہرممکن کوشش کی کہ کم از کم دسویں کے سارے  طلبہ آن لائن طریقہ تعلیم کی طرف راغب ہوں ۔ بہتر سے بہتر طریقے سے تمام اہم تصورات کو سمجھایا جاسکے اور اکتسابی عمل مزید آسان سے آسان ہوجائے۔ 
 سہولت اور رہنمائی کیلئے یہ اقدامات کئے گئے
 ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم نے اپنی جانب سے امسال تمام طلبہ کی بہتر طریقے سے رہنمائی کیلئے کئی اقدامات کئے، دکشا ایپ ، ای بال بھارتی ، سوادھیائے ، ماہانہ شیٹس ، ورک شیٹ ، تعلیمی ویڈیوز، ۲۵ ؍فیصد نصاب کو کم کرنا ، مضمون کے لحاظ سے رہنمائی ، امتحانات کیلئے  زیادہ وقت دینا ، سائنس پریکٹیکل اور اورل امتحان کی جگہ گھر کام کی سہولت،و دیگر گریڈ مضامین کے کام کو تحریری امتحان بعد اسکول میں جمع کرنے کی سہولت اس کے بعد امتحانات کی تاریخوں کو ملتوی کرنا اور پھر بالآخر امتحانات کو منسوخ کردینا۔طلبہ اس بات کا خیال رکھیں کہ محکمہ تعلیم نےامتحانات کو منعقد کرنے کی اپنے طور پر مکمل تیاری کر رکھی تھی اور وہ تیاری آج بھی ہے۔ ہمارے وہ طلبہ جنہوں نے اپنی پڑھائی کو نہایت سنجیدگی سے لیا اور سال بھر بہت سے مصائب و آلام کا سامنا کرتے ہوئےاپنی تعلیم کو جاری رکھاوہ تمام قابل مبارکباد ہیں۔ ہمیں پتہ ہےکئی طلبہ نے سال بھر بہت محنت کی ہے، اپنے اس اہم امتحان کا انتظار کر رہے تھے اور اچانک یہ خبر اب  بیشتر  طلبہ کو پریشان بھی کر رہی ہے کہ اب آگے کیا ہوگا؟ نتائج کااعلان کیسے ہوگا؟ ابھی ان تمام سوالات کا جواب ہمیں نہیں پتہ جلد ہی بورڈ اس سلسلے میں راہنما ہدایات جاری کرے گا اور صورتحال صاف ہوگی۔ 
 امسال  والدین نے بھی بورڈ امتحانات کے مدنظراپنے بچوں کیلئے بہت سے انتظامات کئے، اسمارٹ فون کا انتظام کیا، کئی والدین نے لیپ ٹاپ خریدا، کئی والدین نے اپنے بچوں کی آن لائن پڑھائی کی خاطر اپنا خود کا اسمارٹ فون گھر چھوڑ دیا اور خود سادہ فون استعمال کرنا گوارا کیا۔کئی والدین نے ٹیب اور دیگر کئی لوازمات خریدے کہ کسی بھی طرح ان کے بچوں کی پڑھائی کا نقصان نہ ہو۔ کچھ والدین ایسے بھی تھے جنہوں نے چھوٹے بچوں کی پڑھائی کا نقصان کیا اور دسویں جماعت کے بچوں کو پڑھنے کاموقع دیا۔کچھ نے پڑھائی کیلئے انفرادی نوعیت کے  ٹیوشن کا انتظام کیا۔ ایسے سارے والدین کو ہمارا سلام اور ایسےتمام والدین  اس بات کو یاد رکھیں کہ اپنے بچوں کے تئیں یہ تعلیمی فکر مندی ضرور رنگ لائے گی۔ کئی غیر سرکاری تنظیموں نے ، اساتذہ کی تنظیموں نے اور کئی اساتذہ نے انفرادی طور پر اپنے اپنے یو ٹیوب چینلس کے ذریعے ، سوالات جوابات کے پی ڈی ایف ، ویڈیوز کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی کی۔ ان تمام اساتذو سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کا بھی شکریہ ۔ یہ تعلیمی مواد جو جنگی پیمانے پر تیار کیا گیا ہے یہ یقیناً آئندہ کئی برسوں تک لاکھوں طلبہ کی رہنمائی  کا کام کرے گا۔ والدین نیز اساتذہ کی ان تمام کوششوں کے پیچھے اصل وجہ یہی تھی کہ دسویں بورڈ امتحان میںطلبہ کی بہتر کارکردگی ہوسکے۔ لیکن افسوس... موجودہ صورت حال نے حکومت کو اس بات کیلئے مجبور کر دیا ہے کہ فی الوقت اتنی بڑی تعداد میں امتحان کو منعقد کر کے لاکھوں طلبہ نیز  ہزاروں پر مشتمل عملہ کی جان کو جوکھم میں نہ ڈالا جائے۔ ان حالات میں امتحان منسوخ کرنے کے حکومت کے اس فیصلے کو قبول کریں۔ آئندہ  کچھ دنوں بعد نتائج کیسے ظاہر ہوں۔ داخلی جانچ کا انتظام کیسے ہوگا یہ سارے کام کی منصوبہ بندی محکمہ تعلیم کررہا ہے۔ سی بی ایس ای بورڈ اور تمام انٹرنیشنل بورڈز نے اپنے دسویں بورڈ کے امتحانات منسوخ کئے ہیں اور دیگر ریاستوں میں بھی کچھ ایسا کیا جارہا ہے۔ 
اب طلبہ کیا کریں؟
 امتحان منسوخ ہوگیا لہٰذا طلبہ  اب کچھ دنوں کیلئے آرام کریں اور اپنے آئندہ تعلیمی سفرکی منصوبہ بندی میں لگ جائیں۔ان شاءاللہ حالات جلد بہتر ہوں گے۔ آپ خوب ترقی کریں۔اعلیٰ تعلیم حاصل کریں ہم سب کی یہی دعا ہے اور نیک خواہشات ہیں۔ اپنے اندر بہتر قابلیت اور صلاحیت پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اس بات کو یاد رکھیں دو ہزار روپے کی نوٹ نئی ہو یا پرانی، میلی ہو یا مڑی ہوئی اس کی قیمت کم نہیں ہوتی اسی طرح آپ اپنے دسویں امتحانات کے مارکس کی فکر نہ کریں۔ آپ نے سالہا سال پڑھائی کی ہے۔ محنت کی ہے اور آگے بھی محنت کریں گے اسلئے نتائج کی فکر کئے بغیر مزید صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں۔آپ پتہ کریں کہ وہ کون ساعملی میدان ہے جس میں آپ بہترکارکردگی کر سکتے ہیں ۔یہ بھی ممکن ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں کئی اچھے کالجز آپ کیلئے کچھ مختلف اہلیتی اور مسابقتی امتحانات رکھیں اسلئے  یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی پڑھائی رائیگاں گئی۔بلکہ یہ ساری تعلیم اور آپ کی ذہن و سوچ کی تربیت آپ کے زندگی بھر کام آئے گی۔ پڑھائی جاری رکھیں۔جو بچے ایسا سمجھ کر خوش ہورہے ہیں لیجئے بغیر محنت کے پھل مل رہا ہے تو یہ سراسر نادانی ہے۔ آئندہ مراحل اتنے آسا ن نہیں جتنا وہ سمجھ رہے ہیں۔ یہ یاد رکھیں امسال کے نتیجہ یا رزلٹ شیٹ بھی آئندہ تمام برسوں سے مختلف ہو ، مارکس شیٹ پر کامیاب لکھا ہونا ایک کاغذی دستاویز کا تو کام کرے گا لیکن عملی دنیا میں آپ کیا جانتے ہیں ، کتنا جانتے ہیں وہ دیکھا اور پرکھا جائے گا۔اسلئے  اپنے اندر صلاحیتیں کو پروان چڑھائیں اب بھی بہت موقع ہے۔ 
ہنرمندی کے کورسیز کریں، انگریزی اور دیگر زبانیں سیکھیں
 جن طلبہ کو ہنر مندی کے کورسیز کرنا پسندہے وہ اب اس ہنر اور شعبہ کا پتہ لگائیں اور تعطیلات میں ہی اس شعبہ سے عملی طور جڑنے کی کوشش کریں۔ جنہیں تجارت و کاروبار پسند ہو تو چھوٹی موٹی ہی سہی اپنے کسی سرپرست کے زیر نگرانی تجارت سیکھیں۔ اردو و انگریزی زبان میں مہارت، خود اعتمادی کے ساتھ عام بول چال میں مہارت، کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم میں مہارت، مل جل کر کام کرنے کا ہنر، کچھ الگ کرنے کی چاہ اور لگاتار محنت کرنے کی عادت آپ کو بہت آگے لے جائے گی۔اپنے ذہن اور جسم دونوں کی حفاظت کریں۔حسب ضرورت باہر نکلیں۔ والدین کی خدمت کریں۔رب کی رضا کیلئے انسانی خدمت کا جذبہ ہمیشہ اندر باقی رکھیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK