میونسپل حدود میں کُل ۷؍ انتخابی دفاتر میں اسٹرانگ روم بنایا جائیگا جہاں ای وی ایم رکھی جائیںگی اور فریقین کی موجودگی میں اسے سیٖل کیا جائیگا۔
فرحان خان ہال میں سیمنٹ کی مضبوط دیواروں والا اسٹرانگ روم تیار کیا جا رہا ہے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے سلسلے میں میونسپل انتظامیہ اور پولیس محکمہ کی جانب سے تمام تر تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ انتخابی عمل کو شفاف اور محفوظ بنانے کیلئے میونسپل حدود میں کُل ۷؍ انتخابی دفاتر قائم کئے گئے ہیں جہاں ای وی ایم کی حفاظت کے لئے خصوصی اور مضبوط اسٹرانگ روم تیار کئے جا رہے ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق ۱۵؍ جنوری کو ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ای وی ایم کو سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ان اسٹرانگ روم میں محفوظ رکھا جائے گا، جبکہ ووٹوں کی گنتی ساتوں علیحدہ علیحدہ انتخابی دفاتر میں انجام دی جائے گی۔
میونسپل کمشنر و چیف الیکشن آفیسر انمول ساگر نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق ساتوں انتخابی دفاتر میں انتخابی افسران، معاون انتخابی افسران سمیت دیگر ذمہ دار افسران کی تقرری مکمل کر لی گئی ہے۔ ہر انتخابی دفتر میں ای وی ایم کے لئے علیحدہ اور محفوظ اسٹرانگ روم قائم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملت نگر میں واقع فرحان خان ہال، بھادوڑہ کے سمپدا نائک ہال، کامت گھر کے ورالا دیوی ماتا ہال، شاہ محمد ہال اور کومبڑ پاڑا کے راجیا گاجینگی ہال سمیت مجموعی طور پر ۷؍ مقامات پر انتخابی دفاتر قائم کئے گئے ہیں جہاں بیلٹ مشینوں کی حفاظت کیلئے خصوصی اسٹرانگ روم تعمیر کئے جا رہے ہیں۔سیکوریٹی کے نقطۂ نظر سے اسٹرانگ روم کو اینٹ اور سیمنٹ کی مضبوط دیواروں کے ذریعے ۳؍ اطراف سے مکمل طور پر بند کیا جا رہا ہے جبکہ داخلے کے لئے صرف ایک راستہ رکھا گیا ہے۔ ووٹنگ کے بعد ای وی ایم کے بکسے رکھنے کے بعد اسٹرانگ روم کو تمام متعلقہ فریقین کی موجودگی میں سیٖل کیا جائے گا اور اس کے اطراف سخت پولیس سیکوریٹی تعینات رہے گی۔
میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر شری کانت پردیشی نے بتایا کہ ملت نگر کے فرحان خان ہال کی پہلی منزل پر ای وی ایم کے بکسوں کے لئے سیمنٹ کی دیواروں والا اسٹرانگ روم تیار کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اسی طرز پر دیگر تمام انتخابی دفاتر میں بھی اسٹرانگ روم کی تیاری جاری ہے۔